۱۰۔ سورۃ يونس

تفسیر صغیر, حصہ 7

پھر بھی اگر تم پھر جاؤ تو اس میں میرا کوئی نقصان نہیں (بلکہ تمہارا ہی ہے) کیونکہ میں نے تم سے (اس کے بدلہ میں) کوئی اجر نہیں مانگا۔ میرا اجر اللہ کے سوا اور کسی پر نہیں ہے اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں (اس کے) کامل فرمانبرداروں میں سے بنوں۔

اس پر بھی انہوں نے اسے جھٹلا دیا۔ تب ہم نے اسے اور (نیز) انہیں جو کشتی میں اس کے ساتھ (سوار) تھے بچا لیا۔ اور انہیں ہم نے پہلے لوگوں کا جانشین بنا دیا اور جن لوگوں نے ہمارے نشانوں کو جھٹلایا (تھا) انہیں ہم نے غرق کر دیا۔ سو دیکھو (کہ) جن لوگوں کو (اس عذاب سے) آگاہ کر دیا گیا تھا ان کا انجام کیسا ہوا؟

پھر اس کے بعد ہم نے اور (بھی کئی) رسول اپنی (اپنی) قوم کی طرف بھیجے اور وہ ان کے پاس روشن نشانات لے کر آئے تو وہ (لوگ) اس سبب سے کہ (اس سے پہلے) اس (صداقت) کو جھٹلا چکے تھے (اس پر) ایمان نہ لائے۔ ہم حد سے بڑھنے والوں کے دلوں پر اسی طرح مہر لگایا کرتے ہیں۔

پھر ان کے بعد ہم نے موسیٰ اور ہارون کو اپنے نشان دیکر فرعون اور اس کی قوم کے بڑے لوگوں کی طرف بھیجا، تو انہوں نے تکبر اختیار کیا اور وہ (پہلے ہی سے) ایک مجرم قوم تھے۔

پھر جب ہماری طرف سے ان کے پاس حق آیا تو انہوں نے کہہ دیا (کہ) یہ ضرور ہی ایک (تعلقات کو) کاٹ دینے والا فریب ہے۔

(اس پر) موسیٰ نے ان سے کہا (کہ) کیا تم حق کی نسبت (ایسا) کہتے ہو (اور وہ بھی اس وقت) جبکہ وہ تمہارے پاس آگیا ہے کیا یہ فریب (ہو سکتا) ہے؟ حالانکہ فریب دینے والے کامیاب نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا، کیا تو (اس لئے) ہمارے پاس آیا ہے کہ جس بات پر ہم نے اپنے باپ دادوں کو پایا ہے اس سے ہمیں ہٹا دے اور تم دونوں کو ملک میں بڑائی حاصل ہو جائے اور ہم تم پر ہرگز ایمان نہیں لائیں گے۔

اور فرعون نے (اپنے لوگوں سے) کہا (کہ) تم میرے پاس (ملک بھر کے) ہر ایک کامل واقفیت رکھنے والے ساحر کو لے آؤ۔

پس جب ساحر (لوگ) آئے تو موسیٰ نے انہیں کہا (کہ) جو کچھ تم نے ڈالنا ہے ڈالو۔

اس پر جب انہوں نے (جو کچھ ڈالنا تھا) ڈال دیا۔ تو موسیٰ نے کہا (کہ) جو کچھ تم لوگوں نے پیش کیا ہے (پورا) پورا فریب ہے۔ (اور) اللہ ضرور اسے مٹا دے گا۔ اللہ مفسدوں کی کارروائیوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیتا[1]۔

[1] ہم نے لَا یُصْلِحُ کا ترجمہ ’’کامیاب نہیں ہونے دیتا‘‘ اس لئے کیا ہے کہ یُصْلِحُ کے معنے اصلاح کرنے کے ہوتے ہیں اور جب کسی کام کی اصلاح ہو جائے تو اس کا نتیجہ صحیح نکل آتا ہے اور انسان کامیاب ہو جاتا ہے۔

اور اللہ اپنے کلمات کے ذریعہ سے حق کو قائم کرتا ہے گو مجرم (لوگ اس بات کو) ناپسند ہی کریں۔

پھر (بھی) اس کی قوم کے چند نوجوان ہی اس پر ایمان لائے باقی لوگوں نے فرعون (کے ڈر سے) اور اپنی قوم کے بڑے لوگوں کے خوف سے کہ وہ انہیں کسی مصیبت میں (نہ) ڈال دے موسیٰ کی فرمانبرداری (اختیار) نہ کی اور فرعون یقینی طور پر چیرہ دستی کرنے والا تھا اور حد سے بڑھ جانے والوں میں سے تھا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی