۸۔ سورۃ الأنفال

تفسیر صغیر, حصہ 4

جنہوں نے کفر کیا ہے وہ یقیناً اپنے مال اللہ کے راستہ سے لوگوں کو روکنے کے لئے خرچ کرتے ہیں۔ وہ اسی طرح ان مالوں کو خرچ کرتے جائیں گے پھر آخر (یہ خرچ) ان کے لئے حسرت کا موجب بن جائے گا اور وہ مغلوب کر دیئے جائیں گے اور جن لوگوں نے کفر کیا ہے ان کو اکٹھا کرکے جہنم کی طرف لے جایا جائے گا۔

تا کہ اللہ خبیث کو طیب سے ممتاز کر دے اور خبیث چیزوں کے بعض حصوں کو بعض کے اوپر رکھ دے، پھر سب کو ایک ڈھیر کی صورت میں بنا دے اور پھر اس (سارے ڈھیر) کو جہنم میں جھونک دے۔ (سنو) یہی (لوگ) گھاٹا پانے والے ہیں۔

تو کافروں سے کہہ دے کہ اگر وہ باز آجائیں، تو جو (قصور) ان سے پہلے ہو چکا ہے انہیں معاف کر دیا جائے گا اور اگر وہ پھر (انہی کرتوتوں کی طرف) لوٹیں گے تو پہلے لوگوں کی (جو) سنت گزر چکی ہے (وہی) ان سے معاملہ ہوگا۔

اور ان (کفار) سے لڑتے جاؤ۔ یہاں تک کہ جبر کا نام و نشان باقی نہ رہے اور دین سب کا سب اللہ ہی کے لئے ہو جائے اور اگر وہ رک جائیں تو اللہ یقیناً ان کے اعمال کو دیکھتا ہے۔

اور اگر وہ پیٹھ پھیر لیں تو جان لو کہ اللہ یقیناً تمہارا حامی ہے۔ وہ بہترین حامی اور بہترین مددگار ہے۔

اور جان لو کہ جو کچھ بھی تم کو غنیمت میں ملے اس میں سے اللہ اور اس کے رسول کے لئے اور (رسول سے) قرب[1] رکھنے والوں کے لئے اور یتیموں اور مسکینوں کے لئے اور مسافروں کے لئے پانچواں حصہ ہے۔ اگر تم اللہ پر ایمان لاتے ہو اور اس پر بھی جو ہم نے اپنے بندہ پر حق و باطل میں فیصلہ کر دینے والے دن میں نازل کیا تھا جس دن کہ دونوں لشکر جمع ہوئے تھے (تو اس پر عمل کرو) اور اللہ ہر ایک چیز پر قادر ہے۔

[1] اس کا دوسرا ترجمہ ’’قرابت داروں کے لئے‘‘ بھی ہو سکتا ہے۔

(اس دن) جبکہ تم (میدان جنگ کے) ورلے کنارہ پر تھے اور وہ (کافر) پرلے کنارہ پر تھے اور قافلہ تم سے نیچے کی طرف تھا اور اگر تم ان سے وعدہ بھی کرتے تو تم (جنگ کے) وقت کے بارہ میں ان سے اختلاف کرتے لیکن (خدا نے تم کو جمع کر دیا) تا کہ وہ اس بات کو پورا کر دے جس کے کرنے کا اس نے فیصلہ کر دیا تھا (اور یہ نشان اس لئے بھی دکھایا گیا) تا کہ وہ جو دلیل کے ذریعہ سے ہلاک ہو چکا ہے ہلاک ہو جائے اور جودلیل کے ذریعہ سے زندہ ہو چکا ہے زندہ ہو جائے اور اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

(یہ واقعہ اس وقت کا ہے) جبکہ اللہ نے تیری [2]خواب میں تجھے انہیں[3] کم کرکے دکھایا تھا اور اگر تجھے وہ (کفار) بڑی تعداد[4] میں دکھائے جاتے تو تم ضرور کمزوری دکھاتے اور اس معاملہ میں (یعنی لڑائی کے بارہ میں) آپس میں جھگڑتے (کہ لڑائی کی جائے یا نہ) لیکن اللہ نے (تم کو) محفوظ رکھا۔ وہ دلوں تک کی باتوں کو خوب جانتا ہے۔

[2] خواب میں دشمن کی تعداد کم کرکے دکھائے جانے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ دشمن پر غلبہ ملے گا۔

[3] یعنی کفار کے لشکر کو۔

[4] یعنی خواب میں کفار زیادہ دکھائے جاتے تو اس کی تعبیر یہ ہوتی کہ وہ غالب آئیں گے۔

اور (یاد کرو) جبکہ وہ ان (کفار) کو تمہاری نظر میں لڑائی کے وقت کمزور[1] دکھاتا تھا اور تم کو ان کی نظر میں کمزور[2] دکھاتا تھا۔ تا کہ اللہ وہ بات پوری کر دے جس کا وہ فیصلہ کر چکا ہے اور اللہ ہی کی طرف سب باتیں لوٹائی جائیں گی۔

[1] یہاں ظاہر کا ذکر ہے رؤیا کا نہیں۔ عربی میں ’’قَلِیْل‘‘ کے معنے کمزور کے بھی ہوتے ہیں اور مراد یہ ہے کہ تمہارے دل اس قدر مضبوط کر دئے گئے کہ باوجود کفار کے زیادہ ہونے کے تم ان کو بے حقیقت سمجھتے تھے اور شیر کی طرح ان پر حملہ کرکے تم نے ان کو تباہ کردیا۔

[2] یعنی مومن اپنے ایمان کی وجہ سے کافروں کو جو زیادہ تھے کمزور سمجھتے تھے اور کافر اپنے بغض کی وجہ سے مومنوں کی ایمانی طاقت کو نظر انداز کر رہے تھے۔

اے مومنو! جب تم (کافروں کی) کسی فوج کے مقابل پر آؤ تو قدم جمائے رکھو اور اللہ کو بہت [3]یاد کیا کرو تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔

[3] اللہ کو بہت یاد کرنے سے اس کی صفات دل میں روشن ہوتی ہیں اور ایمان اور جرأت میں زیادتی ہوتی ہے۔

اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے رہا کرو اور آپس میں اختلاف نہ کیا کرو (اگر ایسا کرو گے[4]) تو دل چھوڑ بیٹھو گے اور تمہاری طاقت[5] جاتی رہے گی، اور صبر کرتے رہو اللہ یقیناً صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

[4] یہاں فاء کا لفظ ہے جو نتیجہ کے اظہار کے لئے آتا ہے۔ یہی ترجمہ ہم نے کیا ہے۔

[5] قرآن مجید میں رِیْح کا لفظ ہے جس کے لفظی معنے ہوا کے ہیں۔ لیکن دوسرے معنے لغت میں طاقت کے بھی ہیں وہی ہم نے کیے ہیں۔

اوران لوگوں کی طرح مت بنو جو اپنے گھروں سے لوگوں کو (اپنی بہادری اور دینی غیرت) دکھانے کے لئے تکبر کرتے ہوئے نکلے۔ اور جو اللہ کے راستہ سے (لوگوں کو) روکتے ہیں۔ اللہ ایسے لوگوں کے اعمال کو تباہ کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی