۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 8

پس تجھے ان کے مال اور ان کی اولادیں تعجب میں نہ ڈالیں۔ اللہ صرف یہ چاہتا ہے کہ ان (مالوں اور اولادوں) کے ذریعہ سے ان کو اس دنیا میں عذاب دے اور یہ کہ ان کی جانیں ایسے وقت میں نکلیں کہ وہ منکر ہی ہوں۔

اور جب کوئی سورۃ (اس حکم کے ساتھ) نازل ہوتی ہے کہ اللہ پر ایمان لاؤ اور اس کے رسول کے ساتھ مل کر جہاد کرو۔ تو ان میں سے مال دار لوگ تجھ سے اجازت مانگنے لگ جاتے ہیں اور کہتے ہیں۔ ہمیں پیچھے چھوڑ جائیں تا کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ رہیں جو کہ پیچھے بیٹھنے والے ہوں گے۔

وہ اس بات پر خوش ہیں کہ پیچھے بیٹھ رہنے والے قبائل[1] میں شامل ہو جائیں اور ان کے دلوں پر مہر کر دی گئی ہے۔ پس وہ (اپنے بداعمال کی وجہ سے) سمجھتے نہیں۔

[1] قبائل کا لفظ قرآن مجید میں نہیں۔ لیکن ’’خَوَالِف‘‘ کا لفظ ہے جو یا تو جماعتوں کی جمع ہے یا عورتوں کی۔ چونکہ جماعتوں سے مراد قبائل ہیں اور انہی کا ذکر مناسب تھا۔ ہم نے خَوَالِف کے معنے پیچھے رہ جانے والے قبائل کے کر دئیے ہیں۔

لیکن یہ رسول (یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم) اور جو اس کے ساتھ ہو کر (خدا پر) ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے اپنے مال اور اپنی جانوں کے ذریعہ سے جہاد کیا ہے۔ ان کے لئے ہر قسم کی بھلائیاں ہیں اور وہی (آخر) کامیاب ہونے والے ہیں۔

اللہ نے ان کے لئے ایسی جنتیں تیار کی ہیں، جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں۔ وہ ان باغوں میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

اور مدینہ کے اردگرد جنگلوں (اور چھوٹے گاؤں) میں رہنے والے لوگوں میں سے بہانہ ساز (لوگ) آکر کہتے ہیں کہ انہیں (بھی) پیچھے رہنے کی اجازت دی جائے اور وہ لوگ جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول سے جھوٹ بولا ہے (بغیر اجازت کے ہی) پیچھے ٹھہر گئے ہیں، ان میں سے جو کافر ہیں ان کو یقیناً دردناک عذاب پہنچے گا۔

(لیکن اے رسول)! جو واقعی کمزور ہیں اور مریض ہیں۔ اور جو لوگ زاد راہ نہیں پاتے ان پر (پیچھے رہ جانے کی وجہ سے) کوئی گرفت نہیں ہوگی۔ جبکہ وہ دلی طور پر اللہ اور اس کے رسول کے مخلص ہیں (یہ لوگ محسن ہیں) اور محسنوں پر کوئی الزام نہیں اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور نہ ان لوگوں پر (کوئی الزام ہے) جو تیرے پاس اس وقت آئے جب جنگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس لئے کہ تو ان کو کوئی سواری[1] مہیا کر دے۔ تو تو نے جواب دیا کہ میرے پاس کوئی چیز نہیں ہے جس پر تمہیں سوار کراؤں اور (یہ جواب سن کر) وہ چلے گئے اور (اس) غم سے ان کی آنکھوں سے آنسو بہ رہے تھے کہ افسوس ان کے پاس کچھ نہیں جسے (خدا کی راہ میں) خرچ کریں۔

[1] حدیثوں میں ان لوگوں کی روایت آتی ہے۔ کہ خدا کی قسم ہم سواری مانگنے نہیں گئے تھے، بلکہ ہماری مراد چپلیوں سے تھی۔ جن کو پاؤں میں ڈال کر ہم تپتی ہوئی پتھریلی زمین پر چل سکیں۔ قرآن کریم کے الفاظ بھی اسے برداشت کرتے ہیں۔ کیونکہ ان کا لفظی ترجمہ یہی ہے کہ ہمیں وہ چیز دے جس کے اوپر کھڑے ہو کر ہم مقام جہاد تک پہنچ سکیں۔ اور اس سے مراد جوتی یا چپلی ہو سکتی ہے وہ وقت ایسا تنگی کا تھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سب مجاہدین کوجوتیاں یا چپلیاں تک مہیا نہیں کر سکتے تھے۔ (فتح البیان)

الزام صرف ان لوگوں پر ہے جو اس حالت میں اجازت مانگتے ہیں کہ وہ مال دار ہوتے ہیں۔ وہ پیچھے بیٹھ رہنے والے قبائل کے ساتھ (بیٹھ رہنے پر) راضی ہو گئے اور اللہ نے ان کے دلوں پر مہر کر دی۔ مگر وہ (ایسے ہیں کہ) سمجھتے ہی نہیں۔

جب تم جنگ سے ان کی طرف واپس لوٹ کر آتے ہو تو وہ تمہارے پاس آکر (قسم قسم کے) عذر کرتے ہیں، تو ان سے کہہ دے کہ عذر نہ کرو۔ ہم (تمہارے عذروں کو) ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔ اللہ نے تمہارے حالات سے ہم کو خبر دے دی ہے اور اللہ اور اس کا رسول تمہارے عملوں کو بھانپتے رہیں گے۔ پھر تم حاضر و غائب کو جاننے والے خدا کے حضور لوٹائے جاؤ گے۔ پس وہ تمہارے عملوں کی حقیقت سے تم کو خبردار کرے گا۔

جب تم ان کی طرف لوٹو گے تو وہ تمہارے سامنے اللہ کی قسمیں کھائیں گے تا تم ان سے درگزر کرو (سو ہم بھی تم سے کہتے ہیں کہ) ان سے درگذر ہی کرو۔ کیونکہ وہ گندے ہیں اور ان کا ٹھکانا ان کے اعمال کے بدلہ میں پہلے ہی سے جہنم مقرر ہو چکا ہے۔

وہ تمہارے سامنے قسمیں کھائیں گے کہ تم ان سے راضی ہو جاؤ۔ پس اگر تم ان سے راضی بھی ہو جاؤ تو اللہ اطاعت سے نکل جانے والے لوگوں سے راضی نہیں ہوگا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی