۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر, حصہ 7
اس نے کہا، ہائے میری ذلت! کیا میں (بچہ) جنوں گی حالانکہ میں بوڑھی (ہوچکی) ہوں اور میرا خاوند بھی بڑھاپے کی حالت میں ہے۔ یہ یقیناً عجیب بات ہے۔
انہوں نے کہا کیا تو اللہ کی بات پر تعجب کرتی ہے، اے اس گھر والو تم پر (تو) اللہ کی رحمت اور اس کی (ہرقسم کی) برکات (نازل ہو رہی) ہیں (پس تمہارے لئے تو یہ بات عجیب نہیں ہونی چاہیے) وہ [1]یقیناً بہت ہی تعریف والا (اور) بزرگ شان والا ہے۔
[1] یعنی اللہ تعالیٰ۔
پس جب ابراہیم سے گھبراہٹ دور ہو گئی اور اسے خوشخبری ملی تو (اس وقت) وہ لوط کی قوم کے متعلق ہمارے ساتھ جھگڑنے لگا۔
ابراہیم بہت ہی بردبار (اور) دردمند (دل رکھنے والا) (اور ہمارے حضور) باربار جھکنے والا تھا۔
(اس پر ہم نے اسے کہا) اے ابراہیم! تو اس (سفارش) سے رک جا۔ کیونکہ تیرے رب کا (آخری) حکم آچکا ہے اور ان کی کفار کی ایسی حالت ہے کہ ان پر نہ ٹلنے والا عذاب آکر رہے گا۔
اور جب ہمارے فرستادے لوط کے پاس آئے تو ان کی وجہ سے اسے غم ہوا[2] اور اس نے دل میں تنگی محسوس کی اور کہا آج کا دن (بہت) سخت معلوم ہوتا ہے۔
[2] حضرت لوط علیہ السلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بھتیجے تھے اور پہلے عراق کے رہنے والے تھے اب جس جگہ وہ رہ رہے تھے وہ فلسطین تھا اور اس میں وہ اجنبی تھے ان کی قوم نے ان کو روکا ہوا تھا کہ اجانب کو نہ لایا کریں (سورۃ حجر آیت۷۱) مگر وہ مہمان نوازی کی عادت سے مجبور تھے جب انہوں نے مہمان دیکھے اور سمجھا کہ ان کو گھر لے گیا تو قوم ناراض ہو گئی تو اس پر وہ غمگین ہو گئے۔
اور اس کی قوم (غصہ سے) اس کی طرف بھاگتی ہوئی آئی اور (یہ پہلا موقعہ نہ تھا) پہلے (بھی) وہ (لوگ نہایت خطرناک) بدیاں کرتے تھے۔ اس نے کہا اے میری قوم یہ میری بیٹیاں[1] (جو تمہارے ہی گھروں میں بیاہی ہوئی) ہیں۔ وہ تمہارے لئے (اور تمہاری آبرو کے بچانے کے لئے) نہایت پاک (دل اور پاک خیال) ہیں پس تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میرے مہمانوں (کی موجودگی) میں مجھے رسوا نہ کرو۔ کیا تم میں سے کوئی (بھی) سمجھدار (آدمی) نہیں ہے؟
[1] حضرت لوط علیہ السلام کی دو بیٹیاں اس شہر کے لوگوں میں بیاہی ہوئی تھیں (عہدنامہ قدیم پیدائش باب۱۹ آیت۱۵) مسلمان مفسر اس جگہ غلطی سے یہ معنے کرتے ہیں کہ میری لڑکیوں سے اپنی شہوت پوری کرو۔ اور میرے مہمانوں کو نہ چھیڑو۔ یہ ایک نہایت خطرناک خیال ہے اور ایک نبی کی ذات پر حملہ ہے۔ آیت کا مفہوم صاف ہے۔ ان لوگوں کو جیسا کہ قرآن مجید اور بائبل سے ثابت ہے یہ غصہ تھا کہ لوط علیہ السلام اجانب کو کیوں لائے۔ یہ خواہش نہ تھی کہ انہیں اپنی شہوت کا شکار بنائیں اور جیسا کہ بائبل کہتی ہے کہ دو لڑکیاں پہلے سے ان میں بیاہی ہوئی تھیں ان کی طرف اشارہ کرنا لوط علیہ السلام کو بیوقوف بنانا ہے۔ لوطؑ صرف یہ کہتے ہیں کہ ان لڑکیوں کی موجودگی سے تم سمجھ سکتے ہو کہ َمیں یا میرے مہمان تم سے کوئی غدّاری نہ کریں گے۔ پس خواہ مخواہ گھبراتے کیوں ہو۔
انہوں نے کہا تو یقیناً معلوم کر چکا ہے کہ تیری لڑکیوں [2]کے متعلق ہمیں کوئی بھی حق (حاصل) نہیں ہے اور جو (کچھ) ہم چاہتے ہیں اسے تو جانتا ہے۔
[2] یعنی وہ تو پہلے سے بہو بیٹیاں ہیں۔ ہم نے تو اجنبی مہمانوں پر اعتراض کیا ہے۔
اس نے کہا کاش مجھے تمہارے مقابلہ میں (کسی قسم کی) قوت (حاصل) ہوتی (تو میں تمہارا مقابلہ کرتا) لیکن اگر یہ نہیں تو یہی صورت باقی ہے کہ میں ایک زبردست جائے پناہ کی طرف جھکوں[3]۔
[3] یعنی خداتعالیٰ سے تمہارے شر سے بچنے کے لئے دعا کروں۔
(اس پر) انہوں نے کہا (یعنی مہمانوں نے) کہ اے لوط! ہم یقیناً تیرے رب کے فرستادہ[4] ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ وہ تجھ تک ہرگز نہیں پہنچیں گے (ان کی تباہی کا وقت آچکا ہے) اس لئے تو رات کے کسی حصے میں اپنے گھر والوں کو لیکر تیزی سے (یہاں سے) چلا جا اور تم میں سے کوئی (فرد بھی) ادھر ادھر نہ دیکھے (اس طرح سے تم محفوظ رہو گے) ہاں تیری بیوی ایسی ہے کہ جو (عذاب) ان پر آیا (ہوا ہے) وہ اس پر بھی یقیناً آنے والا ہے۔ ان کا مقررہ وقت (آئندہ) صبح ہے (اور) کیا صبح قریب نہیں ہے؟
[4] وہ علاقہ کے اولیاء تھے جن کو خداتعالیٰ نے لوط علیہ السلام کے پاس اس لئے بھیجا تھا کہ چونکہ وہ غیر ملک کے ہیں۔ ان لوگوں کی راہنمائی میں علاقہ میں کوئی ٹھکانا پا سکیں اور حیران نہ ہوں۔
پھر جب ہمارا حکم[1] آگیا تو ہم نے اس (بستی) کے اوپر والے حصہ کو نیچے والا (حصہ) بنا دیا اور اس پر سوکھی مٹی کے بنے ہوئے پتھروں کی یکے بعد دیگرے بارش برسائی۔
[1] یعنی عذاب کے متعلق۔
جو تیرے رب کی تقدیر میں (ان کے لئے ہی) مقدر (اور نامزد) کیے ہوئے تھے۔ اور ان[2] ظالموں سے (بھی) یہ عذاب دور نہیں۔
[2] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کے ظالموں سے بھی یہ عذاب دور نہیں۔