۱۱۔ سورۃ هود

تفسیر صغیر, حصہ 10

اور جو خوش نصیب ثابت ہوں گے وہ جنت میں ہوں گے وہ اس میں اس وقت تک رہتے چلے جائیں گے جب تک کہ آسمان اور زمین قائم [2] ہیں۔ سوائے اس وقت کہ جو تیرا رب چاہے (یہ ایسی) عطا ہے جو (کبھی) کاٹی نہیں جائے گی۔

[2] قرآن مجید کہتا ہے کہ جنتیوں کے آسمان و زمین ہمیشہ قائم رہیں گے اور ان کا انعام کبھی ختم نہ ہوگا۔ پس یہ جملہ صرف خدائی ادب کے لئے ہے۔

پس (اے مخاطب) جو عبادت یہ (لوگ) کرتے ہیں۔ اس کے (باطل ہونے کے) متعلق تو کسی شک (اور شبہ) میں نہ پڑ۔ یہ اسی طرح کی عبادت کرتے ہیں جس طرح کی عبادت (ان سے) پہلے ان کے باپ دادے کرتے تھے اور ہم یقیناً انہیں (بھی) ان کا حصہ پورا پورا دیں گے۔ جس میں سے (ہرگز) کچھ کم نہیں کیا جائے گا۔

اور ہم نے (اختلافات مٹانے کے لئے) یقیناً موسیٰ کو (بھی) کتاب (یعنی تورات) دی تھی پھر (کچھ مدت کے بعد) اس کے متعلق (بھی) اختلاف کیا گیا اور اگر وہ (رحمت کے وعدہ والی) بات جو تیرے رب کی طرف سے پہلے (سے) نازل ہو چکی ہے (مانع) نہ ہوتی تو ان کے درمیان (کبھی) کا فیصلہ کیا جا چکا ہوتا۔ اور اب تو وہ اس (کتاب یعنی قرآن) کے متعلق (بھی) ایک بے چین کر دینے والے شک میں (پڑے ہوئے) ہیں۔

اور تیرا رب یقیناً ان سب کو ان کے اعمال (کے پھل) پورے (پورے) دے گا وہ جو کچھ کرتے ہیں۔ اسے وہ خوب جانتا ہے۔

پس (اے رسول)! تو ان (لوگوں) سمیت جنہوں نے تیرے ساتھ ہو کر (ہماری طرف) رجوع کیا ہے (اس طرح پر) جس طرح تجھے حکم دیا گیا ہے سیدھی راہ پر قائم رہ۔ اور (اے مومنو)! تم کبھی حد سے نہ بڑھنا۔ جو کچھ تم کرتے ہو وہ [1]اسے دیکھ رہا ہے۔

[1] یعنی اللہ تعالیٰ۔

اور تم ان لوگوں کی طرف جنہوں نے ظلم (کا شیوہ اختیار) کیا ہے نہ جھکنا۔ ورنہ تمہیں (بھی جہنم کی) آگ (کی لپٹ) پہنچے گی اور (اس وقت) اللہ کے سوا تمہارا کوئی دوست (اور مددگار) نہ ہوگا اور تمہیں (کسی طرف سے بھی) مدد نہیں ملے گی۔

اور (اے مخاطب)! تو دن کی دونوں طرفوں نیز رات کے (متعدد اور مختلف) اوقات میں عمدگی سے نماز ادا کیا کر۔ یقیناً نیکیاں بدیوں کو دور کر دیتی ہیں۔ یہ (تعلیم اللہ کی) یاد رکھنے والوں کے لئے ایک نصیحت ہے۔

اور صبر (اور استقلال) سے کام لے کیونکہ اللہ نیکو کاروں کے اجر کو ہرگز ضائع نہیں (کیا) کرتا۔

پھر کیوں ان قوموں میں سے جو تم سے پہلے (زمانہ میں) تھیں ایسے عقلمند (لوگ) نہ نکلے جو (لوگوں کو) ملک میں بگاڑ پیدا کرنے سے روکتے۔ سوائے چند ایک کے جنہیں ہم نے (ان کے بدیوں سے رکنے اور روکنے کی وجہ سے) بچا لیا۔ اور (باقی لوگ) جنہوں نے ظلم (کا شیوہ اختیار) کیا تھا اس (مال و متاع کی لذت) میں مشغول ہو گئے جس میں انہیں آسودگی بخشی گئی تھی۔ اور مجرم ہو گئے۔

اور تیرا رب ایسا ہرگز نہیں ہے کہ (ملک کی) آبادیوں کو باوجود اس کے کہ ان کے رہنے والے اصلاح (کے کام) کرنے والے ہوں ہلاک کر دے۔

اور اگر تیرا رب اپنی ہی مشیت نافذ کرتا تو تمام لوگوں کو ایک ہی جماعت بنا دیتا اور (چونکہ اس نے ایسا نہیں کیا اور انہیں ان کی عقل پر چھوڑ دیا ہے) وہ ہمیشہ اختلاف کرتے رہیں گے۔

سوائے ان کے جن پر تیرے رب نے رحم کیا ہے۔ اور اسی (رحم کا مورد بنانے کے) لئے اس نے انہیں پیدا کیا ہے۔ اور تیرے رب کا یہ فرمودہ ضرور پورا ہوگا (کہ) میں جہنم کو یقیناً (ان سب) جنوں اور انسانوں سے (جو اختلاف کا موجب بنتے ہیں) پر کروں گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی