۱۰۔ سورۃ يونس

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور ان میں سے اکثر (اپنے) وہم کے سوا (اور کسی چیز کی) پیروی نہیں کرتے (حالانکہ) وہم حق کی جگہ کچھ بھی کام نہیں دیتا۔ جو کچھ یہ (لوگ) کرتے ہیں (اسے) اللہ یقیناً خوب جانتا ہے۔

اور اس قرآن کا اللہ کے سوا (کسی اور) کی طرف سے جھوٹے طور پر بنا لیا جانا (ممکن ہی) نہیں ہو سکتا۔ بلکہ یہ (تو) اس (کلام الٰہی) کی تصدیق (کرتا) ہے جو اس سے پہلے (موجود) ہے اور کتاب (الٰہی میں جو کچھ پایا جانا چاہیے اس) کی تفصیل (بیان کرتا ہے اور) اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ یہ تمام جہانوں[1] کے رب کی طرف سے ہے۔

[1] یعنی تبھی اس تمام مخلوقات کے لئے ضروری تعلیم موجود ہے۔

کیا وہ کہتے ہیں کہ اس (شخص) نے اسے (اپنی طرف سے) گھڑ لیا ہے؟ تو (انہیں) کہہ (کہ) اگر تم (اس بیان میں) سچے ہو تو اس (کی سورتوں) جیسی کوئی ایک (ہی) سورۃ لے آؤ اور اللہ کے سوا جس (کسی کو بھی [1]بلانے) کی تمہیں طاقت ہو (اپنی مدد کے لئے) بلالو۔

[1] یعنی پہلی کتب جو الہامی کہلاتی ہیں ان کی مدد بھی لے لو۔ ورنہ مسیح وغیرہ سے مدد لینے کا تو عقلاًاور شرعاً کوئی سوال ہی نہیں۔ اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ انجیل قرآن کریم کے مقابلہ میں بالکل ہیچ ہے۔ وہ اس کے مقابلہ میں نہیں آسکتی۔ گو بقول عیسائیوں کے وہ ابن اللہ کی بنائی ہوئی کتاب ہے۔

(مگر ان کا یہ خیال درست نہیں) بلکہ (حقیقت میں) انہوں نے (ایک) ایسی چیز کو جھٹلا دیا ہے جس کا انہوں نے پورا علم حاصل ہی نہیں کیا تھا۔ اور نہ (ہی) ابھی اس کی حقیقت ان پر ظاہر ہوئی تھی۔ جو لوگ ان سے پہلے تھے انہوں نے (بھی) اسی طرح جھٹلایا تھا پھر دیکھ (کہ) ان ظالموں کا کیا انجام ہوا تھا۔

اور ان[2] میں سے بعض ایسے ہیں جو اس پر ایمان لائیں گے[3] اور بعض ایسے ہیں جو اس پر ایمان نہیں لائیں گے اور تیرا رب فساد کرنے والوں کو خوب جانتا ہے۔

[2] یعنی عیسائیوں میں سے۔

[3] یہ بھی ایک پیشگوئی ہے کہ کسی دن عیسائی کثرت سے قرآن کریم پر ایمان لائیں گے۔

اور اگر وہ تجھے جھٹلائیں تو (انہیں) کہہ (کہ) میرا عمل (خود) میرے لئے (مفید یا مضر) ہوگا اور تمہارا عمل تمہارے لئے (مفید یا مضر ہوگا) جو کچھ میں کرتا ہوں اس سے تم بری (الذمہ) ہو۔ اور جو کچھ تم کرتے ہو اس سے میں بری (الذمہ) ہوں۔

اور ان (لوگوں) میں سے (بعض ایسے) ہیں جو تیری (باتوں کی) طرف (ہر وقت) کان رکھتے ہیں۔ (تو) کیا تو ایسے بہروں کو اگرچہ وہ عقل سے کام (ہی) نہ لیتے ہوں (اپنی بات) سنوالے گا؟

اور ان میں سے بعض ایسے (بھی) ہیں جو تیری طرف (نظریں گاڑ کر) دیکھتے (رہتے) ہیں (تو) کیا تو ان اندھوں کی اگرچہ وہ بصیرت (بھی) نہ رکھتے ہوں راہنمائی کرلے گا۔

اللہ (کی شان) یقیناً (ایسی ہے کہ وہ) لوگوں پر کچھ بھی ظلم نہیں کرتا، بلکہ لوگ اپنی جانوں پر (آپ ہی) ظلم کرتے ہیں۔

اور جس دن وہ انہیں ایسی حالت میں جمع کرے گا کہ (وہ محسوس کرتے ہوں گے کہ) گویا وہ دن کی ایک ساعت کے سوا (دنیا میں) نہیں رہے تھے (اس دن) وہ ایک دوسرے (کی حالت) کو معلوم کر لیں گے (یاد رکھو کہ) جن لوگوں نے اللہ کے حضور پیش ہونے (کے وعدہ) کو جھٹلایا اور وہ ہدایت کو قبول کرنے والے نہیں بنے، انہوں نے نقصان (ہی) اٹھایا۔

اور جس (عذاب کے بھیجنے) کا ہم ان سے وعدہ کرتے ہیں اگر ہم اس کا کوئی حصہ (تیرے سامنے بھیج کر) تجھے دکھا دیں (توتوبھی دیکھ لے گا) اور اگر ہم (اس گھڑی سے پہلے) تجھے وفات دے دیں تو (تجھے مابعدالموت اس کی حقیقت معلوم ہو جائے گی اور) بہرحال (چونکہ) انہوں نے ہماری طرف لوٹنا ہے (انہیں بھی وہاں اس کی حقیقت معلوم ہو جائے گی) اور (یاد رکھو کہ) جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اس سے خوب آگاہ ہے۔

اور ہر ایک قوم کے لئے ایک (نہ ایک) رسول (کا آنا ضروری ہوتا) ہے۔ پس جب ان کا رسول آتا ہے تو ان کے درمیان انصاف کے ساتھ فیصلہ کر دیا جاتا ہے اور ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جاتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی