۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 8
اور ہم نے ان پر (پتھروں کی) ایک بارش (زلزلہ کی وجہ سے) برسائی۔ پس دیکھ کہ مجرموں کا انجام کیسا ہوا۔[2]
[2] لوطؑ کی قوم کے وطن پر بھی ایک شدید زلزلہ آیا تھا جس سے زمین کا تختہ الٹ گیا تھا۔ شدید زلزلوں میں ایسا ہوتا ہے کہ مٹی سینکڑوں فٹ اوپر جاکر پھر گرتی ہے۔ گویا مٹی اور پتھروں کی بارش ہوتی ہے۔ پومپیائی میں بھی ایسا ہوا۔ ۱۹۰۵ء میں کانگڑہ میں بھی ایسا ہوا۔ حال میں ہی کابل کے شمال میں ایک شدید زلزلہ آیا۔ اس میں بھی ایسا ہی ہوا۔
اور مدین[3] کی طرف ان کے بھائی شعیب کو بھی (یقیناً ہم نے رسول کرکے بھیجا) انہوں نے کہا اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا اور کوئی معبود نہیں۔ تمہارے رب کی طرف سے ایک کھلا نشان آچکا ہے (یعنی خود شعیب علیہ السلام) پس چاہیے کہ ماپ اور تول دونوں پورے دیا کرو اور لوگوں کو ان کی چیزیں حق سے کم نہ دیا کرو اور زمین میں اس کی اصلاح کے بعد فساد نہ کرو اگر تم مومن ہو تو یہ تمہارے لئے بہت ہی اچھا ہے۔
[3] بائبل سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ایک بیوی جو حضرت سارہ اور حضرت ہاجرہ کے علاوہ تھیں۔ ان سے بھی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ہاں ایک بیٹا ہوا تھا جس کا نام آپ نے مدین رکھا تھا۔ اس کی نسل پھیلتے پھیلتے حجاز کے شمال اور فلسطین کے جنوبی علاقہ میں آباد ہوئی۔ اور زیادہ قرب اس قوم کو خلیج عقبہ سے تھا۔ کیونکہ جغرافیہ نویس کہتے ہیں کہ مدین قوم کا شہرمدین اسی کے قریب واقعہ ہے۔ یہی خلیج عقبہ ہے جو درحقیقت بحیرئہ سرخ کی وہ شاخ ہے جو عرب کے ساتھ ساتھ گزرتی ہے۔ اور جس کے متعلق آج کل مصر، سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان جھگڑا ہو رہا ہے۔ حضرت شعیبؑ اسی قوم میں آئے اور غالباً اسی قوم کا شہر مدین تھا جس میں وہ رہے۔ مدین شہر کی آبادی زیادہ تر اسماعیلی قوم کی تھی۔ (انسائیکلوپیڈیا ببلیکا زیر لفظ مدین) گو حضرت شعیبؑ خودنسلی طور پر بنو قتورہ سے تھے۔ یعنی حضرت ابراہیمؑ کی اس بیوی کی اولاد تھے جو حضرت سارہ اور حضرت ہاجرہ کے علاوہ تھی۔ مگر غالباً اس وجہ سے کہ ان کے علاقہ کے لوگ زیادہ تر بنو اسماعیل یا قریش تھے ان کے واقعات بہت کچھ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعات سے ملتے ہیں۔ چنانچہ (۱) ان کی مخالفت بھی زیادہ تر اُن کے شہر کے لوگوں نے کی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت بھی زیادہ تر مکہ والوں نے کی (۲) پھر وہ بھی غالباًجنوبی فسلطین سے ہٹ کر مدین شہر میں آبسے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کو جس شہر کی طرف ہجرت کرنا پڑی اس کا نام بھی مدینہ ہو گیا۔
اور ہر رستہ پر (اس نیت سے) نہ بیٹھا کرو کہ جو اللہ پر ایمان لائے اس کو اللہ کے راستہ سے ڈراؤ اور روکو اور اس (خدا کے رستہ) میں غلطیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہو اور یاد کرو جب تم تھوڑے تھے تو خدا نے تم کو زیادہ کر دیا تھا اور ہمیشہ نظر میں رکھو کہ فساد کرنے والوں کا انجام کیا ہوتا رہا ہے۔
اور اگر تم میں سے کوئی گروہ اس پر ایمان لایا ہے جس کے ساتھ میں بھیجا گیا ہوں اور کوئی گروہ ایسا ہے جو ایمان نہیں لایا تو صبر سے کام لو۔ یہاں تک کہ اللہ ہم (مومنوں اور کافروں) میں فیصلہ کر دے اور وہی سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔
اس کی قوم میں سے جو لوگ متکبر ہوئے تھے ان میں سے بڑے لوگوں نے کہا اے شعیب! ہم تجھ کو اور ان کو جو تجھ پر ایمان لائے ہیں اپنے ملک سے نکال[1] دیں گے، یا پھر تم ہمارے مذہب میں لوٹ آؤ گے اس پر اس نے کہا اور اگر ہم (اس فعل کو) ناپسند بھی کریں (تو کیا پھر بھی نکال دو گے)
[1] ہمیشہ کسی ملک کی ظالم اکثریت اپنے غرور میں اقلیت کو ایسی ہی دھمکیاں دیا کرتی ہے۔ حالانکہ جانتی ہے کہ ہم نے نکالا تو ان کے لئے اور کوئی رہنے کی جگہ نہیں۔ غیر ملک ان کو داخل نہ ہونے دیں گے۔
(حقیقت یہ ہے کہ) اگر ہم تمہارے مذہب میں لوٹ بھی آئیں اس کے بعد کہ اللہ نے ہمیں اس سے نجات دے دی ہے تو (اس کے معنے یہ نہ ہوں گے کہ تم سچے ہو بلکہ یہ ہوں گے کہ) حقیقت میں ہم نے اللہ پرجھوٹا افترا کیا تھا اور (اب ایمان لانے کے بعد) اللہ کی مشیت کے سوا اس (پہلے مذہب) کی طرف ہمارا لوٹنا ہمارے اختیار سے باہر ہے۔ ہمارا رب ہرچیزکاکامل علم رکھتا ہے ہم اللہ ہی پر توکل کرتے ہیں (اور کہتے ہیں) اے ہمارے رب! ہمارے اور ہماری قوم کے درمیان سچ کے مطابق فیصلہ کر دے اور تو سب فیصلہ کرنے والوں سے بہتر ہے۔
اور جو اس[2] کی قوم میں سے کافر تھے ان کے سرداروں نے کہا، اگر تم شعیب کی اتباع کرو گے تو تم نقصان پانے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔
[2] یعنی شعیب علیہ السلام کی قوم۔
پس ان کو ایک زلزلہ نے پکڑ لیا اور وہ اپنے گھروں میں گھٹنوں کے بل گرنے کی حالت میں پڑے رہے۔
وہ جنہوں نے شعیب کو جھٹلایا تھا (ایسے تباہ ہوئے کہ) گویا وہ کبھی اپنے ملک میں بسے[3] ہی نہیں تھے وہ جنہوں نے شعیب کو جھٹلایا تھا وہ گھاٹا پانے والوں میں سے ہو گئے۔
[3] یعنی جب اکثریت اپنے تکبر میں اقلیت کو ملک سے باہر نکالنا چاہتی ہے حالانکہ غیر ملکوں میں اس کا کوئی ٹھکانا نہیں ہوتا تو خداتعالیٰ بھی اکثریت کو اپنے پیدا کردہ ملک سے نکال دیتا ہے یعنی تباہ کردیتا ہے۔
اس پر وہ (شعیب) ان سے پیٹھ پھیر کر چل دئیے اور کہتے گئے اے میری قوم! میں نے اپنے رب کے پیغام تم کو پہنچا دئیے تھے اور تم کو نصیحت کردی تھی۔ پس اب میں منکر قوم پر کس طرح افسوس کروں۔
اور ہم نے کسی شہر کی طرف کوئی رسول نہیں بھیجا مگر (یوں ہی ہوا کہ) ہم نے اس میں بسنے والوں کو سختی اور مصیبت سے پکڑ لیا تا کہ وہ عاجزی اور زاری کریں۔
پھر ہم نے تکلیف کی جگہ سہولت کو بدل دیا، یہاں تک کہ جب وہ ترقی کر گئے اور کہنے لگے کہ تکلیفیں اور سکھ تو ہمارے باپ دادوں کو بھی آیا کرتے تھے (اگر ہمیں آئے تو کوئی نئی بات نہیں) پس ہم نے ان کو اچانک (عذاب سے) پکڑ لیا اور وہ سمجھتے نہ تھے (کہ ایسا کیوں ہوا۔)