۱۰۔ سورۃ يونس

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور جو لوگ اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں ان کا قیامت کے دن کے متعلق کیا خیال ہے۔ اللہ لوگوں پر یقیناً (بہت ہی بڑے) انعام کرنے والا ہے۔ مگر ان میں سے اکثر (لوگ) شکر نہیں کرتے۔

اور تو نہ (کبھی) کسی کام میں (مشغول) ہوتا ہے اور نہ تو اس (کتاب) میں سے کوئی حصۂ قرآن پڑھتا ہے اور نہ (ہی) تم (سب لوگ) کوئی (اور) کام کرتے ہو مگر (ان سب صورتوں میں) جب تم (اپنے کام میں پوری) توجہ سے مشغول ہوتے ہو ہم تمہیں دیکھ رہے ہوتے ہیں اور زمین یا آسمان میں کوئی (ایک) ذرہ بھر چیز (بھی) تیرے رب (کی نظر) سے پوشیدہ نہیں ہوتی اور نہ (ہی ذرہ سے) کوئی چھوٹی چیز یا بڑی چیز ہے جو (ہر ایک حقیقت کو) روشن کر دینے والی ایک کتاب میں (مذکور اور موجود) نہ ہو۔

سنو! جو (لوگ) اللہ سے سچی محبت رکھنے والے ہیں ان پر نہ کوئی خوف (مستولی ہوتا) ہے اور نہ وہ غمگین ہوتے ہیں۔

(یعنی وہ لوگ) جو ایمان لائے اور تقویٰ کو (ہمیشہ) لازم حال رکھتے تھے۔

ان کے لئے (اس) ورلی زندگی میں (بھی خدا کی طرف سے) بشارت (پانے کا انعام مقرر) اور بعد والی (زندگی) میں بھی۔ اللہ کی (فرمودہ) باتوں میں (قطعاً) کوئی تبدیلی نہیں (ہوسکتی) یہی (وہ کامیابی ہے جو بڑی) عظیم الشان کامیابی (کہلا سکتی) ہے۔

اور (چاہیے کہ) ان کی (کوئی مخالفانہ) بات تمہیں غمگین نہ کرنے پائے (کیونکہ) غلبہ بکلی اللہ کو حاصل ہے (اور) وہ خوب سننے والا (اور) خوب جاننے والا ہے۔

سنو! (مخلوق کا) جو (فرد بھی) آسمانوں کے اندر (پایا جاتا) اور زمین میں (موجود) ہے (ہر ایک) اللہ ہی کا ہے اور جو لوگ اللہ کے سوا (دوسری چیزوں کو) پکارتے ہیں وہ (دراصل خدا کے) شریکوں کی پیروی نہیں کرتے (بلکہ حق یہ ہے کہ) وہ صرف (اپنے) وہم کی پیروی کرتے ہیں اور وہ صرف تخمینوں (اور ڈھکونسلوں) سے کام لیتے ہیں۔

وہ (لاشریک ہستی) ہی ہے جس نے تمہارے لئے رات کو اس لئے (تاریک) بنایا ہے کہ تم اس میں آرام پاؤ۔ اور اس کے بالمقابل دن کو (کام کاج کے لئے) روشن (بنایا ہے) جو لوگ (حق بات کو) سنتے (اور اس سے فائدہ اٹھاتے) ہیں ان کے لئے اس (نظام) میں یقیناً کئی ایک نشان ہیں۔

(اور) انہوں نے (تو یہاں تک) کہہ دیا ہے (کہ) اللہ نے (بھی اپنے لئے) اولاد اختیار کی ہے (حالانکہ [1]ہم تو اسے) اس بات سے پاک قرار دیتے ہیں۔ وہ نہایت (ہی) بے نیاز ہے جو کچھ آسمانوں میں (پایا جاتا) ہے اور جو کچھ زمین میں (موجود) ہے (سب) اسی کا ہے۔ اس (دعویٰ) کا (جوتم کرتے ہو) تمہارے پاس کوئی بھی ثبوت نہیں ہے (پھر) کیا تم اللہ کی طرف وہ (بات) منسوب کرتے ہو جس کی بابت تم (کچھ بھی) علم نہیں رکھتے۔

[1] یعنی مسلمان۔

تو (ان سے) کہہ (کہ) جو (لوگ) اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں، وہ ہرگز کامیاب نہیں ہوتے۔

دنیا میں (ان کا حصہ صرف چند روز کے لئے) نفع اٹھانا ہے پھر انہیں ہماری طرف لوٹنا ہوگا۔ پھر اس وجہ سے کہ وہ کفر کرتے (چلے جاتے) ہیں ہم انہیں سخت عذاب (کا مزہ) چکھائیں گے۔

اور تو انہیں نوح کا حال (بھی) سنا کیونکہ اس نے (بھی) اپنی قوم سے کہا تھا (کہ) اے میری قوم! اگر تمہیں میرا (خداداد) مرتبہ اور اللہ کے نشانوں کے ذریعہ سے تمہیں[2] (تمہارا فرض) یاد دلانا ناگوار (گذرتا) ہے تو یاد رکھو کہ صرف اللہ کی ذات پر میں بھروسا رکھتا ہوں۔ تم اپنے تجویز کردہ شریکوں سمیت اپنی بات کے (متعلق سب پختگی کے سامانوں) کو جمع کر لو (اور) نیز چاہیے کہ تمہاری بات تم پر (کسی پہلو سے) مشتبہ نہ رہے، پھر اسے مجھ پر نافذ کردو اور مجھے (کوئی موقع اور) مہلت نہ دو۔

[2] قرآن مجید میں ضمیر متکلم بھی ہے۔ مگر اردو میں اس کے ترجمہ کے بغیر ترجمہ صحیح رہتا ہے اس لئے اسے چھوڑ دیا گیا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی