۱۰۔ سورۃ يونس

تفسیر صغیر, حصہ 3

اس ورلی زندگی کی حالت (تو) اس پانی کی طرح ہے، جسے ہم نے بادل سے برسایا، پھر اس کے ساتھ زمین کی روئیدگی جسے آدمی اور چارپائے کھاتے ہیں مل (کر یک جان ہو) گئی۔ یہاں تک کہ جب زمین نے (اس کے ذریعہ سے) اپنی کمال درجہ کی زینت کو پالیا ور خوب صورت ہوگئی اور اس کے مالکوں نے سمجھ لیا کہ (اب) وہ اس پر قابو یافتہ ہیں تو اس پر دن یا رات کو (عذاب کے متعلق) ہمارا حکم آگیا۔ اور ہم نے اسے ایک کٹے ہوئے کھیت کی طرح کر دیا گویا یہاں کل (کچھ) تھا (ہی) نہیں۔ (غرض) جو لوگ سوچ سے کام لیتے ہیں ان کے لئے ہم اسی طرح (اپنی) آیات کو کھول کر بیان کرتے ہیں۔

اور اللہ سلامتی کے گھر کی طرف بلاتا ہے اور جسے پسند کرتا ہے (اسے) ایک سیدھی راہ پر چلا (کر منزل مقصود تک پہنچا) دیتا ہے۔

ان لوگوں کے لئے جنہوں نے نیکو کاری اختیار کی بہترین انجام ہوگا اور (اس پر) مزید (انعامات بھی) ـــ-- ان کے چہروں پر نہ غبار چھائے گا اور نہ ذلت (کے آثار ہوں گے) یہ لوگ جنت کے مکین ہیں (اور) اس میں رہتے چلے جائیں گے۔

اور جنہوں نے بدیاں کی ہوں گی (ان کے لئے) بدی کا بدلہ اس (بدی کے) برابر ہوگا اور انہیں ذلت پہنچے گی اور کوئی بھی انہیں اللہ (کے عذاب) سے بچانے والا نہیں ہوگا (اور ان کی حالت ایسی ہوگی) گویا ان کے مونہوں پر رات کے کئی (کئی) تاریک ٹکڑے[1] ڈال دئے گئے ہیں۔ یہ (لوگ) آگ (میں رہنے) والے ہیں۔ اس میں لمبے عرصہ تک رہتے چلے جائیں گے۔

[1] یعنی رنگ سخت سیاہ ہو جائے گا اور یوں معلوم ہوگا کہ رات چلتی آرہی ہے۔

اور (اے لوگو! اس دن کو یاد کرو) جس دن ہم ان سب[2] کو جمع کریں گے پھر جنہوں نے شرک کیا (ہوگا) انہیں ہم کہیں گے (کہ پرے ہٹ کر) اپنی جگہ پر (کھڑے رہو) تم بھی اور تمہارے (بنائے ہوئے خدائی کے) حصہ دار (بھی) پھر ہم ان میں آپس میں (بھی) جدائی ڈال دیں گے اور ان کے (بنائے ہوئے خدا کے) شریک (انہیں) کہیں گے (کہ) تم ہماری عبادت (تو ہرگز) نہیں کرتے تھے۔

[2] یعنی سب قسم کے کفار کو۔ کیا کتابی، کیا غیر کتابی۔

پس تمہارے درمیان اور ہمارے درمیان (خود) اللہ کافی گواہ ہے۔ ہم تمہاری پرستش سے قطعاًبے خبر تھے۔

(تب) وہاں ہر ایک شخص جو کچھ اس نے (اپنے لئے) بویا ہوگا اس کا مزہ چکھے گا اور انہیں ان کے سچے مالک اللہ کی طرف لوٹا (کر) لایا جائے گا اور جو کچھ وہ (اپنے پاس سے) گھڑتے تھے وہ (سب) انہیں بھول جائے گا۔

تو (ان سے) کہہ (کہ بتاؤ) آسمان اور زمین سے تمہیں کون روزی دیتا ہے یا (یہ کہ) کانوں اور آنکھوں پر کون قابو رکھتا ہے اور کون (ایک) مردہ (چیز) میں سے زندہ (چیز) نکالتا اور زندہ (چیز) میں سے مردہ (چیز) نکالتا ہے اور کون (اس) تمام امر کا انتظام کرتا ہے۔ اس پر وہ ضرور کہیں گے کہ اللہ (کرتا ہے) تب (انہیں) کہہ (کہ پھر وجہ) کیا (ہے کہ) تم تقویٰ اختیار نہیں کرتے۔

وہ[1] اللہ ہی (کی ہستی) ہے (جو ایسا کرتی ہے) (اور وہی) تمہارا حقیقی رب (ہے) اور[2] حق کو چھوڑ کر گمراہی کے سوا کیا (حاصل ہو سکتا) ہے۔ پس (بتاؤ تو سہی کہ) کس طرح تم (اور اور طرف) پھیرے جا رہے ہو۔

[1] عربی میں فاء ہے جس کے معنے ’’پس‘‘ کے ہیں۔ مگر اردو میں اس کی ضرورت نہ تھی اس لئے حذف کر دیا گیا۔

[2] اس جگہ فاء کا ترجمہ ’’اور‘‘ کیا گیا ہے کہ وہ بھی جائز ہے۔

اسی طرح جن لوگوں نے فسق اختیار کیا ہے ان پر تیرے رب کا فرمودہ پورا ہوا ہے کہ وہ ایمان نہیں لاتے۔

تو (انہیں) کہہ (کہ) کیا تمہارے (قرار دادہ) شریکوں میں سے کوئی (بھی ایسا) ہے جو پہلی بار پیدا کرتا ہو (اور) پھر اس (پیدائش) کو دوہراتا ہو۔ تو (انہیں) کہہ (کہ) اللہ (ہی ہے جو) پہلی بار پیدا کرتا ہے (اور) پھر اس (پیدائش) کو دوہراتا ہے۔ پس (بتاؤ کہ باوجود اس کے) تمہیں کس طرف کو پھیرا جا رہا ہے۔

تو (ان سے یہ بھی) کہہ (کہ) کیا تمہارے (بنائے ہوئے) شریکوں میں سے کوئی (بھی ایسا) ہے جو حق کی طرف (لوگوں) کی رہنمائی کرتا ہو (وہ تو اس سوال کا کیا جواب دیں گے) تو (خود ہی ان سے) کہہ دے (کہ) اللہ (ہی ہے جو) حق کی طرف (لوگوں کی) رہنمائی کرتا ہے پس کیا وہ (خدا) جو حق کی طرف رہنمائی کرتا ہے اس بات کا زیادہ مستحق ہے کہ اس (کے احکام) کی پیروی کی جائے یا وہ (فرضی خدا) جو کہ سوائے اس (صورت) کے کہ اسے (ہدایت کا) راستہ دکھایا جائے (خود بھی) راہ نہیں پاتا پھر بتاؤ تمہیں کیا (ہوگیا) ہے؟ تم کیسے فیصلے کرتے ہو؟

·

آج 10 میں سے 10 باقی