۱۰۔ سورۃ يونس

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور وہ کہتے ہیں (کہ) اگر تم سچے ہو تو یہ وعدہ کب (پورا) ہوگا؟

تو (انہیں) کہہ (کہ) میں (تو) اللہ کی مشیت کے سوا (خود) اپنے حق میں (بھی) نہ کسی نقصان پر قابو رکھتا ہوں اور نہ کسی نفع پر (ہاں یہ درست ہے کہ) ہر ایک قوم کے (مستحق عذاب ہونے کے) لئے ایک میعاد مقرر ہوتی ہے، جب وہ آجاتی ہے تو (اس وقت) وہ نہ کوئی گھڑی (اس سے) پیچھے رہ (کہ اس سے بچ) سکتی[1] ہے اور نہ (ہی) آگے بڑھ (کر اس سے خلاصی پا) سکتی ہے۔

[1] اُمَّۃٌ کا لفظ چونکہ مجموعۂ افراد پر بولا جاتا ہے۔ اس لئے لفظ کے لحاظ سے اس کی طرف مفرد ضمیر بھی جا سکتی ہے اور معنوں کے لحاظ سے جمع بھی۔ ہم نے مفرد کی ضمیر ترجمہ میں پھیری ہے۔

تُو (اُنہیں) کہہ دے (کہ بھلا) بتاؤ (تو سہی کہ) اگر اس[2] کا عذاب رات کو یا دن کو (تمہارے دیکھتے دیکھتے) تم پر آجائے، تو مجرم لوگ اس سے کیونکر بھاگ سکیں گے۔

[2] یعنی خداتعالیٰ کا۔

کیا پھر جب وہ آجائے گا (تو اس وقت) تم اس پر ایمان لاؤ گے؟ (اس کا کچھ فائدہ نہیں ہو سکتا۔ اس وقت تو تم سے کہا جائے گا کہ) کیا اب (تم ایمان لاتے ہو) حالانکہ (اس کے آنے تک) تم اس کے جلد آنے کا مطالبہ کرتے رہے ہو۔

پھر جن لوگوں نے ظلم کیا ہوگا انہیں کہا جائے گا (کہ اب) تم قائم رہنے والا عذاب پاؤ۔ کیا تمہیں اپنے عمل کے سوا کسی اور چیز کی جزا دی جا رہی ہے۔

اور وہ تجھ سے دریافت کرتے ہیں (کہ) کیا وہ (عذاب سچ مچ) واقع ہوگا۔ ُتو (انہیں) کہہ دے (کہ) ہاں! مجھے اپنے رب کی قسم ہے (کہ) وہ یقیناً واقع ہونے والا ہے۔ اور تم (ایسا کرنے سے خدا کو) عاجز نہیں کر سکتے۔

اور اگر ایسے شخص کو جو ظالم بنا ہے وہ سب کچھ مل جاتا جو زمین میں موجود ہے تو وہ اس کو دے کر اپنے نفس کو چھڑانے میں کوتاہی نہ کرتا (یعنی اگر ممکن ہو سکتا مگر ایسا نہ ہو سکے گا) اور جب وہ عذاب کو دیکھیں گے تو وہ اپنی شرمندگی کو چھپائیں گے اور ان کے درمیان انصاف سے فیصلہ کر دیا جائے گا اور ان پر (کوئی) ظلم نہیں کیا جائے گا۔

سنو! جو کچھ آسمانوں اور زمین میں (پایا جاتا) ہے وہ سب (کا سب) یقیناً اللہ (ہی) کا ہے۔ اور[1] اللہ کا وعدہ یقیناً پورا ہونے والا ہے مگر ان میں سے اکثر (لوگ) نہیں جانتے۔

[1] آیت میں دو جگہ اَ لَا کا لفظ آیا ہے جس کے معنے ہوشیار کرنے کے ہیں۔ ہم نے پہلے اَ لَا کا ترجمہ ’’سنو‘‘ کر دیا ہے اور دوسرے اَلاَ کا ترجمہ ’’اور‘‘ کرکے اس کے ساتھ ملا دیا ہے اور اردو درست ہوگئی ہے۔

وہ زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے اور اسی کی طرف تمہیں لوٹایا جائے گا۔

اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے یقیناً ایک ایسی کتاب آگئی ہے جو سراسر نصیحت ہے اور وہ (ہر) اس (بیماری) کے لئے جو سینوں میں (پائی جاتی) ہو شفا (دینے والی) ہے اور ایمان لانے والوں کے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔

تو ان سے کہہ دے (کہ یہ سب کچھ) اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے (وابستہ) ہے پس اسی پر انہیں خوشی منانا چاہیے جو (مال) وہ جمع کر رہے ہیں اس سے یہ (نعمت کہیں) زیادہ بہتر ہے۔

تو (ان سے) کہہ (کہ) کیا تم نے اس بات کو (بھی کبھی سوچ کر) دیکھا ہے کہ اللہ نے تمہارے لئے (آسمان سے) رزق اتارا ہے پھر تم نے اس میں سے (کچھ) حرام اور (کچھ) حلال ٹھہرا دیا ہے تو (ان سے) کہہ (کہ) کیا اللہ نے تمہیں (اس بات) کی اجازت دی ہے یا تم اللہ پر (محض) افترا کرتے ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی