۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر, حصہ 6
اس[1] دنیا میں (بھی) لعنت ان کے پیچھے لگا دی گئی ہے اور قیامت کے دن (بھی لگا دی جائے گی) سنو! عاد نے یقیناً اپنے رب (کے احسانوں) کی ناشکری کی تھی۔ سنو! (ہم عذاب کے فرشتوں سے کہتے ہیں) عاد یعنی قوم ہود کے لئے لعنت مقدر کردو۔
[1] یہاں واؤ ہے جس کے معنے ’’اور‘‘ کے ہیں مگر اردو اس کے بغیر زیادہ فصیح بنتی ہے اس لئے واؤ کا ترجمہ چھوڑ دیا گیا ہے۔
اور ثمود کی طرف (ہم نے) ان کے بھائی صالح کو بھیجا تھا۔ اس نے (انہیں) کہا، اے میری قوم! تم اللہ کی عبادت کرو۔ اس کے سوا تمہارا کوئی بھی معبود نہیں۔ اسی نے تمہیں زمین سے اٹھایا (اور بلندی بخشی) اور اس میں تمہیں آباد کیا۔ اس لئے تم اس سے بخشش طلب کرو۔ اور اس کی طرف کامل رجوع اختیار کرو۔ میرا رب یقیناً قریب ہے (اور دعائیں) قبول کرنے والا ہے۔
انہوں نے کہا۔ اے صالح! اس سے پہلے (تو) تو ہمارے درمیان (آئندہ کے لئے) امید کی جگہ (سمجھا جاتا) تھا (اب) کیا تو (باوجود اس عقل و دانش کے) ہمیں اس بات سے روکتا ہے کہ ہم ایسی چیز کی عبادت کریں جس کی عبادت ہمارے باپ (دادے) کرتے آئے ہیں۔ اور (سچ تو یہ ہے کہ) جس بات کی طرف تو ہمیں بلاتا ہے اس کے متعلق ہم ایک بے چین کر دینے والے شک میں (پڑے ہوئے) ہیں۔
اس نے کہا اے میری قوم! بتاؤ اگر میں (فی الواقعہ اپنے دعویٰ کی بنا) اپنے رب کی طرف سے (عطا شدہ) کسی روشن ثبوت پر (رکھتا) ہوں۔ اور اس نے مجھے اپنی جناب سے ایک (خاص) رحمت عطا کی ہے تو (باوجود اس کے) اگر میں اس کی نافرمانی کروں تو اللہ کے مقابل پر کون میری مدد کرے گا۔ پھر (اس وقت تو) تم مجھے سوائے تباہی میں ڈالنے کے (اور) کسی بات میں نہیں بڑھاؤ گے۔
اور اے میری قوم! یہ اونٹنی [1](وہ ہے) جسے اللہ نے تمہارے لئے ایک نشان بنایا ہے اس لئے تم اسے آزاد پھرنے دو، تا کہ یہ اللہ کی زمین میں (چل پھر کر) کھائے (پیئے) اور اسے کوئی تکلیف نہ پہنچاؤ ورنہ تمہیں ایک جلد آنے والا عذاب پکڑ لے گا۔
[1] یعنی چونکہ حضرت صالحؑؑ علیہ السلام اسی اونٹنی پر سفر کرکے تبلیغ کرتے تھے اللہ تعالیٰ نے اسی کو ان کی قوم کے لئے نشان بنا دیا اور فرمایا کہ اس کو ہلاک کرنے کے یہ معنے ہوں گے کہ تم صالح ؑ کو تبلیغ سے روکتے ہو۔ جس فعل پر عذاب آنا مقدر ہے۔
اس پر انہوں نے (تلوار سے) اس کی ٹانکیں کاٹ دیں، جس پر اس نے (ان سے) کہا تم تین روز (تک) اپنے گھروں میں (اپنے حاصل شدہ سامانوں سے) فائدہ اٹھالو۔ یہ (وعدہ) ایسا وعدہ ہے جو جھوٹا نہیں ہوگا۔
پھر جب ہمارا حکم آ گیا (یعنی عذاب کا) تو ہم نے صالح کو اور اس کے ساتھ جو اس پر ایمان لائے تھے انہیں اپنی خاص رحمت کے ذریعہ ہر بلا سے اور خصوصاً اس دن کی رسوئی سے بچا لیا۔ یقیناً تیرا رب ہی (تمام تر) قوت والا (اور) غلبہ والا ہے۔
اور جنہوں نے ظلم (کا ارتکاب) کیا تھا انہیں اس عذاب نے پکڑ لیا اور وہ اپنے اپنے گھروں میں (عذاب کی وجہ سے) زمین سے چمٹے[1] ہوئے ہو گئے۔
[1] جَثَمَ کے لئے دیکھیں سورۂ اعراف آیت۷۹ نوٹ نمبر۱
گویا وہ اس (ملک) میں کبھی بسے ہی نہ تھے۔ سنو! ثمود نے اپنے رب (کے احسانوں) کی ناشکری کی تھی۔ سنو! (عذاب کے فرشتوں کو حکم دیا گیا کہ) ثمود کے لئے لعنت مقدر کر دو۔
اور ہمارے فرستادے یقیناً ابراہیم کے پاس خوشخبری لائے تھے (اور) کہا تھا کہ (ہماری طرف سے آپ کو) سلام [2]ہو۔ اس نے کہا (تمہارے لئے بھی ہمیشہ کی) سلامتی ہو۔ پھر (وہ) ایک بھنا ہوا بچھڑا جلدی سے لے آیا۔
[2] جو آنے والے تھے انہوں نے سَلَامًا کہا تھا۔ جو جملہ فعلیہ اور عارضی دعا کو ظاہر کرتا ہے۔ حضرت ابراہیمؑ نے سَلَا مٌ کہا۔ جو جملہ اسمیّہ ہے اور مستقل دعا پر دلالت کرتا ہے۔ اس میں آنے والے لوگوں اور ابراہیمؑ کے ایمان کا درجہ بیان کیا گیا ہے۔
پس جب اس نے ان کے ہاتھوں کو دیکھا کہ اس (کھانے) تک نہیں پہنچتے تو (اس نے) ان کے (اس) فعل کو غیر معمولی[3] سمجھا اور اس (فعل) سے خطرہ محسوس[4] کیا۔ (اس پر) انہوں نے کہا (کہ) تو خوف نہ کر۔ ہمیں تو لوط کی قوم کی طرف بھیجا گیا ہے۔
[3] یہاں نَکِرَھُمْ کے الفاظ ہیں جس کے معنے یہ بھی ہو سکتے ہیں کہ ان کو عجیب الحرکت انسان سمجھا۔ مگر ھُمْ سے پہلے مضاف حذف نکالا جائے تو اس کے یہ معنے ہونگے کہ ان کے اس فعل کو عجیب سمجھا۔
[4] کہ شاید کوئی بُری خبر لائے ہیں۔
اور اس کی بیوی (بھی پاس ہی) کھڑی تھی۔ اس پر وہ بھی گھبرائی[5] تب ہم نے اس کی تسلی کے لئے اس کو اسحاق کی اور اسحاق کے بعد یعقوب (کی پیدائش) کی بشارت دی۔
[5] قرآن مجید میں ضَحِکَتْ کے الفاظ ہیں۔ بعض نے اس کے معنے حیض آنے کے کیے ہیں۔ مگر یہ بے جوڑ معنے ہیں۔ ضَحِکَتْ کے معنے عربی میں گھبرا جانے کے بھی ہیں (اقرب) اور یہی معنے ہم نے یہاں کیے ہیں۔