۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 7

اے نبی! کفار اور منافقوں سے جہاد کرو۔ اور (پکا انتظام کرکے) ان پر سختی (سے حملہ) کرو۔ ان کا ٹھکانا جہنم ہے اور وہ (رہنے کے لحاظ سے) بہت بری جگہ ہے۔

وہ اللہ کی قسمیں کھاتے ہیں کہ انہوں نے کوئی (بری) بات نہیں کہی۔ حالانکہ انہوں نے کفر کی بات کہی ہے اور اسلام لانے کے بعد کفر کیا ہے۔ اور (اسلام کے خلاف) ایسی (مکروہ) باتوں کا ارادہ کیا ہے جن کو وہ حاصل نہیں کر سکتے اور انہوں نے مسلمانوں سے صرف اس لئے دشمنی کی کہ اللہ اور اس کے رسول نے ان کو اپنے فضل سے مال دار بنا دیا تھا۔ پس اگر وہ توبہ کریں تو ان کے لئے اچھا ہوگا اور اگر وہ پیٹھ پھیر کر چلے جائیں تو اللہ ان کو دنیا میں بھی اور آخرت میں (بھی) دردناک عذاب دے گا اور اس جہان میں نہ کوئی ان کا دوست ہوگا اور نہ مددگار۔

اور ان میں سے (کچھ افراد) ایسے بھی ہیں جو اللہ سے یہ عہد کرتے ہیں کہ اگر وہ (اللہ) ہمیں اپنے فضل سے کچھ دے گا تو ہم ضرور اس کی راہ میں صدقہ کریں گے اور ہم ضرور نیک بن جائیں گے۔

اور جب اس (خدا) نے ان کو اپنے فضل سے مال عطا فرمایا تو انہوں نے اس کی راہ میں اسے خرچ کرنے سے بخل کیا اور (اپنے پرانے طریقوں کی طرف) لوٹ گئے اور (خدا اور رسول کی باتوں سے) روگردانی کرتے ہوئے پیٹھ پھیر لی۔

پس (نتیجہ یہ ہوا کہ) اُس [1]نے اُن کے دلوں میں اس دن تک کے لئے جب وہ اس سے ملیں گے نفاق کا سلسلہ چلا دیا کیونکہ انہوں نے جو خدا سے وعدہ کیا تھا اس کی خلاف ورزی کی۔ اور بوجہ اس کے کہ وہ جھوٹ بولتے تھے۔

[1] یعنی اللہ تعالیٰ نے۔

کیا ان کو معلوم نہیں تھا کہ اللہ ان کے مخفی مشوروں (کو بھی جانتا ہے) اور ان کے کھلے مشوروں کو (بھی) جانتا ہے۔ اور یہ کہ اللہ پورے طور پر غیب کی باتوں سے واقف ہے۔

یہ (منافق ہی) ہیں جو مومنوں میں سے خوشی سے بڑھ بڑھ کر صدقے دینے والوں پر طنز کرتے ہیں اور ان پر بھی جو کہ سوائے اپنی (محنت کی) کمائی کے (کوئی) طاقت نہیں رکھتے۔ سو (باوجود اس قربانی کے) یہ (منافق) ان پر ہنسی کرتے ہیں۔ اللہ ان (میں سے اشد مخالفوں) کو ہنسی کی سزا دے گا اور ان کو دردناک عذاب پہنچے گا۔

تو ان کے لئے استغفار کر یا نہ کر (ان کے لئے برابر ہے) اگر تو ان کے لئے ستر بار بھی استغفار کرے گا تو اللہ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ یہ اس لئے ہوگا کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کا انکار کیا اور اللہ اطاعت سے نکل جانے والی قوم کو کبھی کامیابی کا راستہ نہیں دکھاتا۔

(جہاد سے) پیچھے چھوڑے ہوئے (منافق) اللہ کے رسول کے (حکم کے) خلاف (چل کر) اپنی جگہ بیٹھ رہنے پر بہت خوش ہیں اور انہوں نے اپنی جانوں اور اپنے مالوں کے ساتھ جہاد کرنے کو برا سمجھا تھا اور (ایک دوسرے سے) کہا تھا کہ ایسی (شدید) گرمی میں جنگ کے لئے (اکٹھے ہو کر) مت نکلو۔ تو (ان سے) کہہ دے کہ جہنم کی آگ (اس گرمی سے) زیادہ سخت ہے۔ کاش کہ وہ سمجھتے۔

پس چاہیے کہ (اپنی اس فریب دہی پر) وہ تھوڑا ہنسیں اور اپنے عمل کی جزا پر زیادہ روئیں۔

پھر اگر اللہ تجھ کو ان میں سے ایک گروہ کی طرف لوٹا لائے۔ اور وہ لوگ (کسی آئندہ) جنگ کے لئے جانے کی تجھ سے اجازت مانگیں تو تو ان سے کہہ دے کہ تم کو کبھی بھی (آئندہ) میرے ساتھ (جنگ پر) جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور کبھی بھی تم دشمن سے میرے ہمراہ ہو کر لڑنے نہیں پاؤ گے (کیونکہ) تم پہلی دفعہ (پیچھے) بیٹھ رہنے پر راضی ہو گئے تھے۔ پس (آئندہ ہمیشہ) پیچھے رہ جانے والوں کے ساتھ بیٹھ رہا کرو۔

اور ان میں سے اگر کوئی مر جائے تو اس پر نماز (جنازہ) نہ پڑھا کر۔ اور نہ اس کی قبر پر (دعا کے لئے) کھڑا ہوا کر۔ کیوں کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کا انکار کیا اور ایسی حالت میں مرے ہیں، جب کہ وہ اطاعت سے خارج ہو رہے تھے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی