۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور وہ لوگ جو ہماری آیتوں کا انکار کرتے ہیں اور ان سے تکبر کرکے اعراض کرتے ہیں وہ دوزخی ہیں وہ اس (دوزخ) میں ایک لمبا عرصہ پڑے رہیں گے۔
پس (بتاؤ کہ) اس سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے جو اللہ پر جھوٹ[1] (بول کر) افترا کرتا ہو، یا جس نے اللہ کی آیتوں کی تکذیب کی ہو، ان لوگوں کو مقررہ سزا میں سے اپنا حصہ پہنچتا رہے گا یہاں تک کہ جب ان کے پاس ہمارے فرشتے ان کی جانیں نکالنے کے لئے آجائیں گے تو وہ کہیں گے کہ وہ (شریک) کہاں ہیں جن کو تم اللہ کے سوا پکارتے تھے، اس وقت یہ لوگ جواب دیں گے کہ وہ تو ہم سے غائب ہو گئے اور وہ اپنے آپ پر خود گواہی دیں گے کہ وہ منکروں میں شامل تھے۔
[1] افتراء سچا بھی ہوتا ہے اور جھوٹا بھی۔ سچا اس حالت میں کہ جو بات ایک شخص کسی کی طرف منسوب کرتا ہے وہ ہو تو سچی مگر قائل نے وہ بات نہ کہی ہو۔ اور جھوٹا اس صورت میں کہ جو بات قائل کی طرف منسوب کی جائے ہو بھی جھوٹی اور قائل نے کہی بھی نہ ہو۔
(تب اللہ ان سے) کہے گا جاؤ جاکر آگ میں ان امتوں کے ساتھ شامل ہو جاؤ جو تم سے پہلے جنوں اور انسانوں میں سے گزر چکی ہیں۔ جب کوئی قوم (آگ میں) داخل ہوگی تو (اپنے سے پہلی) بہن (یعنی قوم) کو لعنت کرے گی، یہاں تک کہ جب سب اس (آگ) میں داخل ہوچکیں گے تو ان میں سے آخری (داخل ہونے والی جماعت) اپنے سے پہلی کے متعلق کہے گی اے ہمارے رب ان لوگوں نے ہم کو گمراہ کیا۔ پس تو ان کو دوزخ میں کئی گنے زیادہ عذاب دے (اس پر وہ) فرمائے گا، سب کو ہی زیادہ عذاب مل[2] رہا ہے لیکن تم جانتے نہیں۔
[2] عذاب ہمیشہ زیادہ ہی معلوم ہوا کرتا ہے۔ حتّٰی کہ ہر بیمار سمجھتا ہے کہ شاید میری بیماری زیادہ ہے اور دوسرے کی کم۔
اور (اس پر) ان میں سے پہلی قوم اپنے سے پچھلی قوم کو کہے گی، تم کو ہم پر کوئی فضیلت نہیں تھی (کہ تم کو کم عذاب دیا جائے) پس تم اپنے اعمال کی وجہ سے عذاب چکھو۔
وہ لوگ جنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا ہے اور تکبر کرکے ان سے اعراض کیا ہے ان کے لئے آسمان کے دروازے نہیں کھولے جائیں گے اور وہ جنت میں داخل نہیں ہوں گے یہاں تک کہ اونٹ سوئی کے ناکہ میں داخل[1] ہو اور ہم مجرموں کو اسی طرح جزا دیتے ہیں۔
[1] یعنی جنت میں داخل ہونا ان کے اعمال کے سبب سے ناممکن نظر آئے گا۔ ہاں خداتعالیٰ کا رحم کرنا الگ بات ہے۔
(اور) ان کے لئے بچھونا بھی جہنم ہی سے ہوگا اور ان کے اوپر بھی اوڑھنے اس (جہنم) ہی میں سے ہوں گے اور اسی طرح ہم ظالموں کو جزا دیتے ہیں۔
اور جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کئے ہیں (ان کو یاد رہے کہ) ہم کسی جان پر اس کی طاقت سے زیادہ ذمہ داری نہیں ڈالتے۔ وہ (لوگ) جنت (میں داخل ہونے) والے ہیں (اور) اس میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے۔
اور ہم ان جنتیوں کے سینے میں سے (ایک دوسرے کے متعلق) سب کدورت نکال پھینکیں گے اور نہریں ان کے قبضہ اور تصرف میں بہتی[2] ہوں گی اور وہ کہیں گے سب تعریف کا اللہ ہی مستحق ہے جس نے ہم کو اس (بہشت) کا راستہ دکھایا اور اگر اللہ ہمیں اس کا راستہ نہ دکھاتا تو ہم کبھی بھی (اس کا) راستہ نہیں پا سکتے تھے۔ ہمارے رب کے رسول یقیناً سچ لیکر ہمارے پاس آئے تھے اور انہیں بلند آواز سے کہدیا جائے گا کہ یہ وہ جنت ہے جس کا تمہیں تمہارے اعمال کی وجہ سے وارث کیا گیا ہے۔
[2] یعنی دنیا کی نہر تو بڑے زمیندار یا حکومت کی ہوتی ہے۔ اگلے جہان میں ہر جنتی کا اس کو پانی دینے والی نہر پر قبضہ ہوگا۔
اور جنتی لوگ دوزخیوں سے کہیں گے کہ ہم سے ہمارے رب نے جو وعدہ کیا تھا اس کو تو ہم نے سچا پالیا، کیا تم نے بھی اس وعدہ کو جو تمہارے رب نے کیا تھا سچا پایا ہے اس پر (دوزخی) کہیں گے، ہاں! (ہاں) پس ایک پکارنے والا ان کے درمیان زور سے پکارے گا۔ کہ ان ظالموں پر خدا کی لعنت ہو۔
جو اللہ کے راستہ سے (لوگوں کو) روکتے تھے اور اس راستہ میں کجی تلاش کرتے تھے اور وہ ساتھ ہی بعد میں آنے والی (زندگی) کے منکر تھے۔
اور ان دونوں (یعنی دوزخیوں اور جنتیوں) میں ایک روک ہوگی اور اعراف [1]پر کچھ لوگ ہوں گے جو کہ سب کو ان کے چہروں کی نشانیوں سے پہچانتے ہوں گے اور وہ جنتیوں کو (دیکھ کر) پکاریں گے (اور کہیں گے) تم پر سلامتی ہو، وہ (مخاطب جنتی عملاً) ابھی جنت میں داخل نہ ہوئے ہوں گے لیکن جنت میں جانے کی توقع رکھتے ہوں گے۔
[1] علماء سابق نے اعراف کے معنے بغیر کسی سند کے ایسے مقام کے کیے ہیں جس میں درمیانی درجہ کے مومن ہوں گے۔ مگر قرآنی سیاق و سباق سے پتہ لگتا ہے کہ یہ غلط ہے۔ اعراف پر کامل مومن ہوں گے جیسا کہ ان کے قول سے ظاہر ہے کہ وہ دوسرے جنتیوں سے کہتے ہیں کہ جاؤ جنت میں داخل ہو جاؤ۔ جو شخص آپ خطرہ میں ہو اسے دوسروں کا خیال کیسے آسکتا ہے۔ یہ غلطی مفسرین کو اس سے لگی ہے کہ انہوں نے وَھُمْ یَطْمَعُوْنَ کو اصحاب الاعراف کے متعلق سمجھا ہے حالانکہ یہ عبارت ان دوسرے جنتیوں کے متعلق ہے جو ابھی جنت میں داخل نہ ہوئے تھے۔
اور جب ان (جنتیوں) کی نظریں دوزخیوں کی طرف پھرائی جائیں گی تو وہ کہیں گے، اے ہمارے رب! ہم کو ظالم قوم میں سے مت بنائیو!