۸۔ سورۃ الأنفال
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور (یاد کرو) جب شیطان نے کافروں کو ان کے اعمال اچھے کرکے دکھائے اور کہا کہ آج لوگوں میں سے کوئی تم پر غالب نہیں آسکتا اور میں تمہاری پشت پناہ ہوں۔ پھر جب دونوں لشکر آمنے سامنے ہوئے تو وہ اپنی ایڑیوں کے بل پھر گیا اور اس نے کہا میں تم سے بیزار ہوں۔ میں وہ کچھ دیکھتا ہوں جو تم نہیں دیکھتے میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور اللہ کا عذاب سخت ہوتا ہے۔
نیز (یاد کرو) جب منافق اور جن کے دلوں میں مرض تھی کہتے تھے کہ ان مسلمانوں کو ان کے دین نے مغرور [1]کر دیا ہے۔ حالانکہ جو اللہ پر توکل کرتا ہے وہ[2] دیکھ لیتا ہے کہ اللہ بڑا غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔
[1] پہلی آیت سے پتہ لگتا ہے کہ کفار غرور کے جذبہ کے ماتحت جنگ کے لئے نکلے تھے۔ پس وہ مسلمانوں کی طرف بھی یہی جذبہ منسوب کرتے تھے اور ایمان کا اثر ان کو نظر نہیں آتا تھا۔
[2] یہ ترجمہ فاء کی وجہ سے ہے۔
کاش کہ تو اس وقت کا تصور کرے جب ملائکہ کافروں کی روح قبض کرتے ہیں۔ اور ان کے مونہوں اور پیٹھوں پر ضربیں لگاتے جاتے ہیں اور (یہ کہتے جاتے ہیں کہ) ایک جلنے والا عذاب چکھو۔
یہ (عذاب) تمہارے ہاتھوں کی گزشتہ کرتوتوں کا نتیجہ ہے اور (سمجھ لو کہ) اللہ اپنے بندوں پر ذرا سا[3] بھی ظلم نہیں کرتا۔
[3] ظَلَّام سے جو مبالغہ کا صیغہ ہے یہ نتیجہ نکالا گیا ہے۔
فرعون کی قوم کے طریق کے مطابق اور ان لوگوں کے (طریق کے مطابق) جو ان سے پہلے گزرے ہیں (تمہارا حشر ہوگا) ان سب نے اللہ کی آیتوں کا انکار کیا تھا۔ اس لئے اللہ نے ان کے گناہوں کے سبب سے ان کو پکڑ لیا۔ اللہ یقیناً بڑی طاقت والا (اور) سخت سزا دینے والا ہے۔
یہ (اس لئے ہوگا) کہ اللہ جب کبھی کسی قوم پر کوئی نعمت نازل کرتا ہے تو اس نعمت کو بدلتا نہیں، جب تک کہ وہ قوم اپنے دل کی حالت کو نہ بدل[1] دے اور اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[1] مسلمانوں کو اس آیت سے یہ دھوکا لگا ہوا ہے کہ جب تک کوئی قوم ظاہری سامان پیدا نہ کرے اس کو ترقی نہیں ملتی حالانکہ اس آیت میں یہ ذکر نہیں۔ بلکہ یہ ذکر ہے کہ اللہ تعالیٰ اگر کسی قوم کو کوئی نعمت دیتا ہے تو اس وقت تک وہ نعمت نہیں چھینتا، جب تک اس کا دل نہ خراب ہو جائے۔ اور جو دوسرا مضمون مسلمان سمجھ رہے ہیں وہ تو سب نبیوں کے وقت میں غلط ہو چکا ہے یعنی باوجود ظاہری سامان پیدا نہ کرنے کے بلکہ اپنے موجودہ اموال کو بھی خدا کی راہ میں خرچ کر دینے کے نبیوں کی جماعتیں ہمیشہ ترقی کرتی رہیں اور دشمنوں پر غالب آتی رہیں۔ ہاں دوسری آیتوں میں یہ مضمون بھی بیان ہے کہ مومنوں کو قانون قدرت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن وہ ایک قانون قدرت کا مسئلہ ہے تقدیر روحانی نہیں۔
(اے منکرو! تمہارا حال بھی) فرعون کی قوم اور ان سے پہلے لوگوں کی طرح (ہوگا) جنہوں نے اپنے رب کی آیات کا انکار کیا تھا۔ تب ہم نے ان کو ان کے گناہوں کے سبب سے ہلاک کر دیا۔ (اور ان کے انعامات اس لئے چھین لئے گئے کہ انہوں نے خدا سے منہ پھیر لیا) اور ہم نے فرعون کی قوم کو غرق کر دیا تھا اور وہ سب ظالم تھے۔
اللہ کے نزدیک وہ (لوگ) جانوروں سے بھی بدتر ہیں جنہوں نے (خدا کی آیتوں کا) انکار کیااور وہ ایمان نہیں لاتے۔
وہ لوگ جن سے تو نے عہد کیا مگر وہ ہر دفعہ اپنا عہد توڑ دیتے ہیں اور (خدا کا) تقویٰ اختیار نہیں کرتے۔
پس اگر تو لڑائی میں ان پر قابو پالے تو ان کے ذریعہ سے جو ان کے پیچھے (اور لشکر) ہیں ان کو بھی بھگا دے[2] تا کہ وہ نصیحت حاصل کریں۔
[2] یعنی ایسی ہوشیاری اور ایمان سے جنگ کرکہ دور دور کے کفار ڈر جائیں اور کوئی آگے آنے کی جرأت نہ کرے۔
اور اگر تو کسی قوم سے عہد شکنی کا ڈر رکھتا ہو تو تو اس طرح ان کا عہد ختم کر دے جس سے وہ سمجھ لیں کہ اب تم دونوں (فریق اپنی پابندیوں سے) آزاد ہو۔ اللہ خیانت کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
اور کافر کبھی یہ خیال نہ کریں کہ وہ (اپنی دھوکا بازیوں کے ذریعہ سے) آگے بڑھ گئے ہیں وہ کبھی (بھی مومنوں کو) بے بس نہیں بنا سکتے۔