۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور ان میں سے بعض ایسے (منافق) بھی ہیں جو نبی کو دکھ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ تو (کان ہی) کان[1] ہے تو کہہ دے کہ وہ تمہارے لئے بھلائی[2] سننے کے کان رکھتا ہے وہ اللہ پر ایمان لاتا ہے اور جو تم میں سے مومن ہوں ان (کے وعدوں) پر (بھی) یقین رکھتا ہے اور مومنوں کے لئے رحمت کا موجب ہے، اور وہ[3] لوگ جو اللہ کے رسول کو دکھ پہنچاتے ہیں ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔

[1] یعنی لوگوں کی شکایتیں سنتا رہتا ہے۔

[2] یعنی سنتا تو ضرور ہے مگر تمہارے فائدہ کے لئے سنتا ہے تاکہ تمہاری اصلاح کرے۔ اور ایسا سننے والا قوم کا محسن ہوتا ہے۔ خبریں سننا اس کے لئے منع ہے جو بغض اور کینہ سے کام لے۔

[3] یعنی منافق لوگ۔

وہ تمہارے خوش کرنے کے لئے اللہ کی قسمیں کھاتے ہیں۔ حالانکہ اللہ بھی اور اس کا رسول بھی زیادہ حق دار ہیں کہ اس کو خوش کیا جائے۔ بشرطیکہ یہ (منافق) سچے مومن ہوں۔

کیا ان کو معلوم نہیں کو جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کرتا ہے اس کے لئے جہنم کی آگ (مقدر) ہے وہ اس میں رہتا چلا جائے گا اور یہ بڑی بھاری رسوائی ہے۔

منافق (دکھاوے کے طور پر) ڈر کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کے خلاف کوئی سورۃ نازل نہ ہو جائے جو انہیں (اور مسلمانوں کو) ان باتوں سے خبردار کردے جو ان کے دلوں میں ہیں۔ تو کہہ دے کہ ہنسی کرتے جاؤ۔ اللہ (حقیقتا) اس بات کو ظاہر کر دے گا۔ جس (کے ظاہر کرنے) سے تم (بناوٹ سے) ڈرتے ہو۔

اور اگر تو ان سے پوچھے (کہ تم ایسی باتیں کیوں کرتے ہو) تو وہ ضرور یہی جواب دیں گے ہم تو صرف مذاق اور ہنسی کرتے تھے۔ تو ان کو جواب دیجیو کہ کیا اللہ اور اس کی آیات اور اس کے رسول سے مذاق اور ہنسی کرتے تھے۔

اب کوئی عذر نہ کرو۔ تم نے ایمان لاکر کفر کیا (پس اس کی سزا پاؤ) اگر ہم تم میں سے ایک گروہ کو معاف کر دیں اور ایک دوسرے گروہ کو عذاب دے دیں اس لئے کہ وہ مجرم تھے (تو یہ ہمارا کام ہے)

منافق مرد اور منافق عورتیں آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں وہ بری باتوں کا حکم دیتے ہیں اور اچھی باتوں کے خلاف تعلیم دیتے ہیں اور اپنے ہاتھوں کو (خدا کی راہ میں خرچ کرنے سے) روکتے ہیں۔ انہوں نے اللہ کو ترک کر دیا، سو اللہ نے بھی ان کو ترک کردیا۔ منافق یقیناً اطاعت سے نکلنے والے ہیں۔

اللہ نے منافق مردوں اور منافق عورتوں اور کفار سے جہنم کی آگ کا وعدہ کیا ہے، وہ اس میں رہتے چلے جائیں گے۔ وہی ان (کی پوری توجہ کھینچنے) کے لئے کافی ہے (اور اس کے علاوہ) اللہ نے ان کو (اپنی درگاہ سے) دھتکار بھی دیا ہے اور ان کے لئے ایک قائم رہنے والا عذاب (مقدر) ہے۔

(اے منافقو! یہ عذاب) ان لوگوں (کی سزا) کی طرح (ہوگا) جو تم سے پہلے گذر چکے ہیں۔ وہ تم سے زیادہ طاقتور تھے وہ زیادہ مال دار (تھے) اور زیادہ اولاد رکھتے تھے پس انہوں نے اپنے حصہ کے مطابق فائدہ اٹھایا اور تم نے اپنے حصہ کے مطابق فائدہ اٹھایا۔ جس طرح کہ تم سے پہلے لوگوں نے اپنے حصہ کے مطابق فائدہ اٹھایا اور تم نے اسی طرح ہنسی مذاق کیا جس طرح ان لوگوں نے ہنسی مذاق کیا تھا۔ ان کے عمل دنیا کے متعلق بھی اور آخرت کے متعلق بھی ضائع ہو گئے اور وہ لوگ نقصان اٹھانے والے (لوگوں میں شامل) ہو گئے۔

کیا ان کے پاس ان لوگوں کی خبریں نہیں آئیں جو ان سے پہلے گزر چکے ہیں (یعنی) نوح اور عاد کی (قوم کی) اور ثمود کی (قوم کی، جو صالح کی قوم تھے) اور ابراہیم کی قوم کی۔ اور مدین کے لوگوں کی۔ اور الٹائی گئی بستیوں کے لوگوں (یعنی لوط کی قوم) کی۔ ان کے پاس ان کے رسول کھلے نشان لے کر آئے تھے (مگر انہوں نے انکار کیا اور سزا پائی) اللہ نے ان پر ظلم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی جانوں پر (خود) ظلم کر رہے تھے۔

اور مومن مرد اور مومن عورتیں آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ وہ نیک باتوں کا حکم دیتے ہیں اور بری باتوں سے روکتے ہیں۔ اور نماز کو قائم کرتے ہیں اور زکٰوۃ دیتے ہیں۔ اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں۔ یہ ایسے لوگ ہیں کہ اللہ ضرور ان پر رحم کرے گا۔ اللہ غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

اللہ نے مومن مردوں اور مومن عورتوں سے ایسی جنات کے وعدے کیے ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے اور ہمیشہ رہنے والی جنتوں میں پاک رہائش گاہوں کا (بھی وعدہ کیا ہے) اور ان کے علاوہ اللہ کی رضا مندی سب سے بڑا انعام ہے (جو ان کو ملے گا)۔ (اور) اس کا ملنا (بہت) بڑی کامیابی ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی