۹۔ سورۃ التوبة
تفسیر صغیر, حصہ 9
دیہات (اور جنگلوں) میں رہنے والے عرب کفر اور نفاق میں (سب عربوں سے) بڑھے ہوئے ہیں۔ اور (جہالت کی وجہ سے) اس کے مستحق ہیں کہ جو اللہ نے اپنے رسول پر اتارا ہے اس کی حدود کو نہ پہچانیں اور اللہ بہت جاننے والا (اور) بڑی حکمت والا ہے۔
اور دیہاتیوں (اور جنگل کے رہنے والوں) میں سے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں (جو) خدا کی راہ میں خرچ کئے ہوئے مال کو (ایک) چٹی سمجھتے ہیں اور تمہارے لئے (آسمانی) گردشوں کی انتظار میں رہتے ہیں۔ (سنو)! بری گردش انہی پر آئے گی اور اللہ خوب سننے والا (اور) جاننے والا ہے۔
اور دیہاتیوں اور (جنگل میں رہنے والے عربوں) میں سے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اللہ پر اور یوم آخرت پر (سچا) ایمان لاتے ہیں اور (خدا کی راہ میں) جو کچھ خرچ کرتے ہیں، اسے (خداتعالیٰ کی) قربت اور رسول کی دعاؤں کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ سنو! یہ فعل ضرور ان کے لئے (خدا کی) قربت کا ذریعہ ہوگا۔ اللہ ضرور ان کو اپنی رحمت میں داخل کرے گا کیونکہ اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور جو مہاجرین اور انصار میں سے سبقت لے جانے والے ہیں اور وہ لوگ بھی جو کہ کامل اطاعت دکھاتے ہوئے ان کے پیچھے چلے۔ اللہ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اللہ سے راضی ہو گئے۔ اس نے ان کے لئے ایسی جنتیں تیار کی ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں وہ ان میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔
اور گنواروں (اور جنگل میں رہنے والوں) میں سے جو تمہارے اردگرد رہتے ہیں منافق بھی ہیں اور مدینہ کے رہنے والوں میں سے بھی (کچھ لوگ ایسے ہیں) جو نفاق پر مصر ہیں، تو ان کو نہیں جانتا مگر ہم ان کو جانتے ہیں، ہم ان کو دو دفعہ عذاب[1] دیں گے، پھر وہ ایک بہت بڑے عذاب کی طرف لوٹائے جائیں گے۔
[1] پہلی دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد منافقوں کے ساتھی قبائلیوں کی تباہی اور پھر ان کی امید گاہ عیسائی عرب قبائل کی تباہی ہوئی۔
اور کچھ اور لوگ ہیں جنہوں نے اپنے گناہوں کا اقرار کیا انہوں نے نیک عملوں کو کچھ اور عملوں سے جو برے تھے ملا دیا تھا۔ قریب ہے کہ اللہ ان پر فضل کر دے اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
(اے رسول)! ان[1] کے مالوں میں سے صدقہ لے تا کہ تو انہیں پاک کرے اور ان کی ترقی [2]کے سامان مہیا کرے اور ان کے لئے دعائیں بھی کرتا رہ۔ کیونکہ تیری دعا ان کی تسکین کا موجب ہے اور اللہ تیری دعاؤں کو بہت سننے والا (اور حالات کو) جاننے والا ہے۔
[1] یعنی مومنوں کے۔
[2] ’’ترقی کے سامان مہیا کرے‘‘ تُزَکِّیْھِمْ کا ترجمہ ہے جو زکوٰۃ سے نکلا ہے اور اس کے ایک معنے بڑھانے اور ترقی دینے کے بھی ہوتے ہیں اور یہی معنے اس جگہ کے مناسب حال ہیں۔
کیا ان کو معلوم نہیں کہ اللہ ہی ہے، جو اپنے بندوں کی توبہ قبول کرتا اور ان کے صدقات لیتا ہے (رسول نہیں[3] لیتا) اور اللہ ہی ہے جو بہت توبہ قبول کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[3] کیونکہ صدقات خداتعالیٰ کے غریب بندوں پر خرچ ہوتے ہیں نہ خدا پر خرچ ہوتے ہیں اور نہ رسول پر۔
اور (ان سے) کہہ دے کہ اپنی جگہ کام کرے جاؤ۔ اللہ اور اس کا رسول اور مومن ضرور تمہارے کاموں کی حقیقت کو دیکھتے رہیں گے اور تم ضرور حاضر و غائب جاننے والے خدا کی طرف لوٹائے جاؤ گے اور وہ تمہارے عملوں کی حقیقت تمہیں بتائے گا۔
اور کچھ اور لوگ ہیں جو خدا کے حکم کی انتظار میں چھوڑے [4]گئے ہیں (اس کو اختیار ہے کہ) خواہ انکو عذاب دے یا انکی توبہ قبول کرے اور اللہ جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
[4] یعنی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں جاتی جب تک اللہ کا حکم نہ اترے۔
اور وہ لوگ[5] جنہوں نے ایک مسجد نقصان پہنچانے اور کفر کی تبلیغ کرنے اور مومنوں میں تفرقہ پیدا کرنے کے لئے بنائی ہے اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول سے لڑ چکا ہے اس کے لئے کمین گاہ مہیا کرنے کے لئے۔ وہ ضرور قسم کھائیں گے (کہ) اس مسجد کے بنانے سے ہمارا ارادہ صرف نیکی کرنا تھا اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ وہ یقیناً جھوٹ بول رہے ہیں۔
[5] جب اسلام نے ترقی کی اور منافقین مایوس ہو گئے تو ان کو ابو عامر راہب نے پیغام بھیجا کہ مسلمانوں سے علیحدہ میرے لئے ایک جگہ بناؤ، وہاں مشورہ کرکے میں قیصر کے پاس جاؤں گا اور اس کا لشکر مدینہ پر چڑھا لاؤں گا۔ اس وقت مسجدنبویؐ کے علاوہ مدینہ کے کناروں پر ایک مسجد خالص مومنوں کی تھی۔ منافقوں نے ابوعامر کو چھپانے کے لئے ایک الگ مسجد بنائی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس میں نماز کرانے کی دعوت دی۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے آپ کو منع کر دیا۔ ابوعامر نے نادانی سے سمجھا کہ کسی شخص نے جاسوسی کر دی ہے اور وہ مدینہ چھوڑ کر بھاگ گیا۔ اس کا جانا مسلمانوں اور رومیوں میں جنگ کا موجب بنا اور خداتعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح دی۔
(اے نبی)! تو اس (مسجد) میں (کبھی) کھڑا نہ ہو۔ وہ مسجد جس کی بنیاد پہلے دن سے تقویٰ پر رکھی گئی ہے زیادہ حقدار ہے کہ تو اس میں (جماعت کرانے کے لئے) کھڑا ہو۔ اس میں (آنے والے) ایسے لوگ ہیں جو خواہش رکھتے ہیں کہ بالکل پاک ہو جائیں۔ اور اللہ کامل پاکیزگی اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔