۹۔ سورۃ التوبة
تفسیر صغیر, حصہ 3
اللہ نے بہت سے مواقع پر تمہاری مدد کی ہے (خصوصاً) حنین (کی جنگ) کے دن جبکہ تمہاری کثرت نے تم کو متکبر بنا دیا تھا۔ پھر وہ (کثرت) تمہارے کسی کام نہ آئی اور زمین باوجود فراخی کے تم پر تنگ ہوگئی۔ اور تم نے پیٹھ دکھاتے ہوئے منہ پھیر لیا۔
اور اللہ نے اپنی سکینت اپنے رسول اور مومنوں پر اتاری اور ایسے لشکر اتارے جن کو تم نہیں دیکھ رہے تھے اور کفار کو عذاب دیا اور کفار کی یہی جزا ہے۔
اور اللہ ایسی سزا کے بعد جس پر چاہتا ہے رحم کر دیتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اے مومنو! مشرک لوگ حقیقتاً گندے[1] (اور ناپاک) ہیں پس وہ اس سال کے بعد مسجد حرام (یعنی خانہ کعبہ) کے قریب مت آئیں اور اگر تم کو غربت[2] کا خطرہ ہو تو اللہ اگر اس نے ایسا چاہا تم کو اپنے فضل سے ضرور غنی بنا دے گا۔ اللہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) بڑی حکمت والا ہے۔
[1] یعنی ذہنی پاکیزگی ان میں نہیں پائی جاتی۔
[2] یعنی کفار کے نکل جانے کی وجہ سے تجارتیں ٹوٹ جانے کا خیال ہو اور یہ کہ اس سے آمدن کم ہو جائے گی۔
جو لوگ اللہ پرایمان نہیں لاتے اور نہ یوم آخرت پر اور نہ اسے جسے اللہ اور اس کے رسول نے حرام قرار دیا ہے حرام قرار دیتے ہیں اور نہ سچے دین کو اختیار کرتے ہیں۔ یعنی وہ لوگ جن کو کتاب دی گئی ہے ان سے جنگ کرو [3]جب تک کہ وہ اپنی مرضی سے جزیہ ادا نہ کریں اور وہ تمہارے ماتحت نہ آجائیں۔
[3] اس کے یہ معنے نہیں کہ یہود سے بغیر دلیل کے جنگ جائز ہے کیونکہ جنگ کی شرائط دوسری جگہ موجود ہیں ان کو اس موقع پر ملحوظ رکھنا ضروری ہوگا ایک بڑی شرط جنگ کی یہ ہے کہ دشمن ظالمانہ حملہ کرے مسلمان صرف دفاع کر سکتا ہے۔ پس اگر یہودی حملہ کریں تو بتایا ہے کہ ان سے جنگ جائز ہے مگر وہ مغلوب ہو جائیں اور شکست کھا کر جزیہ دینے کو تیار ہو جائیں تو پھر لڑائی کو لمبا نہ کیا جائے۔ بلکہ ان کی پہلی غلطی کو معاف کر دیا جائے۔ وَھُمْ صَاغِرُوْنَ کے معنے مفسرین نے یہ کیے ہیں کہ جزیہ دیتے وقت یہودی بہت تذلل اختیار کریں۔ لیکن اس آیت کا یہ مطلب نہیں صرف یہ مطلب ہے کہ وہ عَنْ یَّدٍ جزیہ دیں یعنی اپنی مرضی سے اور شکست کھا کر اس کا اقرار کریں تو ان سے جزیہ کی شرط قبول کرلو ردّ نہ کرو اور لڑائی کو لمبا نہ کرو۔ پس یہ احسان ہے ظلم نہیں۔ صَاغِرُوْنَ سے صرف اس طرف اشارہ ہے کہ وہ اس کے متعلق معاہدہ کریں۔
اور یہودی کہتے ہیں کہ عزیر اللہ کا بیٹا ہے اور نصرانی کہتے ہیں کہ مسیح اللہ کا بیٹا ہے یہ (بات) صرف ان کے منہ کی لاف ہے وہ (صرف) اپنے سے پہلے کفار کی باتوں کی نقل کر رہے ہیں۔ اللہ ان کو ہلاک کرے وہ (حقیقت سے) کیسے دور جا رہے ہیں۔
انہوں نے احبار اور رہبان کو اللہ کے سوا اپنا رب بنا لیا ہے۔ اسی طرح مسیح ابن مریم کو بھی۔ حالانکہ ان کو صرف یہ حکم دیا گیا تھا کہ وہ ایک خدا کی عبادت کریں، جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ ان کے شرک سے پاک ہے۔
وہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو اپنے منہ (کی پھونکوں) سے بجھا دیں اور اللہ اپنے نور کو پورا کرنے کے سوا دوسری ہر بات سے انکار کرتا ہے خواہ کفار کو کتنا ہی برا لگے۔
وہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا تا کہ (باقی) تمام دینوں پر اسے غالب کر دے گو مشرکوں کو یہ بات بہت ہی بری لگے۔
اے مومنو! بہت سے احبار اور رہبان لوگوں کے مالوں کو ناواجب طور پر کھاتے ہیں اور (لوگوں کو) اللہ کے راستہ سے روکتے ہیں۔ اور وہ لوگ (بھی) جو سونے اور چاندی کو جمع رکھتے ہیں۔ اور اللہ کے راستہ میں خرچ نہیں کرتے۔ ان کو دردناک عذاب کی خبر دے۔
(یہ عذاب) اس دن (ہوگا) جبکہ اس (جمع شدہ سونے اور چاندی) پر جہنم کی آگ بھڑکائی جائے گی پھر اس (سونے اور چاندی) سے ان کے ماتھوں اور پہلوؤں اور پیٹھوں کو داغ لگائے جائیں گے (اور کہا جائے گا کہ) یہ وہ چیز ہے جس کو تم اپنی جانوں کے لئے جمع کرتے تھے۔ پس جن چیزوں کو تم جمع کرتے تھے ان کے مزہ کو چکھو۔
یقیناً مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ [1]مہینے (ہی) ہوتی ہے۔ یہ اللہ کا قانون ہے۔ اس دن سے کہ آسمانوں اور زمین کو اس نے پیدا کیا ہے ان (مہینوں) میں سے چار عزت کے مہینے (کہلاتے) ہیں۔ یہ مضبوط دین ہے۔ پس (چاہیے کہ) ان مہینوں میں اپنی جانوں پر ظلم نہ[2] کیا کرو۔ اور تمام مشرکوں سے لڑو۔ جس طرح کہ وہ سب کے سب تم سے لڑتے ہیں اور یاد رکھو کہ اللہ متقیوں کے ساتھ ہے۔
[1] چاندوں کے حساب سے جو اسلام نے اختیار کیا ہے سال کے مہینے صرف بارہ بنتے ہیں۔ سورج کے حساب کو ماننے والوں نے بھی بارہ ہی مہینے بنائے ہیں مگر بہائیوں نے انیس مہینے بنائے ہیں۔ حالانکہ چاند کے لحاظ سے انیس ہو ہی نہیں سکتے۔ اور سورج کو مہینوں کا جنم دینے والے ہیئت دانوں نے بھی بارہ سے تجاوز نہیں کیا۔
[2] یعنی اصل غرض مہینہ نہیں، بلکہ اصل غرض پاکیزہ زندگی بسر کرنا ہے۔