۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 7
آخر ہم نے اس کو اور اس کے ساتھیوں کو اپنی رحمت کے ذریعہ نجات بخشی اور جن لوگوں نے ہماری آیتوں کا انکار کیا تھا اور مومنوں میں شامل نہ ہوئے تھے ان کی جڑ (تک) کاٹ دی۔
اور ہم نے ثمود کی طرف (بھی) ان کے بھائی صالح کو (رسول بنا کر بھیجا تھا) اس نے (ان سے) کہا اے میری قوم اللہ کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی اور معبود نہیں۔ تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک کھلی دلیل آچکی ہے (اور وہ یہ ہے کہ) یہ اللہ کی اونٹنی ہے جو تمہارے لئے بطور نشان ہے پس اس کو چھوڑ دو کہ اللہ کی زمین میں کھاتی پھرے اور اس کو کوئی تکلیف نہ پہنچاؤ (ایسا کیا تو) تم کو دردناک عذاب پہنچے گا۔
اور یاد کرو جب اس (خدا) نے تم کو عاد کی قوم کے بعد (ان کا) جانشین بنا دیا اور زمین میں تمہارا (اس طرح) ٹھکانا بنایا کہ تم اس کے میدانوں میں قلعے بناتے تھے اور پہاڑوں میں کھود کر گھر بناتے تھے۔ پس اللہ کی نعمتوں کو یاد کرو اور زمین میں جان بوجھ کر فساد مت[1] کرو۔
[1] عَثَا۔ یَعْثٰی کے معنے بھی فساد کرنے کے ہوتے ہیں اور عربی کا قاعدہ ہے کہ جب اسی لفظ کو جس کا فعل آیا ہو دہرایا جائے تو ایسا تاکید کے لئے ہوتا ہے۔ پس چونکہ لَا تَعْثَوْ کے معنے بھی تھے ’’فساد مت کرو‘‘ اور اس کے بعد مُفْسِدِیْنَ کا لفظ تاکید کے لئے بڑھایا گیا ہے۔ اس آیت کے معنے ہوئے ’’جان بوجھ کر فساد مت کرو‘‘ یعنی اگر یہ کام بے جانے ہوتا تب بھی بُرا ہوتا۔ مگر تم کو تو خدا کے رسول نے متنبہ کر دیا تھا۔ پھر بھی تم باز نہیں آتے۔ اس لئے سزا کے مستحق ہو۔
(اس پر) اس (یعنی صالح) کی قوم میں سے جن بڑوں نے تکبر کیا تھا ان لوگوں سے جو صالح کی قوم میں سے ایمان لائے تھے مگر ضعیف تھے کہا کہ کیا تم (واقعہ میں) سمجھتے ہو کہ صالح اپنے رب کی طرف سے رسول ہے۔ ان مومنوں نے کہا ہم تو اس تعلیم پر جس کے ساتھ وہ بھیجا گیا ہے ایمان لاتے ہیں۔
(اس پر) وہ لوگ جنہوں نے تکبر سے کام لیا تھا بولے جس (تعلیم) پر تم ایمان لائے ہو ہم اس کے منکر ہیں۔
پھر انہوں نے (جوش میں آکر) اونٹنی[1] کی کونچیں کاٹ دیں اور اپنے رب کے حکم کی نافرمانی کی اور کہا اے صالح! جس عذاب کا تو ہم سے وعدہ کرتا ہے اگر تو (سچا) رسول ہے تو اسے لے آ۔
[1] اصل بات یہ ہے کہ اونٹنی سے ان لوگوں کو کوئی بغض نہ تھا۔ نہ اونٹنی کا مارنا کوئی اتنا گناہ ہے۔ صالحؑ اس اونٹنی پر چڑھ کر ملک میں تبلیغ کرتے تھے۔ انہوں نے اونٹنی کو اس لئے مارا کہ صالحؑ کی تبلیغ ختم ہو جائے اور لوگوں میں وہ بدنام ہو جائے۔ اس وجہ سے ان پر عذاب آیا۔
اس پر ان کو زلزلہ نے پکڑ لیا اور وہ اپنے گھروں میں گھٹنوں کے بل گرے ہوئے رہ [2]گئے۔
[2] یعنی عذاب کے وقت دعاؤں کے لئے وہ گھٹنوں کے بل گر گئے۔ لیکن چونکہ ایسے وقت میں توبہ کام نہیں دیتی، وہ اسی حالت میں مر گئے اور ان کے جسموں پر زلزلہ کی وجہ سے مکان گر گئے۔
تب صالح ان (یعنی اپنی قوم کے لوگوں) کو چھوڑ کر دوسری طرف چل دیا اور کہا اے میری قوم! میں نے تم کو اپنے رب کا پیغام پہنچا دیا تھا اور تمہاری خیر خواہی کی باتیں تم سے کہہ دی تھیں لیکن تم لوگ خیر خواہوں کو پسند نہیں کرتے۔
اور (ہم نے) لوط کو بھی (اس کی قوم کی طرف رسول کرکے بھیجا تھا) جب اس نے (جاکر) اپنی قوم سے کہا، کیا تم ایسی بے حیائی کرتے ہو کہ تم سے پہلے ساری قوموں میں سے کسی نے نہیں کی تھی۔
کیا تم عورتوں کو چھوڑ کر مردوں کے پاس شہوت کے ارادہ سے آتے ہو۔ بلکہ (اصل بات یہ ہے کہ) تم حد سے بڑھنے والی قوم ہو۔
اس پر اس کی قوم نے صرف یہ کہا (اے لوگو)! لوط اور اس کے ساتھیوں کو شہر سے نکال دو۔ وہ ایسے لوگ ہیں جو اپنی پاکیزگی پر اتراتے ہیں۔
پس ہم نے اس کو اور اس کے اہل کو سوائے اس کی بیوی کے نجات دی۔ وہ (بیوی) پیچھے رہنے والوں میں سے ہو گئی۔[1]
[1] عذاب سے پہلے حضرت لوطؑ کو کہا گیا تھا کہ وہاں سے نکل جائیں۔ مگر ان کی دو بیٹیاں اس شہر میں بیاہی ہوئی تھیں۔ ان کی بیوی نے خدا کا حکم نہ مانا اور بیٹیوں کی محبت کی وجہ سے پیچھے رہ گئی۔ اور وہ عذاب میں مبتلا ہو گئی۔