۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 4

نَسِیْ ء [3]صرف کفر کے زمانے کی زیادتی ہے جس کے ذریعہ سے کافر لوگ گمراہ ہوتے رہتے ہیں وہ اسے ایک سال حلال قرار دیتے ہیں اور دوسرے سال حرام قرار دیتے ہیں تا کہ وہ مہینوں کو سال کی مقررہ گنتی کے برابر کر دیں اور ان مہینوں کے مطابق کر دیں جن میں جنگ منع ہے (اور اپنی پیدا کردہ تبدیلی کی وجہ سے جو اختلاف ہو گیا ہے اسے پورا کردیں) ان اعمال کی خرابی (شیطان کی طرف سے) ان کو خوبصورت کرکے دکھا دی گئی ہے اور اللہ کافر قوم کو کامیابی کا راستہ نہیں دکھاتا۔

[3] نَسِیْء یہ تھی کہ کسی سال وہ محرم کو حلال کر دیتے تاکہ لوٹ مار میں آسانی ہو جائے اور پھر صفر کو محرم بناتے۔ اس طرح سب مہینوں کو بدل کر تیرہ مہینوں کا سال کر دیتے۔ پھر تغیر کر کرکے سال کو اپنی حالت پر لاتے۔

اے مومنو! تم کو کیا ہو گیا ہے کہ جب تم سے کہا جاتا ہے کہ اللہ کے راستہ میں لڑنے کے لئے (سب مل کر) نکلو تو تم لوگ اپنے ملک (کی محبت) کی طرف جھک جاتے ہو کیا تم آخرت کے مقابلہ میں دنیا کی زندگی پسند کرتے ہو؟ (اگر ایسا ہے) تو یاد رکھو کہ دنیا کی زندگی کا سامان آخرت کے مقابلہ میں صرف ایک حقیر چیز ہے۔

اگر تم (سب مل کر اللہ کے راستہ میں) لڑنے کے لئے نہیں نکلو گے تو وہ تم کو دردناک عذاب دے گا اور تمہارے سوا ایک اور قوم کو بدل کر لے آئے گا اور تم اسے (یعنی اللہ کو) کوئی نقصان نہیں پہنچا سکو گے اور اللہ ہر چیز پر (جس کے کرنے کا وہ ارادہ کرے) قادر ہے۔

اگر تم اس رسول کی مدد نہ کرو تو (یاد رکھو کہ) اللہ اس کی اس وقت بھی مدد کر چکا ہے جبکہ اسے کافروں نے دو میں سے ایک کی صورت میں نکال[1] دیا تھا جبکہ وہ دونوں غار میں تھے اور جبکہ وہ اپنے ساتھی (ابوبکر) سے کہہ رہا تھا کہ کسی گذشتہ بھول چوک پر غم نہ کرو۔ اللہ یقیناً ہمارے ساتھ ہے۔ پس اللہ نے اس پر اپنی سکینت نازل کی۔ اور اس کی ایسے لشکروں سے مدد کی جن کو تم نہیں دیکھتے تھے اور ان لوگوں کی بات کو نیچا کر دیا جنہوں نے کفر کیا تھا اور اللہ ہی کی بات اونچی ہو کر رہتی ہے اور اللہ بڑا غالب (اور) حکمت والا ہے۔

[1] ہجرت کے وقت۔

اے مومنو! جہاد کے لئے نکل کھڑے ہو خواہ تم بے سازوسامان ہو، یا باسازوسامان۔ اور اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ اللہ کے راستہ میں جہاد کرو۔ یہ تمہارے لئے اگر تم جانتے ہو بہت بہتر ہوگا۔

اگر قریب میں ملنے والا فائدہ ہوتا یا چھوٹا سفر ہوتا تو یہ لوگ تیرے پیچھے چل پڑتے لیکن انہیں مسافت دور معلوم ہوئی۔ لیکن (اب وہ تیری واپسی کے بعد) اللہ کی قسمیں کھا کر کہیں گے کہ اگر ہماری طاقت میں ہوتا تو ہم ضرور تمہارے ساتھ نکل کھڑے ہوتے (یہ لوگ) اپنی جانوں کو ہلاک کرتے ہیں اور اللہ جانتا ہے کہ یہ جھوٹے ہیں۔

اللہ نے تیری غلطی کے بداثر کو مٹا دیا اور تجھے عزت دی۔ لیکن آخر تم نے کیوں ان (اجازت مانگنے والوں) کو پیچھے رہنے کی اجازت دی تھی (تم ان کے جانے پر اصرار کرتے) یہاں تک کہ سچ بولنے والے تجھ پر ظاہر ہو جاتے اور تو جھوٹوں کو بھی جان لیتا۔

جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتے ہیں، وہ اپنے مالوں اور جانوں کے ساتھ جہاد کرنے سے بچنے کی اجازت نہیں مانگتے۔ اللہ متقیوں سے خوب واقف ہے۔

پیچھے رہنے کی اجازت صرف وہ مانگتے ہیں جو کہ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان نہیں لاتے اور ان کے دلوں میں شبہات پیدا ہو گئے ہیں پس وہ اپنے شبہات کی وجہ سے کبھی ادھر ہوتے ہیں کبھی ادھر۔

اور اگر وہ (جنگ کے لئے) نکلنے کا پختہ ارادہ رکھتے تو اس کے لئے کوئی تیاری بھی کرتے۔ لیکن اللہ نے ان کے (جنگ کے لئے) نکلنے کو پسند نہیں کیا۔ پس ان کو اپنی جگہ پر ہی بٹھا دیا اور ان سے یہ کہہ دیا گیا (یعنی ان کے کافر دوستوں نے کہا) کہ جو لوگ بیٹھ رہے ہیں انہی کے ساتھ تم بھی بیٹھ رہو۔

اگر وہ تمہارے ساتھ مل کر نکلتے تو خرابی پیدا کرنے کے سوا تمہاری کچھ مدد نہ کرتے اور وہ تمہارے درمیان (فساد کرنے کے لئے) خوب گھوڑے دوڑاتے پھرتے (اور) تمہارے اندر فتنہ پیدا کرنے کی خواہش کرتے اور تم میں (بھی) کچھ ایسے (لوگ پائے جاتے) ہیں جو ان تک پہنچانے کے لئے باتیں سنتے ہیں اور اللہ ظالموں کو خوب جانتا ہے۔

انہوں نے اس سے پہلے بھی فتنہ (پیدا کرنا) چاہا تھا اور تیرے لئے حالات کو کئی کئی طرح بدلا تھا۔ یہاں تک کہ حق آگیا اور اللہ کا فیصلہ ظاہر ہو گیا اور وہ (اس فیصلہ کو) ناپسند کرتے تھے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی