۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر, حصہ 5
(اس پر اسے) کہا گیا (کہ) اے نوح! تو ہماری طرف سے (عطا شدہ) سلامتی اور طرح طرح کی برکات کے ساتھ جو تجھ پر اور ان امتوں[1] پر جو تیرے ساتھ ہیں (نازل کی گئی ہیں) سفر[2] کر۔ اور بعض جماعتیں ایسی بھی ہیں جنہیں ہم ضرور (دنیا کا عارضی) سامان عطا کریں گے (مگر) پھر ان پر ہماری طرف سے دردناک عذاب آئے گا۔
[1] معلوم ہوا ہے کہ نوحؑ کی نبوت کا زمانہ دیر تک چلا گیا تھا۔ اور اس کے زمانہ میں کئی امتیں بنیں اور بگڑیں۔
[2] اس جگہ سفر سے مراد کشتی کا سفر نہیں بلکہ نبوت کے زمانہ کا سفر ہے۔
یہ[3] (انذاری بیان) غیب کی اہم خبروں میں سے ہے جنہیں ہم تجھ پر وحی (کے ذریعے سے نازل) کرتے ہیں۔ نہ تو ان کو اس سے پہلے جانتا تھا اور نہ تیری قوم (جانتی تھی) پس تو صبر سے کام لے (اچھا) انجام یقیناً تقویٰ اختیار کرنے والوں کا (ہی) ہوتا ہے۔
[3] یعنی یہ نوحؑ کا قصہ بیان نہیں ہو رہا بلکہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوم پر آنے والے عذاب کی خبر دی جا رہی ہے۔
اور عاد کی طرف (ہم نے) ان کے بھائی ہود کو (رسول بنا کر بھیجا تھا اور) اس نے انہیں کہا تھا کہ اے میری قوم! تم اللہ کی عبادت کرو۔ اس کے سوا تمہارا کوئی بھی معبود نہیں ہے (اس کے شریک مقرر کرنے میں) تم محض افتراء کرنے والے ہو۔
اے میری قوم! میں اس (کام) کا تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا۔ میرا اجر اس ہستی کے ذمہ ہے جس نے مجھے پیدا کیا ہے۔ کیا پھر (بھی) تم عقل سے کام نہیں لیتے۔
اور اے میری قوم! تم اپنے رب سے بخشش مانگو۔ پھر اس کی طرف (کامل) رجوع اختیار کرو۔ جس کے نتیجہ میں وہ تم پر خوب برسنے والا بادل بھیجے گا اور تم کو طاقت کے بعد طاقت بخشے گا اور مجرم بن کر خدا سے منہ نہ پھیرو۔
انہوں نے کہا، اے ہود! تو ہمارے پاس (اپنے دعویٰ کا) کوئی روشن ثبوت نہیں لایا اور ہم (محض) تیرے کہہ دینے سے اپنے معبودوں کو چھوڑ نہیں سکتے اور نہ ہی ہم تجھ پر ایمان لائیں گے۔
(تیرے متعلق) ہم سوائے اس کے (کچھ) نہیں کہتے کہ ہمارا کوئی معبود بد ارادوں سے تیرے پیچھے پڑ گیا ہے۔ اس نے کہا، میں اللہ کو (اس بات کا) گواہ ٹھہراتا ہوں اور تم بھی گواہ رہو کہ جس کسی کو تم اللہ کا شریک قرار دیتے ہو میں اس سے بیزار ہوں۔
(سو اگر میں غلطی پر ہوں) تو سب مل کر میرے خلاف منصوبہ کرو۔ اور مجھے کوئی ڈھیل نہ دو۔
میں اللہ پر جو میرا (بھی) رب (ہے) اور تمہارا (بھی) رب ہے بھروسہ کرتا ہوں (اور کہتا ہوں کہ روئے زمین پر) کوئی بھی چلنے والا (جاندار) ایسا نہیں کہ وہ (خدا) اس کی پیشانی کو پکڑے[1] ہوئے نہ ہو۔ میرا رب یقیناً مومنوں کی مدد کرنے کے لئے سیدھی راہ پر کھڑا ہے (اور اپنی طرف آنے والوں کی حفاظت کر رہا ہے)
[1] یعنی اس کے قبضہ میں نہ ہو۔
پس اگر تم میری طرف سے پیٹھ پھیر لو تو (اس میں میرا کوئی نقصان نہیں کیونکہ) جو (تعلیم) دے کر مجھے تمہاری طرف بھیجا گیا ہے وہ میں نے تمہیں پہنچا دی (ہوئی) ہے اور (اگر تم پیٹھ پھیر لو گے تو) میرا رب تمہارے سوا کسی اور قوم کو (پہلوں کا) جانشین بنا دے گا اور تم اس کو کچھ (بھی) نقصان نہیں پہنچا سکو گے۔ میرا رب یقیناً ہر چیز کا محافظ ہے۔
اور جب ہمارا (عذاب کے متعلق) حکم آگیا تو (اس وقت) ہم نے ہود کو (بھی) اور جو لوگ اس کے ساتھ ایمان لائے تھے ان کو (بھی) (اس عذاب سے) اپنی (خاص) رحمت کے ذریعہ سے نجات دی اور ہم نے انہیں ایک سخت عذاب سے بچا لیا۔
اور یہ (مغرور) عاد (ہی تھے) جنہوں نے (دیدہ و دانستہ) اپنے رب کے نشانوں کا انکار کر دیا تھا۔ اور اسکے رسولوں کی نافرمانی کی تھی۔ اور ہر ایک سرکش (اور) حق کے دشمن (شخص) کے حکم کی پیروی کرنے لگ پڑے تھے۔