۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 6
اس کی قوم کے بڑے لوگوں نے کہا اے نوح! ہم تجھ کو کھلی گمراہی میں (مبتلا) دیکھتے ہیں۔
(تب) اس (یعنی نوح) نے کہا، اے میری قوم! مجھ میں تو کوئی گمراہی (کی بات) نہیں پائی جاتی، بلکہ میں تمام جہانوں کے رب کی طرف سے رسول (ہوکر آیا) ہوں۔
(اور) تمہیں اپنے رب کے پیغام پہنچاتا ہوں اور تمہاری خیر خواہی کرتا ہوں اور اللہ کے دئے ہوئے علم سے وہ کچھ جانتا ہوں جو تم نہیں جانتے۔
کیا تم اس بات پر تعجب کرتے ہو کہ تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے تمہی میں سے ایک آدمی پر ایک نصیحت سے پرکلام نازل ہوا ہے تا کہ وہ تم کو ہوشیار کرے اور تا کہ تم متقی بن جاؤ اور اس کے نتیجہ میں تم پر رحم کیا جائے۔
(مگر) پھر (بھی) انہوں نے اس کا انکار کیا۔ پس ہم نے اس کو اور اس کے ساتھیوں کو ایک کشتی کے ذریعہ[1] نجات دی اور ہم نے ان لوگوں کو جنہوں نے ہماری آیتوں کا انکار کیا تھا غرق کر دیا۔ وہ ایک اندھی قوم تھے۔
[1] فِیْ کے معنے ذریعہ کے بھی ہوتے ہیں۔ (مُغْنی اللَّبِیب)
اور یقیناً عاد کی طرف ہم نے ان کے بھائی ہود کو (رسول بنا کر) بھیجا تھا۔ (تب) اس نے کہا، اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا اور کوئی معبود نہیں تو کیا تم تقویٰ اختیار نہیں کرتے۔
(تب) اس کی قوم کے کفار سرداروں نے کہا (اے ہود)! ہم تجھ کو یقیناً بیوقوفی میں (مبتلا) پاتے ہیں اور ہم تجھے یقیناً جھوٹوں میں سے خیال کرتے ہیں۔
اس (یعنی ہود) نے کہا۔ اے میری قوم! مجھ میں بیوقوفی کی کوئی بات نہیں (پائی جاتی) لیکن (یہ ضرور ہے کہ) میں سب جہانوں کے رب کی طرف سے رسول ہوں۔
میں اپنے رب کے پیغام کو پہنچاتا ہوں اور میں تمہارا خیر خواہ (اور) امانت دار ہوں۔
کیا تم اس بات پر تعجب کرتے ہو کہ تم ہی میں سے ایک شخص پر تمہارے رب کی طرف سے نصیحت کی بات اتری ہے تا کہ وہ تمہیں آنے والے عذاب سے ہوشیار کرے اور یاد کرو جب اس (خدا) نے تم کو نوح کی قوم کے بعد (اس کا) جانشین بنا دیا اور تمہارے جسم کو بہت مضبوط[1] بنایا پس اللہ کی نعمتوں کو یاد کرو تا کہ تم با مراد ہو جاؤ۔
[1] اس آیت کا دوسرا ترجمہ یہ بھی ہے کہ ’’تمہاری نسلوں کو زیادہ کیا‘‘۔ ترجمہ چونکہ ایک ہی ہو سکتا تھا، ایک کو ہم نے ترجمہ کے اندر لکھ دیا ہے اور دوسرے ترجمہ کو یہاں نوٹوں میں لکھ رہے ہیں تاکہ دونوں ترجمے پڑھنے والے کے ذہن میں آجائیں۔
انہوں نے کہا (اے ہود)! کیا تو ہمارے پاس اس لئے آیا ہے کہ ہم اللہ (کو) ایک (قرار دے کر اس) کی عبادت کریں اور جن کی ہمارے باپ دادا پرستش کرتے تھے ان کو چھوڑ دیں۔ پس جس بات سے تو ہم کو ڈراتا ہے اگر تو سچا ہے تو اس کو لے آ۔
اس نے کہا تمہارے رب کی طرف سے تم پر عذاب اور غضب نازل ہو چکا ہے۔ کیا تم ان ناموں کے متعلق مجھ سے بحث کرتے ہو جو تم نے اور تمہارے باپ دادوں نے تجویز کیے تھے۔ اللہ نے ان کے لئے کوئی دلیل نہیں اتاری۔ پس تم بھی (میرے لئے عذاب کا) انتظار کرو۔ میں بھی تمہارے ساتھ (تمہارے لئے) عذاب کا انتظار کرتا رہوں گا (اور دیکھیں گے کس کی امیدیں پوری ہوتی ہیں)