۱۰۔ سورۃ يونس
تفسیر صغیر, حصہ 9
جن لوگوں کے متعلق تیرے رب (کی طرف سے ہلاکت) کی خبر آچکی ہے وہ ہرگز ایمان نہیں لائیں گے۔
اور اگر ان کے پاس ہر قسم کے نشان بھی آجائیں تب بھی وہ اس وقت تک ایمان نہیں لائیں گے جب تک دردناک عذاب نہ دیکھ لیں۔
اور کیوں یونس کی قوم کے سوا کوئی (اور ایسی) بستی نہ ہوئی جو (سب کی سب) ایمان لاتی اور اس کا ایمان لانا اسے نفع دیتا۔ جب وہ (یعنی یونس کی قوم کے لوگ) ایمان لائے تو ہم نے ان (پر) سے اس ورلی زندگی میں (بھی) رسوائی کا عذاب دور کر دیا اور انہیں ایک وقت تک (ہر طرح کا) سامان عطا کیا۔
اور اگر اللہ (ہدایت کے معاملہ میں) اپنی (ہی) مشیت کو نافذ کرتا تو (جس قدر) لوگ زمین پر موجود ہیں وہ سب کے سب ایمان لے آتے (پس جب خدا بھی مجبور نہیں کرتا) تو کیا تو لوگوں کو (اتنا) مجبور کرے گا کہ وہ مومن بن جائیں۔
اور اللہ کے دئے ہوئے اذن کے سوا کسی شخص کے اختیار میں نہیں کہ وہ ایمان لے آئے اور وہ اپنا غضب ان لوگوں پر (نازل) کرتا ہے جو عقل رکھتے ہوئے اس سے کام نہیں لیتے۔
تو (انہیں) کہہ (کہ) دیکھو (تو) آسمانوں اور زمین میں کیا (ہورہا) ہے اور کسی قسم کے نشانات (بھی) خواہ امن کے ہوں خواہ ڈرانے والی خبریں ان لوگوں کو فائدہ نہیں دیتیں جو ایمان نہ لانے پر مُصر ہوں۔
پھر کیا جو لوگ ان سے پہلے گذر چکے ہیں وہ ان کے ایام کے مشابہ ایام کے سوا کسی اور چیز کا انتظار کر رہے ہیں؟ تو ان سے کہہ (کہ) اچھا (اگر وہی نمونہ دیکھنا ہے تو) پھر تم (لوگ کچھ) انتظار کرو۔ میں (بھی) یقیناً تمہارے ساتھ انتظار کرنے والوں میں سے ہوں۔
اور (جب وہ عذاب آجائے گا تو اس وقت) ہم اپنے رسولوں کو اور جو لوگ ان پر ایمان لائے ہیں ان سب کو بچالیں گے۔ اسی طرح ہمارے ذمہ (خود اپنا قائم کیا ہوا) ایک حق ہے کہ ہم مومنوں کو ضرور بچا لیا کرتے ہیں۔
تو کہہ کہ اے لوگو! اگر تم میرے دین کے متعلق کسی قسم کے شک (وشبہ) میں ہو تو (سن لو کہ) اللہ کے سوا جن (معبودوں) کی تم پرستش کرتے ہو میں ان کی پرستش نہیں کرتا بلکہ میں اللہ کی پرستش کرتا ہوں جو تم کو وفات دے گا۔ اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں ایمان لانے والوں میں سے بنوں۔
اور (اس فرمان کے پہنچانے کا بھی حکم دیا گیا ہے) کہ (اے مخاطب) تو ہر کجی سے پاک ہوتے ہوئے اپنی توجہ کو ہمیشہ کے واسطے دین کے لئے (وقف) کر دے اور تو مشرکوں میں سے ہرگز نہ بن۔
اور تو اللہ کے سوا (کسی چیز) کو جو تجھے نہ (کوئی) نفع پہنچاتی ہے اور نہ (کوئی) نقصان پہنچاتی ہے نہ پکار۔ اور اگر تو نے (ایسا) کیا تو اس صورت میں تو یقیناً ظالموں میں شمار ہوگا۔
اور اگر اللہ تجھے کوئی تکلیف پہنچائے تو اس کے سوا کوئی بھی اسے دور کرنے والا نہیں (ہو سکتا) اور اگر وہ تیرے لئے کوئی بہتری چاہے تو اس کے فضل کو روکنے والا (بھی قطعاً) کوئی نہیں (ہوسکتا) وہ اپنے بندوں میں سے جسے پسند کرتا ہے اسے (اپنا فضل) پہنچا دیتا ہے اور وہ بہت ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔