۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور نوح کی طرف (یہ بھی) وحی کی گئی تھی کہ جو (لوگ) ایمان لا چکے ہیں ان کے سوا تیری قوم میں سے (اب) کوئی (اور شخص تجھ پر) ہرگز ایمان نہیں لائے گا۔ اس لئے جو (کچھ) وہ کر رہے ہیں اس کی وجہ سے تو افسوس نہ کر۔
اور تو ہماری آنکھوں کے (سامنے) اور ہماری وحی کے مطابق کشتی بنا اور جن لوگوں نے ظلم (کا شیوہ اختیار) کیا ہے ان کے متعلق مجھ سے (کوئی) بات نہ کر وہ ضرور (ہی) غرق کیے جائیں گے۔
اور وہ (یعنی نوح) ہمارے حکم کے مطابق کشتی بناتا چلا جاتا تھا اور جب بھی اس کی قوم میں سے کوئی بڑے لوگوں کی جماعت اس کے پاس سے گذرتی تھی تو وہ اس پر ہنستی تھی (جس پر) اس نے (ان سے) کہا (کہ) اگر (آج) تم (لوگ) ہم پر ہنستے ہو تو (کل) ہم (بھی) تم پر ہنسیں گے جیسا کہ (آج) تم (ہم پر) ہنستے ہو۔
پھر جلد تمہیں معلوم ہو جائے گا (کہ) وہ کون (سا فریق) ہے جس پر ایسا عذاب آرہا ہے جو اسے رسوا کر دے گا اور جس پر مستقل عذاب نازل ہو رہا ہے۔
یہاں تک کہ جب ہمارا (عذاب کا) حکم[1] آجائے اور چشمے پھوٹ کر بہ پڑیں (تو) ہم کہیں گے کہ ہر ایک (قسم کے جانوروں) میں سے ایک جوڑا یعنی دو (ہم جنس فردوں) کو اور اپنے اہل (وعیال) کو (بھی) سوائے اس (فرد) کے جس (کی ہلاکت) کے متعلق (اس عذاب کے آنے سے) پہلے (ہی ہمارا قطعی) فرمان جاری ہو چکا ہے اور نیز ان کو جو تجھ پر ایمان لائے ہیں اس میں سوار کرادے اور اس پر سوائے قلیل تعداد کے کوئی ایمان نہ لایا تھا۔
[1] یہاں ماضی کا لفظ ہے لیکن پیشگوئیوں میں اکثر قرآن مجید ماضی کے لفظ استعمال کرتا ہے یہ بتانے کے لئے کہ یہ بات ایسی ہی یقین ہے جیسے کوئی گذری ہوئی چیز یقینی ہوتی ہے۔
چنانچہ (جب طوفان آگیا تو) اس نے (اپنے ساتھیوں کو) کہا (کہ) اس میں سوار ہو جاؤ اس کا چلنا اور اس کا ٹھہرایا جانا اللہ کے نام کی برکت سے ہی ہوگا۔ میرا رب یقیناً بہت ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور وہ پہاڑوں کی طرح کی (اونچی)[2] موجوں میں انہیں لئے جا رہی تھی اور (اسی اثنا میں) نوح نے اپنے بیٹے کو جبکہ وہ (اس سے علیحدہ) ایک اور جانب کی طرف چلا گیا تھا پکارا (کہ) اے میرے بیٹے! ہمارے ساتھ سوار ہو جاؤ اور کافروں کے ساتھ نہ ہو۔
[2] عربی میں موج مفرد ہے۔ مگر اردو میں اس جگہ جمع کا لفظ بولا جاتا ہے۔ اس لئے ہم نے ترجمہ میں موجوں کا لفظ استعمال کیا ہے۔
اس نے کہا کہ میں ابھی کسی پہاڑ پر جا ٹھہروں گا (اور پناہ لوں گا) جو اس پانی سے مجھے بچالے گا۔ اس نے کہا (کہ) اللہ کے (اس عذاب کے) حکم سے آج کوئی بھی (کسی کو) بچانے والا نہیں (ہوسکتا) سوائے اس کے کہ جس پر وہ (آپ) رحم کردے۔ اور (اسی اثنا میں) پانی کی لہر ان دونوں کے درمیان حائل ہو گئی اور وہ غرق کیے جانے والوں میں شامل ہو گیا۔
اس کے بعد (زمین سے بھی) کہہ دیا گیا (کہ) اے زمین تو (اب) اپنے پانی کو نگل جا اور (آسمان سے بھی کہ) اے آسمان (اب) تو (برسنے سے) تھم جا۔ اور پانی کو جذب کر دیا گیا اور (یہ) معاملہ ختم کر دیا گیا۔ اور وہ کشتی جودی[1] پر (جاکر) ٹھہر گئی اور کہہ دیا گیا کہ (اے عذاب کے فرشتو)! ظالم لوگوں کے لئے ہلاکت مقدر کردو۔
[1] جُودی : کہتے ہیں ایک پہاڑ کا نام تھا جو موجودہ تحقیق کے مطابق آرمینیا میں ہے۔
اور نوح نے اپنے رب کو پکارا اور کہا اے میرے رب! میرا بیٹا یقیناً میرے اہل میں سے ہے اور تیرا وعدہ (بھی) نہایت سچا ہے اور تو سب فیصلہ کرنے والوں سے بڑھ کر (بہتر اور درست) فیصلہ کرنے والا ہے۔
فرمایا اے نوح! وہ تیرے اہل میں سے ہرگز نہیں کیونکہ وہ یقیناً برے عمل کرنے والا ہے پس تو مجھ سے ایسی دعا نہ کر جس کے بارہ میں تجھے (میری طرف سے) علم نہ دیا گیا ہو اور میں تجھے نصیحت کرتا ہوں کہ جاہلوں کی طرح کبھی کام نہ کیجیئو۔
(نوح نے) کہا اے میرے رب! میں اس بارہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ تجھ سے کوئی ایسا سوال کروں جس کے متعلق مجھے حقیقی علم حاصل نہ ہو اور اگر تو میری گزشتہ غفلت کو معاف نہ کرے اور رحم نہ کرے تو میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جاؤں گا۔