۱۱۔ سورۃ هود

تفسیر صغیر, حصہ 9

اور یقیناً ہم نے موسیٰ کو ہر قسم کے نشان اور روشن دلیل دے کر بھیجا

فرعون اور اس کی قوم کے بڑے لوگوں کی طرف۔ لیکن انہوں نے (موسیٰ کو چھوڑ کر) فرعون کے حکم کی پیروی کی اور فرعون کا حکم ہرگز درست نہ تھا۔

وہ قیامت کے دن اپنی قوم کے آگے (آگے) چلے گا اور ان کو (دوزخ) کی آگ میں (جا) اتارے گا۔ پھر وہ گھاٹ بھی اور اس میں اترنے والے بھی برے ہوں گے۔

اور اس دنیا میں (بھی) ان کے پیچھے لعنت لگا دی گئی اور قیامت کے دن بھی (لگا دی جائے گی) یہ انعام[1] جو انہیں دیا جانے والا ہے بہت ہی برا ہے۔

[1] طنز کے طور پر سزا کا نام انعام رکھا ہے۔ کیونکہ کافر دنیا میں یہی کہتے تھے کہ خداتعالیٰ کے پاس بھی ہم کو اچھی چیزیں ملیں گی رِفْد کا لفظ عربی میں انعام اور خلعت شاہی کے لئے بولا جاتا ہے (اقرب) یہاں موسٰی علیہ السلام کی قوم کی سزا کے لئے یہی لفظ بولا گیا ہے اور مراد طنز ہے۔

یہ (تباہ شدہ) بستیوں کی خبروں میں سے ایک حصہ ہے ہم اسے تیرے سامنے بیان کرتے ہیں ان میں سے بعض (بستیاں ابھی تک موجود) کھڑی ہیں (یعنی ان کے نشان موجود ہیں) اور بعض تباہ شدہ حالت میں ہیں (یعنی ان کے نشان تک مٹ گئے ہیں)۔

اور ہم نے ان پر کوئی ظلم نہیں کیا (تھا) بلکہ انہوں نے (خود ہی) اپنی جانوں پر ظلم کیا تھا پھر جب تیرے رب (کے عذاب) کا حکم آ گیا تو ان کے معبودوں نے جنہیں وہ اللہ کے سوا پکارا کرتے تھے انہیں کچھ بھی فائدہ نہ دیا اور سوائے تباہی میں ڈالنے کے انہوں نے (کسی بات میں) انہیں نہ بڑھایا۔

اور تیرے رب کی گرفت جب وہ بستیوں کو اس حالت میں کہ وہ ظلم پر ظلم کر رہی ہوں پکڑتا ہے، اسی طرح (یعنی اتمام حجت کے بعد) ہوا کرتی ہے۔ اس کی گرفت بڑی ہی دردناک (اور) سخت ہوتی ہے۔

جو آخرت کے عذاب سے ڈرتا ہو، اس کے لئے (خدا کی) اس (گرفت) میں یقیناً ایک (عبرت انگیز) نشان (پایا جاتا) ہے۔ یہ ایک ایسا دن (آنے والا) ہے جس کے لئے لوگوں کو جمع کیا جائے گا اور یہ ایسا دن ہوگا جسے سب لوگ دیکھیں گے۔

اور ہم اسے صرف ایک مقررہ میعاد تک پیچھے ڈال رہے ہیں۔

جس وقت وہ آئے گا کوئی شخص اس کے (یعنی خدائے برتر کے) اذن کے سوا کلام نہیں کر سکے گا۔ پھر ان میں سے (بعض تو) بدبخت (ثابت) ہوں گے اور (بعض) خوش نصیب ہوں گے۔

پس جو بدبخت (ثابت) ہوں گے وہ آگ میں (داخل) ہوں گے۔ اس میں (کسی وقت تو) ان کے (درد سے) لمبے سانس (نکل رہے) ہوں گے اور (کسی وقت) ہچکی کی حالت کے مشابہ سانس (نکل رہے ہوں گے)

وہ اس میں اس وقت تک رہتے چلے جائیں گے جب تک کہ آسمان اور زمین قائم[1] ہیں سوائے اس (عرصہ) کے جو تیرا رب چاہے، تیرا رب جو چاہتا ہے اسے کرکے رہتا ہے۔

[1] یہ محض محاورہ ہے ورنہ قرآن سے یہی ثابت ہے کہ ایک دن سب دوزخی دوزخ سے نکل جائیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی