۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 3
(تب اللہ نے) فرمایا۔ تم سب کے سب یہاں سے چلے[3] جاؤ۔ تم میں سے بعض بعض کے دشمن ہوں گے اور تمہارے لئے اسی زمین میں ٹھکانا[4] ہوگا اور کچھ مدت تک فائدہ اٹھانا (مقدر) ہوگا۔
[3] اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلے جن شیطانوں کا ذکر ہے وہ انسان ہی تھے کیونکہ اس آیت سے ثابت ہے کہ انسانوں اور شیطانوں کو اکٹھے نکلنے کا حکم تھا اور یہ خبر دی گئی تھی کہ وہ ایک دوسرے کی دشمنی کرتے رہیں گے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ اس دنیا میں انسان ہی نظر آتے ہیں شیطان تو ہم کو نظر نہیں آتے۔ پھر اس دنیا میں انسان ہی انسانوں سے دشمنیاں کر رہے ہیں، شیطانوں کا کوئی الگ گروہ نظر نہیں آتا جو انسانوں سے دشمنیاں کرتا ہو۔
[4] یہ آیت بھی بتاتی ہے کہ یہاں انسانوں ہی کا ذکر ہے اور ابلیس اور اس کے اتباع سے مراد بھی بعض قسم کے انسان ہیں کیونکہ فرماتا ہے کہ انسان ابلیس اور اس کے اتباع اسی دنیا میں رہیں گے اور اسی دنیا میں کام کریں گے اور اس دنیا میں رہنے والے اور کام کرنے والے آدمی ہی آدمی نظر آتے ہیں۔
(پھر) فرمایا، اسی زمین میں تم زندہ رہو گے اور اسی میں تم مرو گے اور اسی میں سے تم نکالے[1] جاؤ گے۔
[1] اس آیت سے ثابت ہوتا ہے کہ کوئی انسان اس زمین سے باہر نہیں جا سکتا اور نہ آسمان پر جا سکتا ہے۔ جیسا کہ غلطی سے لوگ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت ادریس علیہ السلام کے متعلق یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ وہ آسمان پر چلے گئے۔ اگر وہ دونوں آسمان پر بیٹھے ہیں تو یا تو یہ آیت غلط ہے کہ تم اسی زمین میں زندہ رہو گے یا پھر عیسیٰ اور ادریس انسان نہیں تھے۔ اس آیت سے یہ بھی ثابت ہے کہ عیسیٰ اور ادریس اور تمام ایسے انسان جن کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ آسمان پر ہیں، اسی زمین میں زندگی بسر کریں گے اسی میں دفن ہوں گے اور اس میں سے پھر زندہ ہو کر اٹھیں گے۔
اے آدم کی اولاد! ہم نے تمہارے لئے ایک ایسا لباس پیدا [2]کیا ہے جو تمہاری چھپانے والی جگہوں کو چھپاتا ہے اور زینت (کا موجب بھی) ہے اور تقویٰ کا لباس (تو) سب سے بہتر لباس ہے۔ یہ (لباس کا حکم) اللہ کے احکام سے ہے تا کہ تم نصیحت حاصل کرو۔
[2] اَنْزَلْنَا قرآن مجید میں پیدا کرنے کے معنے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ اس بات پر دلالت کرنے کے لئے کہ وہ چیز خداتعالیٰ کے حکم سے ظاہر ہوئی ہے جیسا کہ اس آیت میں فرماتا ہے۔ اَنْزَلْنَا الْحَدِیْدَ (سورۃ الحدید: ۲۹) اسی طرح فرماتا ہے قَدْ اَنْزَلَ اللّٰہُ اِلَیْکُمْ ذِکْرًا رَّسُوْلًا (طلاق: ۱۱،۱۲) کہ اللہ نے تم پر رسول اتارا ہے۔ حالانکہ مراد یہ ہے کہ رسول پیدا کیا ہے۔
اے آدم کے بیٹو! شیطان تم کو (اللہ کی راہ سے) بہکا نہ دے جس طرح اس نے تمہارے والدین کو جنت سے نکالا تھا، ان دونوں سے ان کا لباس اس نے چھین لیا تھا تا کہ ان پر ان کی چھپانے والی چیزیں ظاہر کردے وہ اور اس کا قبیلہ[3] تم کو وہاں سے دیکھتے ہیں جہاں سے تم ان کو نہیں دیکھتے۔ ہم نے شیطانوں کو کافروں کا دوست بنایا[4] ہے۔
[3] یعنی شیطان کی ذریت اس دنیا میں بہت چالاکی سے کام لیتی ہے۔ اور مومنوں کو تاڑتی رہتی ہے۔ تا ان کے اعمال کو بگاڑ کر مشہور کرے اور لوگوں کو ان کا دشمن بنا دے۔
[4] یعنی کافر تعلیم دیتے ہیں کہ باپ دادوں کی باتوں پر جمے رہو، عقل سے کام نہ لو۔
اور جب وہ (کافر) کوئی برا کام کرتے ہیں تو کہتے ہیں ہم نے اپنے باپ دادوں کو اسی پر پایا تھا اور اللہ نے اسی کا ہم کو حکم دیا ہے۔ تو کہہ دے اللہ کبھی بری باتوں کا حکم نہیں دیتا۔ کیا تم اللہ کے متعلق وہ باتیں جھوٹے طور پر کہتے ہو جو تم جانتے نہیں۔
تو کہہ دے میرے رب نے مجھے انصاف کا حکم دیا ہے اور یہ کہ ہر مسجد کے پاس اپنی توجہ درست کر لیا کرو اور اللہ[1] کی عبادت کو خالص اسی کا حق قرار دیتے ہوئے اسی کو پکارو، جس طرح اس نے تم کو شروع کیا تھا۔ پھر ایک دن تم اسی حالت کی طرف لوٹو گے۔
[1] اس آیت میں جہاں ضمیر کا لفظ تھا ہم نے اس کی بجائے ترجمہ اسم ظاہر ’’اللہ‘‘ لکھا ہے۔ تا اردو کے لحاظ سے ترجمہ درست ہو سکے۔
ایک فریق کو اس نے ہدایت دی لیکن ایک اور فریق ہے جس پر گمراہی واجب ہو گئی ہے (یعنی وہ گمراہی کا مستحق ٹھہرا ہے) انہوں نے اللہ کو چھوڑ کر شیطانوں کو اپنا دوست بنا لیا ہے اور وہ خیال کرتے ہیں کہ وہ ہدایت پا گئے ہیں۔
اے آدم کے بیٹو! ہر مسجد کے قریب زینت[2] (کے سامان) اختیار کر لیا کرو اور کھاؤ اور پیئو اور اسراف نہ کرو، کیونکہ وہ (اللہ) اسراف [3]کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
[2] یعنی مسجد جانے سے پہلے ہی اپنے دلوں کو پاک کر لیا کرو۔ اور ظاہری صفائی کپڑوں اور بدن کی بھی کر لیا کرو۔
[3] مسجد کے ساتھ بظاہر کھانے پینے اور اسراف کا جوڑ نہیں پھر مسجد کے ذکر کے ساتھ یہ ذکر کیوں کیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عبادات صحیح عمل کی توفیق دیتی ہیں۔ پس بتایا کہ عبادت کو ٹھیک کرو۔ تا صحیح عمل کی توفیق ملے جس میں سے ایک بڑی تعلیم یہ ہے کہ کھانے پینے میں اسراف سے کام نہ لو۔
تو کہہ دے کہ اللہ کی اس زینت کو جس کو اس نے اپنے بندوں کے لئے نکالا ہے، کس نے حرام کیا [4]ہے؟ اسی طرح رزق میں سے پاکیزہ چیزوں کو بھی (کس نے حرام کیا [5]ہے) تو کہہ دے یہ تو (اصل میں) اس دنیا میں (بھی) مومنوں کے لئے ہیں اور قیامت کے دن صرف ان کے لئے ہی ہوں گی۔ اسی طرح ہم اپنے نشانات کو علم والے لوگوں کے لئے کھول کر بیان کرتے ہیں۔
[4] مراد یہ ہے کہ کھانے پینے اور پہننے میں غلاظت استعمال کرنا اسلام کے حکم کے خلاف ہے یہ مسیحیوں اور مشرکوں کی تعلیم تھی۔ قرآن مجید فرماتا ہے خداتعالیٰ گندہ رہنے کا حکم نہیں دے سکتا۔ اس کا حکم تو صفائی کے حق میں ہوتا ہے۔
[5] ہندوؤں اور عیسائیوں کا عقیدہ ہے کہ ولی اللہ لوگ عمدہ غذا کبھی نہیں کھاتے۔ حالانکہ اسلام کہتا ہے کہ پاکیزہ غذائیں سب مومنوں کے لئے جائز ہیں۔ کیونکہ خداتعالیٰ نے اسی لئے ان کو پیدا کیا ہے۔
تو کہہ دے میرے رب نے صرف بُرے اعمال کو خواہ [1]وہ ظاہر ہوں یا چُھپے ہوئے اور گناہ کو اور بغیر حق کے سرکشی کو حرام کیا ہے اور اس بات کو کہ تم اللہ کے ساتھ کسی ایسے وجود کو جس کے لئے اس (اللہ) نے کوئی دلیل نہیں اتاری شریک قرار دو، اور اس بات کو بھی (حرام قرار دیا ہے) کہ تم اللہ پر ایسے جھوٹے الزام لگاؤ، جن کو تم جانتے نہیں۔
[1] عربی کا محاورہ ہے ’’ان میں سے ظاہر ہوں یا چھپے‘‘ لیکن اردو میں کہتے ہیں ’’خواہ ظاہر ہوں یا چھپے‘‘ ہم نے اردو محاورہ کے مطابق ترجمہ کیا ہے۔ کیونکہ دونوں کا مفہوم ایک ہے۔
اور ہر قوم کے لئے ایک (خاتمہ کا) وقت [2]مقرر ہے پس جب ان (کے خاتمہ) کا وقت آجائے تو وہ نہ اس سے ایک گھڑی پیچھے رہ سکتے ہیں اور نہ (ایک گھڑی) آگے بڑھ سکتے ہیں۔
[2] یہ مطلب نہیں کہ تقدیر سے مدّت مقرر کر دی ہے بلکہ تقدیر نے اعمال مقرر کر دئیے ہیں جن سے قوم کی عمر گھٹتی یا بڑھتی ہے۔ جب نیک اعمال سے قوم ہٹے گی تو وہ تباہ ہو جائے گی۔ پس مدّت سے مراد وہ قانون ہے جس کے ماتحت مدت لمبی یا چھوٹی ہوگی ہے۔
اے آدم کے بیٹو! اگر تمہارے پاس تم میں سے رسول بنا کر بھیجے جائیں اس طرح کہ وہ تمہارے سامنے میری آیات پڑھ کر سناتے ہوں تو جو لوگ تقویٰ اختیار کریں اور اصلاح کریں ان کو (آئندہ کے لئے) کسی قسم کا خوف نہ ہوگا، اور نہ وہ (ماضی کی کسی بات پر) غمگین ہوں گے۔