۹۔ سورۃ التوبة
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور ان میں سے بعض [1](منافق) ایسے بھی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہمیں (پیچھے رہنے کی) اجازت دیجئے اور ہم کو (جنگ پر جانے) کی آزمائش میں نہ ڈالیئے۔ سن رکھو۔ یہ لوگ فتنہ میں پہلے ہی سے پڑ چکے ہیں اور جہنم کافروں کو یقیناً تباہ کرنے والی ہے۔
[1] اس جگہ گو فعل مفرد کے لئے استعمال ہوا ہے لیکن فقرہ مَنْ سے شروع ہوا ہے جو جمع اور مفرد دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔ پس اردو قاعدہ کے مطابق ہم نے معنوں میں جمع کا صیغہ استعمال کیا ہے۔
اگر تجھے کوئی فائدہ پہنچے تو ان کو برا لگتا ہے اور اگر تجھ پر کوئی مصیبت آجائے تو وہ کہتے ہیں، ہم نے تو پہلے ہی سے اپنے پیش آنے والے دنوں کا انتظام کر لیا تھا اور وہ خوشی کے مارے[2] پیٹھ پھیر کر چلے جاتے ہیں۔
[2] یعنی وہ اس بات پر خوش ہوتے ہیں کہ ہماری تدبیر نے ہم کو بچا لیا اور مسلمانوں کی تدبیریں ان کے کام نہ آئیں۔
تُو (ان سے) کہہ دے، ہم کو تو وہی پہنچتا ہے جو اللہ نے ہمارے لئے مقرر کر چھوڑا ہے وہ ہمارا کارساز ہے اور مومنوں کو چاہیے کہ وہ اللہ پر ہی توکل رکھیں۔
تُو (ان سے) کہدے کہ دو[3] بھلائیوں میں سے ایک کے سوا تم ہمارے لئے کسی بات کا انتظار نہیں کرتے اور ہم تمہارے لئے صرف اس بات کا انتظار کرتے ہیں کہ اللہ تم کو اپنے پاس سے یا ہمارے ہاتھوں سے عذاب پہنچائے گا پس تم بھی انتظار کرو، ہم بھی تمہارے ساتھ انتظار کریں گے۔
[3] یعنی یا یہ امید رکھتے ہو کہ ہم مارے جائیں گے جو ہمارے لئے شہادت یا عزت کا موجب ہے یا پھر جنگ کا دوسرا نتیجہ فتح ہے۔ وہ بھی ہمارے لئے مبارک ہے۔
تُو (ان سے) کہہ دے کہ خواہ خوشی سے خرچ کرو خواہ ناخوشی سے۔ تم سے کسی صورت میں (تمہارا صدقہ) قبول نہ کیا جائے گا کیونکہ تم تو اطاعت سے نکل جانے والی قوم ہو۔
اور اللہ اور اس کے رسول کے انکار کرنے کے سوا اور اس بات کے سوا کہ وہ نماز بہت سستی سے پڑھتے تھے اور خدا کی راہ میں ناخوشی سے خرچ کرتے تھے ان کے صدقات کے قبول کرنے کو کس نے روکا ہے۔
پس تجھے ان کے مال اور ان کی اولادیں تعجب میں نہ ڈالیں۔ اللہ صرف یہ چاہتا ہے کہ ان (مالوں اور اولادوں) کے ذریعہ سے ان کو اس دنیا کی زندگی میں عذاب دے اور یہ کہ ان کی جانیں ایسے وقت میں نکلیں کہ وہ منکر ہی ہوں۔
اور وہ اس بات پر اللہ کی قسمیں کھاتے ہیں کہ وہ تم میں سے ہیں حالانکہ وہ تم میں سے نہیں ہیں بلکہ وہ ایک ایسی جماعت ہیں جو سخت بزدل ہے۔
اگر وہ کوئی پناہ کی جگہ یا چھپ رہنے کے لئے غار یا بیٹھ رہنے کے لئے کوئی ٹھکانہ پائیں تو وہ پیٹھ پھیر کر دوڑتے ہوئے ادھر چلے جائیں گے۔
اور ان میں سے کچھ (منافق) ایسے ہیں جو صدقات کے بارہ میں تجھ پر الزام لگاتے ہیں۔ اگر ان صدقات میں سے کچھ ان کو دے دیا جائے تو وہ راضی ہو جاتے ہیں، اور اگر ان میں سے انہیں کچھ نہ دیا جائے تو فوراً خفا ہو جاتے ہیں۔
اور اگر وہ اللہ اور اس کے رسول کی عطا پر خوش ہو جاتے اور یہ کہتے کہ اللہ ہی ہمارے لئے کافی ہے (اگر ہمیں تنگی ہوگی تو) اللہ اپنے فضل سے ہمیں دے گا اور (اسی طرح) اس کا رسول بھی۔ ہم تو اپنے اللہ کی طرف جھکنے والے ہیں (تو یہ ان کے لئے بہتر ہوتا)
صدقات تو صرف فقراء اور مساکین کے لئے ہیں اور ان کے لئے جو ان صدقات کے جمع کرنے کے لئے مقرر کیے گئے ہیں۔ نیز ان کے لئے جن کے دلوں کو (اپنے[1] ساتھ) جوڑنا مطلوب ہو اور اسی طرح قیدیوں اور قرض داروں کے لئے اور (ان کے لئے جو) اللہ کے راستہ میں (جنگ کرتے ہیں) اور مسافروں کے لئے یہ فرض اللہ کا مقرر کردہ ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) بڑی حکمت والا ہے۔
[1] یعنی ایسے کفار جو اسلام کی تحقیق کرنا چاہیں اور اس غرض کے لئے ان کی کچھ مدد کی جائے۔ یہ مطلب نہیں کہ جو کفار رشوت دے کر خریدے جا سکیں۔