۱۰۔ سورۃ يونس
تفسیر صغیر, حصہ 8
اور موسیٰ نے (اپنی قوم سے) کہا (کہ) اے میری قوم! اگر یہ بات (درست) ہے کہ تم اللہ پر ایمان لائے ہو، تو اگر (اس کے ساتھ) تم (اس کے) سچے فرمانبردار (بھی) ہو تو اسی پر بھروسا کرو۔
اس پر انہوں نے کہا (کہ) ہم اللہ پر ہی بھروسا رکھتے ہیں۔ اے ہمارے رب! ہمیں (ان) ظالم لوگوں کے لئے فتنہ (کا موجب) نہ بنا۔
اور اپنی رحمت سے ہمیں کافر لوگوں (کے ظلم) سے بچالے۔
اور ہم نے موسیٰ اور اس کے بھائی کی طرف وحی بھیجی کہ تم مصر میں چند مکانوں (کی جگہ) کو اپنی قوم کے (رہنے کے) لئے مخصوص کردو۔ اور تم سب لوگ اپنے (اپنے) گھر آمنے سامنے بناؤ اور (ان میں) عمدگی سے نماز ادا (کیا) کرو۔ اور (یہ وحی بھی کی کہ اے موسیٰ)! تو مومنوں کو (کامیابی کی) بشارت دے۔
اور موسیٰ نے کہا (کہ) اے ہمارے ربّ! تو نے فرعون (کو) اور اس کی قوم کے بڑے لوگوں کو (اس) ورلی زندگی میں زینت (کے سامان) اور اموال دے رکھے ہیں مگر اے ہمارے ربّ! نتیجہ یہ نکل[1] رہا ہے کہ وہ تیرے رستہ سے (لوگوں کو) برگشتہ کر رہے ہیں۔ پس اے ہمارے رب! ان کے مالوں کو برباد کر دے اور ان کے دلوں پر بھی سزا نازل کر جس کا یہ نتیجہ نکلے کہ جب تک وہ دردناک عذاب نہ دیکھ لیں ایمان نہ لائیں[2]۔
[1] یہاں لامِ عاقبت ہے یعنی یہ پہلی بات کا نتیجہ ہے۔
[2] اس کا یہ مطلب نہیں کہ خداتعالیٰ زبردستی لوگوں پر عذاب نازل کرتا ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ یہ لوگ گمراہی میں اتنے بڑھ گئے ہیں کہ اب ایمان لانے میں ان کی الٰہی امدادنہیں ہونی چاہیے۔ ہاں عذابوں کو دیکھ کر آپ ہی توبہ کرلیں تو کرلیں۔
(اس پر اللہ نے) فرمایا، تمہاری دعا قبول کر لی گئی۔ پس تم دونوں ثابت قدمی دکھاؤ۔ اور جو لوگ علم نہیں رکھتے ان کے راہ کی پیروی ہرگز نہ کرو۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو سمندر سے (پار) گذارا، تو فرعون اور اس کی فوجوں نے سرکشی اور ظلم (کی راہ) سے ان کا پیچھا کیا۔ حتیٰ کہ جب غرق ہونے کی آفت نے اسے (اور اس کی فوج کو) آپکڑا تو اس نے کہا کہ میں ایمان لاتا ہوں کہ جس (مقتدر ہستی) پر بنی اسرائیل ایمان لائے ہیں اس کے سوا کوئی بھی معبود نہیں ہے اور میں (سچی) فرمانبرداری اختیار کرنے والوں میں سے (ہوتا) ہوں۔
(ہم نے کہا) کیا (تو) اب (ایمان لاتا ہے) حالانکہ پہلے تو نے نافرمانی کی۔ اور تو مفسدوں میں سے تھا۔
پس اب ہم تیرے بدن[2] (کے بقا) کے ذریعہ سے تجھے (ایک جزوی) نجات دیتے ہیں تا کہ جو لوگ تیرے پیچھے آنے والے ہیں ان کے لئے تو ایک نشان ہو اور لوگوں میں سے بہت سے افراد ہمارے نشانوں سے بلاشبہ بے خبر ہیں۔
[2] قرآن مجید کی صداقت اس آیت کے ذریعہ سے اب تک ثابت ہو رہی ہے کیونکہ فرعونِ موسیٰ کی لاش سمندر میں غرق ہونے کے بعد بچ کر آج تک محفوظ رکھی گئی ہے اور اب بھی مصر کے عجائب خانہ میں موجود ہے۔
اور ہم نے بلاشک و شبہ بنی اسرائیل کو ظاہری اور باطنی (ہرقسم کی) خوبی والی جگہ دی تھی اور (ہر قسم کی) پسندیدہ چیزیں (بھی) انہیں دی تھیں۔ پھر اس[1] وقت تک کہ ان کے پاس صحیح علم آگیا۔ انہوں نے (کسی امر میں) اختلاف نہ کیا۔ تیرا رب ان کے درمیان اس امر کے بارہ میں جس میں وہ اب اختلاف کر رہے[2] ہیں، یقیناً قیامت کے دن فیصلہ کر دے گا۔
[1] یعنی جب بھی ان کے پاس رسول آئے انہوں نے اختلاف کیا۔ رسولوں کی تعلیم سے پہلے روایتی ایمان دکھاتے رہے۔
[2] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اختلاف ہی سب سے بڑا اختلاف تھا۔ اس کا فیصلہ قیامت کے دن ضرور ہوگا۔
پھر اگر تو (اے قرآن کے پڑھنے[1] والے) اس (کلام) کی وجہ سے جو ہم نے تیری طرف نازل کیا ہے کسی شک (وشبہ) میں (مبتلا) ہے تو تو ان لوگوں سے جو تجھ سے پہلے اس کتاب کو پڑھ رہے ہیں دریافت کر (اور تجھے معلوم ہوگا کہ) بلاشک و شبہ (ایک) کامل صداقت تیرے رب کی طرف سے تیری طرف آئی ہے پس تو شک کرنے والوں میں سے نہ بن۔
[1] یہ خطاب قرآن مجید کے پڑھنے والوں کے لئے ہے نہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے۔ کیونکہ قرآن مجید کے بیان کے مطابق آپ سب شبہات سے بالا ہیں۔ آپ کے متعلق قرآن مجید میں آتا ہے کہ اَنَا اَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ۔ (الانعام: ۱۶۴)
اور تو ان (لوگوں) میں سے ہرگز نہ بن جنہوں نے اللہ کے نشانوں کو جھٹلا دیا ہے ورنہ تو نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائے گا۔