۸۔ سورۃ الأنفال

تفسیر صغیر, حصہ 3

اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کی بات سنو جب کہ وہ تمہیں زندہ کرنے[1] کے لئے پکارے اور جان لو کہ اللہ انسان اور اس کے دل میں حائل ہے اور یہ کہ تم اسی کی طرف زندہ کرکے لوٹائے جاؤ گے۔

[1] معلوم ہوا انسان مردہ انسان کو ہدایت سے زندہ کرتا ہے نہ کہ قبروں میں دفن شدہ مردوں کو ظاہر زندگی دے کر۔

اور اس فتنہ سے ڈرتے رہو جو کہ تم میں سے صرف ظالموں کو نہیں پہنچے گا اور یاد رکھو کہ اللہ کا عذاب یقیناً سخت ہوتا ہے۔

اور یاد کرو جب کہ تم تھوڑے تھے اور زمین میں کمزور سمجھے جاتے تھے اور ڈرتے تھے کہ لوگ تم کو اچک کر نہ لے جائیں۔ پھر باوجود اس کے اس نے تم کو (مدینہ میں) جگہ دی اور اپنی مدد سے تمہاری تائید کی اور پاک چیزوں سے تمہیں رزق بخشا تا کہ تم شکر کرو۔

اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کی خیانت نہ کرو اور نہ اپنی امانتوں کی خیانت کرو، اس حالت میں کہ تم جانتے[1] بوجھتے ہو۔

[1] یہ مرادنہیں کہ بغیر جانے خیانت جائز ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ تم پر حقیقت کھل گئی ہے اگر پھر بھی تم خیانت کرو گے تو اس کی وجہ سے سخت سزا ملے گی۔

اور یاد رکھو کہ تمہارے مال اور تمہاری اولادیں صرف ایک فتنہ ہیں اور یہ کہ اللہ وہ ذات ہے جس کے پاس بڑا اجر ہے۔

اے مومنو! اگر تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو گے تو وہ تمہارے لئے ایک بڑے امتیاز کا سامان پیدا کردے گا اور تمہاری کمزوریوں کو دور کر دے گا اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔

اور (اے رسول اس وقت کو یاد کر) جب کہ کفار تیرے متعلق تدبیریں کر رہے تھے، تا کہ تجھے (ایک جگہ) محصور[2] کر دیں یا تجھ کو قتل کر دیں، یا تجھ کو نکال دیں اور وہ بھی تدبیریں کر رہے تھے اور اللہ بھی تدبیریں کر رہا تھا اور اللہ تدبیر کرنے والوں میں سے سب سے بہتر تدبیر کرنے والا ہے۔

[2] یعنی گھر میں قید کر دیں۔ مگر وہ اس میں ناکام رہے۔ دوسری تجویز قتل کی تھی، اس میں بھی ناکام رہے۔ تیسری تجویز ملک بدر کرنے کی تھی، اس میں وہ کامیاب ہو گئے اور اللہ تعالیٰ نے مدینہ والوں کے دل آپ کی طرف پھیر دئیے اور آخر یہی گھر سے نکالنا مکہ والوں کی تباہی کا موجب ہوا۔

اور جب ان کے سامنے ہماری آیتیں پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو وہ کہتے ہیں، (بس بس) ہم نے تمہاری بات سن لی اگر ہم چاہیں تو ہم بھی اس قسم کا کلام بنا (کر پیش کر) سکتے ہیں۔ یہ (قرآن) تو صرف پہلوں کی باتیں ہیں۔

اور (یاد کر) جب انہوں نے کہا، اے اللہ! اگر تیری طرف سے یہی (دین) حق ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسا، یا ہمیں کوئی اور دکھ سے بھرا ہوا عذاب دے۔

لیکن[1] اللہ انہیں اس حالت میں عذاب نہیں دے سکتا تھا جب کہ تو ان میں تھا اور نہ اللہ ان کو ایسی حالت میں عذاب دے سکتا تھا جبکہ وہ استغفار[2] کر رہے ہوں۔

[1] قرآن مجید میں واؤ ہے جس کا ترجمہ لیکن کیا گیا ہے۔ اور اس جگہ بدر کا ذکر ہے جس موقعہ پر ابوجہل نے انہی الفاظ میں دعا کی تھی، اور سزا میں مارا بھی گیا تھا۔

[2] یعنی جب تو نکل جائے گا، تو استغفار تو وہ پہلے ہی نہیں کر رہے۔ دونوں نجات کے موجب جاتے رہیں گے۔ اور وہ تباہ ہو جائیں گے۔

اور ان کو کیا (مقام حاصل) ہے جس کی وجہ سے باوجود اس کے کہ وہ عزت والی مسجد (یعنی خانہ کعبہ) سے (لوگوں کو) روکتے ہیں۔ اللہ ان کو عذاب نہیں دے گا اور وہ درحقیقت اس کے متولی نہیں اس کے (حقیقی) متولی تو صرف متقی ہیں، لیکن ان (کفار) میں سے اکثر اس بات کو جانتے نہیں۔

اور خانہ کعبہ کے پاس ان کی نماز سوائے سیٹیاں اور تالیاں بجانے کے اور ہے کیا۔ پس (اے بے دینو)! اپنے کفر کی وجہ سے عذاب کو چکھو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی