۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر, حصہ 3
ان دونوں[1] گروہوں کی حالت ایک اندھے اور آنکھوں والے اور بہرے اور خوب سننے والے کی (حالت کی) طرح ہے۔ کیا ان (دونوں) کی حالت برابر ہو سکتی ہے؟ کیا پھر (بھی) تم نہیں سمجھتے۔
[1] قرآن مجید میں اندھے اور بہرے اور بینا اور سننے والے کے الفاظ اکٹھے بیان ہوئے ہیں۔ مگر اردو میں اندھے کے مقابلہ میں بینا آتا ہے اور بہرے کے مقابلہ میں سننے والا۔ اس لئے ہم نے اردو محاورہ کے مطابق عبارت کو آگے پیچھے کر دیا ہے۔ جو عربی کے قاعدہ لف و نشر مرتب کے مطابق ہے۔
اور ہم نے ہی نوح کو اس کی قوم کی طرف (رسول بنا کر) بھیجا تھا (جس پر اس نے انہیں کہا تھا) کہ خوب سن لو کہ میں تمہاری طرف کھول (کھول) کر آگاہ (اور ہوشیار) کرنے والا (بنا کر بھیجا گیا) ہوں۔
(اس پیغام کے ساتھ) کہ تم اللہ کے سوا (کسی ہستی) کی پرستش نہ کرو۔ میں یقیناً تم پر ایک (بڑے) تکلیف (دینے) والے دن کے عذاب (کے آنے) سے ڈرتا ہوں۔
اس پر ان بڑے لوگوں نے جنہوں نے اس کی قوم میں سے (اس کا) انکار کیا تھا (اسے) کہا (کہ) ہم تجھے اپنے جیسے ایک آدمی کے سوا (کچھ) نہیں سمجھتے۔ اور نہ ہم (یہ) دیکھتے ہیں کہ سوائے ان لوگوں کے جو سرسری نظر میں ہم سے حقیر ترین (نظر آتے) ہیں کسی نے تیری پیروی (اختیار) کی ہو۔ اور ہم اپنے اوپر تمہاری (کسی قسم کی) کوئی فضیلت نہیں دیکھتے بلکہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ تم جھوٹے ہو۔
اس نے کہا اے میری قوم! (ذرا) بتاؤ (تو سہی کہ) اگر (ثابت ہو جائے کہ) میں (اپنے دعویٰ کی بنا) اپنے رب کی طرف سے (عطا شدہ) کسی کھلے نشان پر (رکھتا) ہوں اور اس نے اپنے حضور سے مجھے اپنی ایک بہت بڑی رحمت عطا کی ہے اور وہ تم پر مشتبہ رہی ہے (تو تمہارا کیا حال ہوگا؟) کیا ہم اس (روشن نشان) کو تم سے جبرا منوالیں گے خواہ تم اسے ناپسند[1] ہی کرتے ہو۔
[1] یعنی جبراً دین منوانا نبیوں کی سنت نہیں۔
اور اے میری قوم! میں اس کی بابت تم سے کوئی مال نہیں مانگتا۔ میرا اجر اللہ کے سوا (اور) کسی پر نہیں اور میں ان لوگوں کو جو (مجھ پر) ایمان لائے ہیں ہرگز نہیں دھتکاروں گا وہ (تو) اپنے رب سے ملنے (کا شرف پانے) والے ہیں لیکن ان کو ذلیل سمجھنا مجھ پر یہ روشن کر دیتا ہے کہ تم جاہل لوگ ہو۔
اور اے میری قوم! اگر میں ان کو رد کر دوں تو (اس فعل پر) اللہ کی طرف سے (آنے والی سزا سے مجھے بچانے کے لئے) کون میری مدد کرے گا۔ کیا تم (پھر بھی) نہیں سمجھتے۔
اور میں تم سے (یہ) نہیں کہتا (کہ) اللہ کے خزانے میرے پاس ہیں اور نہ یہ کہ میں غیب کا علم رکھتا ہوں اور نہ میں (یہ) کہتا ہوں کہ میں فرشتہ ہوں۔ اور نہ میں ان (لوگوں) کے متعلق جنہیں تمہاری آنکھیں حقارت کی نگاہ سے دیکھتی ہیں (یہ) کہتا ہوں (کہ) اللہ انہیں (کبھی) کوئی بھلائی نصیب نہیں کرے گا جو کچھ ان کے نفسوں میں ہے اسے اللہ (ہی سب سے) بہتر جانتا ہے اگر میں تمہارا ہم زبان ہو جاؤں تو میں یقیناً ظالموں میں شامل ہو جاؤں گا۔
انہوں نے کہا (کہ) اے نوح! تو ہم سے بحث کر چکا ہے، بلکہ خوب بحث کر چکا ہے اب یہی رہ گیا ہے کہ اگر تو راستبازوں میں سے ہے تو جس (عذاب) سے تو ہمیں ڈراتا ہے اسے ہم پر لے آ۔
اس نے کہا۔ اللہ ہی اگر چاہے گا تو اسے لائے گا اور تم (اسے اس کے لانے سے) ہرگز عاجز نہیں کر سکتے۔
اور اگر میں ذاتی طور پر تم سے خلوص (کا تعلق) رکھنا چاہوں (بھی) تو میرا (تم سے) خلوص رکھنا تمہیں (اللہ کے عذاب سے بچنے کے لئے کوئی) نفع نہیں پہنچائے گا۔ اگر اللہ (یہ) چاہتا ہو کہ تمہیں ہلاک کرے تو وہ تمہارا رب ہے اور اسی کی طرف تم لوٹائے جاؤ گے۔
کیا وہ کہتے ہیں (کہ) اس نے اس (عذاب کے وعدہ) کو اپنے پاس سے گھڑ لیا ہے تو انہیں کہہ اگر میں نے اسے اپنے پاس سے گھڑ لیا ہے تو میرا یہ خطرناک جرم (ضرور) مجھ پر (ہی وبال بن کر) پڑے گا اور (تمہارے جرموں کا وبال مجھ پر نہیں ہوگا کیونکہ) جو خطرناک جرم تم کرتے ہو ان سے میں بیزار ہوں۔