۷۔ سورۃ الأعراف

تفسیر صغیر, حصہ 16

اور اللہ کی بہت سی اچھی صفات ہیں۔ پس تم ان کے ذریعہ سے اس سے دعائیں کیا کرو اور ان لوگوں کو چھوڑ دو جو اس کی صفات کے بارہ میں غلط (اور خیالی) باتیں کرتے ہیں۔ ان کو اپنے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا۔

اور جو مخلوق ہم نے پیدا کی ہے اس میں سے ایک گروہ ایسا ہے جو حق کے ذریعہ سے (لوگوں) کو ہدایت دیتا ہے اور حق کے ذریعہ سے (دنیا میں) انصاف کرتا ہے۔

اور وہ لوگ جو ہماری آیتوں کو جھٹلاتے ہیں ہم ان کو آہستہ آہستہ ایسے راستوں سے جن کو وہ جانتے نہیں (ہلاکت کی طرف) کھینچتے لائیں گے۔

اور میں انہیں (سردست) ڈھیل دے رہا ہوں، میری تدبیر بڑی مضبوط ہے۔

کیا وہ یہ نہیں سوچتے کہ ان کے صاحب (یعنی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم) کو جنون نہیں ہے۔ وہ تو صرف ایک کھلا کھلا ہوشیار کرنے والا ہے۔

کیا وہ آسمانوں اور زمین کی بادشاہت پر غور نہیں کرتے اور ہر اس چیز پر جس کو اللہ نے پیدا کیا ہے (اور اس بات پر بھی کہ) شاید ان کی تباہی کی مدت قریب آگئی ہو پھر وہ اس کھلی بات کے بعد کس بات کے ذریعہ ایمان لائیں گے۔

جس کو اللہ گمراہ قرار دے اس کو ہدایت دینے والا کوئی نہیں اور وہ ان کو اپنی سرکشیوں[1] میں بہکتے ہوئے چھوڑ دیتا ہے۔

[1] یعنی جو سرکشی کرتا ہے اُسے ہدایت نہیں دیتا مگر جو توبہ کرتا ہے اُسے ہدایت دیتا ہے۔

(اے رسول)! تیرے مخالف تجھ سے قیامت کے متعلق سوال کرتے ہیں کہ وہ کب آئے گی، تو کہہ دے کہ اس کا علم صرف میرے رب کو ہے اس کو اپنے وقت پر صرف وہی ظاہر کرے گا (ہاں) وہ بھاری ہوگی آسمانوں میں بھی اور زمین میں بھی (اور) تمہارے پاس صرف اچانک آئے گی۔ وہ تجھ سے قیامت کے متعلق اس طرح سوال کرتے ہیں گویا تجھے بھی اس کے وقت کی دریافت کی لو لگی ہوئی ہے۔ تو کہہ دے (میرے لئے تو اتنا کافی ہے) کہ اس کا علم صرف اللہ کو ہے لیکن اکثر لوگ اسے جانتے نہیں۔

(پھر) تو کہہ دے کہ میں اپنی جان کے لئے نہ کسی نفع کا مالک ہوں نہ نقصان کا۔ ہاں! (مجھ کو وہی پہنچے گا) جو اللہ چاہے گا اور اگر میں غیب کا واقف ہوتا، تو بھلائیوں میں سے اکثر اپنے لئے جمع کر لیتا اور مجھے کبھی کوئی تکلیف نہ پہنچتی۔ مگر میں تو صرف مومنوں کے لئے ہشیار کرنے والا اور خوش خبری دینے والا ہوں۔

وہی ہے جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا ہے اور اسی کی قسم سے اس کا جوڑا بنایا ہے تا کہ وہ اس کی طرف رغبت کرکے سکون پائے۔ پس جب وہ اسے ڈھانپ لیتا ہے تو وہ خفیف سا بوجھ اٹھا لیتی ہے اور اسے لیے پھرتی ہے پھر جب وہ (کچھ) بوجھل ہو جاتی ہے دونوں (مرد و عورت) اپنے اللہ سے جو ان کا رب ہے دعا کرتے ہیں کہ اگر تو ہم کو ایک تندرست بچہ دے گا تو ہم شکر گذار بندے بن جائیں گے۔

مگر جب وہ ان کو تندرست بچہ عطا کرتا ہے تو وہ دونوں اس اولاد میں جو خدا نے ان کو دی ہوتی ہے اس کے شریک مقرر کرنے لگ جاتے ہیں۔ اور اللہ ان کے شرک کرنے سے بہت بالا ہے۔

کیا وہ ان کو (خدا کا) شریک قرار دیتے ہیں جو کچھ بھی پیدا نہیں کرتے بلکہ خود پیدا کیے جاتے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی