۷۔ سورۃ الأعراف

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور اعراف والے لوگ کچھ (دوزخی) لوگوں کو جنہیں وہ ان کے چہرہ کے نشانوں سے پہچانتے تھے کہیں گے کہ نہ تمہاری تعداد نے تم کو کوئی فائدہ پہنچایا۔ اور نہ ہی (تمہارے ان دعووں نے) جن کی بنا پر تم تکبر کرتے تھے۔

(پھر جنتیوں کی طرف اشارہ کرکے دوزخیوں سے کہیں گے کہ) کیا یہ وہی لوگ ہیں جن کے متعلق تم قسمیں کھا کر کہا کرتے تھے کہ اللہ کبھی ان سے رحمت کا معاملہ نہیں کرے گا۔ (پھر ان جنتی لوگوں کو جو جنت میں داخل ہونے کے انتظار میں کھڑے ہوں گے اللہ کہے گا کہ) جاؤ تم جنت میں داخل ہو جاؤ۔ نہ تو تم کو (آئندہ کے متعلق) کوئی خوف[1] لاحق ہوگا اور نہ تمہیں ماضی کا کوئی واقعہ ملول کرے گا۔

[1] خوف کے معنے عربی میں آئندہ کے کسی خطرہ کے ڈر کے ہوتے ہیں اور حُزن کے معنے کسی ماضی کے واقعہ کے دل پر بوجھ یا غم کا اثر ہونے کے ہوتے ہیں۔

اور دوزخی لوگ جنتیوں کی طرف مخاطب ہو کر کہیں گے کہ ذرا کچھ پانی ہماری طرف بھی پھینکو یا جو کچھ تمہیں اللہ نے دیا ہے، اس میں سے ہمیں بھی کچھ دو (اس پر جنتی) کہیں گے اللہ نے یہ دونوں چیزیں کافروں پر حرام کر دی ہیں۔

(ایسے کافر) جنہوں نے اپنے دین کو ہنسی اور کھیل بنا رکھا تھا اور دنیوی زندگی نے انہیں دھوکا میں ڈال رکھا تھا پس آج (خدا ان سے کہتا ہے کہ) ہم بھی ان کو چھوڑ[2] دیں گے جس طرح انہوں نے اپنے اس دن کے ملنے (کے خیال) کو بالکل چھوڑ رکھا [3]تھا، اور بوجہ اس کے کہ وہ ہماری آیتوں کا بضد انکار کرتے تھے۔

[2] نَسِیَ کے معنے عربی زبان میں بھول جانے کے علاوہ تَرَکَ کے بھی ہوتے ہیں یعنی چھوڑ دیا۔ (اقرب)

[3] یعنی اس کے لئے کوئی تیاری نہ کرتے تھے۔

اور ہم نے ان کو ایک عظیم الشان کتاب دی ہے جسے ہم نے علم کی بنا پر خوب کھول کر بیان کیا ہے (اس حال میں کہ) وہ مومن لوگوں کے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔

کیا (آج) یہ لوگ اس کتاب کی (مذکورہ باتوں کی) حقیقت (کے کھلنے) کا انتظار کر رہے ہیں جس دن اس کی حقیقت واضح ہو جائے گی۔ وہ لوگ جنہوں نے (اس سے) پہلے اس کو ترک کر دیا تھا، کہیں گے ہمارے رب کے رسول جو کچھ کہتے تھے سچ کہتے تھے پس کیا ہمارے کوئی شفیع ہیں جو ہماری شفاعت کریں یا (کیا ممکن ہے کہ) ہمیں پھر دنیا میں لوٹا دیا جائے تو ہم جو کچھ (برے) عمل کرتے تھے ان کی جگہ دوسرے (نیک) عمل کرنے لگ جائیں وہ لوگ (جن کا اوپر ذکر ہو چکا ہے) یقیناً گھاٹے میں پڑ گئے ہیں (اور اپنی جانوں کو بھی انہوں نے گھاٹے میں ڈال دیا) اور جو باتیں وہ اپنے دل سے بنا کر کہا کرتے تھے (آج) ان سے کھوئی گئیں۔

تمہارا رب یقیناً اللہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ وقتوں میں پیدا کیا ہے پھر (اس کے بعد) وہ (حکومت کے) تخت پر مضبوطی سے قائم ہو گیا وہ رات کو دن پر ڈھانکتا ہے، جو اسے جلدی سے پکڑنا چاہتی[1] ہے اور سورج کو اور چاند کو اور ستاروں کو اس نے اس طرح پیدا کیا ہے کہ وہ سب اس کے حکم کے ماتحت (بغیر کسی تنخواہ کے انسان کے) کام کر رہے[2] ہیں۔ سنو، پیدا کرنا بھی اسی کا کام ہے، اور قانون بنانا بھی (اسی کا کام ہے) اللہ بہت برکت والا ہے جو سارے جہانوں کا رب ہے۔

[1] یعنی نظامِ شمسی اس طرح چلتا ہے کہ یوں معلوم ہوتا ہے کہ جیسے سورج چاند کو پکڑ رہا ہے اور چاند سورج کو پکڑ رہا ہے یعنی تیز رفتاری سے دونوں چکر لگا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں رات اور دن پیدا ہوتے ہیں۔

[2] سَخَّرَ کے معنے ہوتے ہیں کَلَّفَہٗ عَمَـلًا بِلَا اُجْرَۃٍ بغیر تنخواہ یا وظیفہ کے کام کرے۔ (اقرب)

تم اپنے رب کو گڑگڑا [1]کر بھی اور چپکے چپکے بھی پکارو، یقیناً وہ حد سے گزرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

[1] ظاہر دعا کے لئے گڑگڑانے کا لفظ استعمال کیا کیونکہ ظاہر دعا میں ہی انسان بناوٹ کرتا ہے لیکن خفیہ دعا میں بناوٹ نہیں کرتا۔ اس لئے خفیہ دعا کے لئے گڑگڑانے کی شرط نہیں لگائی کیونکہ جو خفیہ دعا کرے گا وہ عاجزانہ ہی کرے گا۔ اسے کسی بناوٹ کی ضرورت نہیں۔

اور زمین میں اس کی اصلاح کے بعد فساد نہ کرو اور اس (خدا) کو خوف اور طمع کے ساتھ پکارو، اللہ کی رحمت یقیناً محسنوں[1] کے قریب ہے۔

[1] مُحْسِن کے معنے ہیں جو تمام شرائط کے ساتھ کام کو پورا کرے۔ پس محسن کے لفظ سے اس طرف اشارہ ہے کہ وہ شخص جو اللہ تعالیٰ کو اپنے گناہوں کی سزا کے خوف کے ماتحت اور اس کے رحم کی امید کے ساتھ تمام شرائط کے ساتھ پکارتا ہے اس پر اللہ تعالیٰ کی رحمت ضرور نازل ہوتی ہے اور اتنی جلدی نازل ہوتی ہے کہ دیکھنے والا حیران رہ جاتا ہے۔

اور وہی ہے جو ہواؤں کو اپنی رحمت سے پہلے خوش خبری دینے کے لئے بھیجتا ہے یہاں تک کہ جب وہ بوجھل بادلوں کو اٹھالیتی ہیں ہم ان کو ایک مُردہ[2] ملک کی طرف چلا کر لے جاتے ہیں پھر ہم ان میں سے پانی اتارتے ہیں پھر ہم اس پانی کے ذریعہ سے ہر قسم کے پھل پیدا کرتے ہیں۔ اسی طرح ہم مُردوں[3] کو نکالا کرتے ہیں تا کہ تم نصیحت حاصل کرو۔

[2] یعنی وہ ملک جو بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے مردہ تھا اور خشکی اور قحط کا شکار ہو چکا تھا۔

[3] اس کا مطلب یہ ہے کہ مُردہ قوموں کو ترقی دیتے ہیں۔ اس میں آخرت کا ذکر نہیں۔ اگر آخرت کا ذکر ہوتا تو ’’تاکہ تم نصیحت حاصل کرو‘‘ کے الفاظ نہ ہوتے کیونکہ آخرت جو نظروں سے اوجھل ہے اس میں جو زندگی ملے گی اس سے انسان اس دنیا میں نصیحت حاصل نہیں کر سکتا۔

اور اچھا[4] ملک (جس کی مٹی عمدہ ہو) اس کی روئیدگی اپنے رب[5] کے حکم سے نکلتی ہے اور وہ (ملک) جس کی مٹی خراب[6] ہو اس کی پیداوار ردی ہی نکلتی ہے اس طرح ہم شکر گذار قوم کے لئے (اپنے) نشانات کو کھول کر بیان کرتے ہیں۔

[4] یہاں طَیّب کا لفظ ہے۔ کھانے کے لئے آئے تو اس کے معنے خوشگوار کے ہوتے ہیں لیکن زمین کے لئے آئے تو اس کے معنے عمدہ پیداوار دینے والی زمین کے ہوں گے۔

[5] ’’اپنے رب کے حکم‘‘ کے الفاظ سے یہ مرادنہیں کہ اس کے لئے خاص حکم نازل ہوتا ہے۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ جس قسم کی طاقت اس کے اندر رکھی ہوتی ہے اس کے مطابق روئیدگی نکالتا ہے۔

[6] خَبُثَ کے معنے ہیں ضِدُّ طَابَ یعنی جو اچھا نہ ہو۔ (اقرب)

ہم ضرور نوح کو رسول بنا کر اس کی قوم کی طرف بھیج چکے ہیں پھر (جب وہ ان کے پاس آیا تو) اس نے کہا، اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں میں تم پر بڑے دن کے عذاب کے نازل ہونے سے ڈرتا ہوں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی