۱۱۔ سورۃ هود

تفسیر صغیر, حصہ 8

اور مدین کی طرف (ہم نے) ان کے بھائی شعیب کو (نبی بنا کر بھیجا) اس نے (انہیں) کہا اے میری قوم! تم اللہ کی عبادت کرو۔ اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں اور ماپ اور تول کو کم نہ کیا کرو۔ میں (اس وقت) یقیناً تمہیں اچھی حالت میں دیکھتا ہوں اور (ساتھ ہی) میں تمہاری نسبت ایک تباہ کن دن کے عذاب سے ڈر رہا ہوں۔

اور اے میری قوم! تم ماپ اور تول کو انصاف کے ساتھ پورا کیا کرو۔ اور لوگوں کو ان کی چیزیں کم نہ دیا کرو۔ اور فسادی بن کر زمین میں خرابی مت پھیلاؤ۔

اگر تم (سچے) مومن ہو تو (یقین جانو کہ) اللہ کا (تمہارے پاس) باقی چھوڑا ہوا (مال ہی) تمہارے لئے بہتر (اور مبارک) ہے اور میں تم پر کوئی محافظ (بناکر) نہیں (بھیجا گیا۔ صرف ایک ناصح ہوں)

انہوں نے کہا، اے شعیب! کیا تیری نماز تجھے حکم دیتی ہے کہ جس چیز کی ہمارے باپ دادا پرستش کرتے (آئے) ہیں اسے ہم چھوڑ دیں یا اس بات کو (ترک کر دیں) کہ اپنے مالوں کے متعلق ہم جو چاہیں کریں (اگر ایسا ہے) تو تو یقیناً بڑا ہی عقلمند (اور) سمجھ دار (آدمی)[1] ہے۔

[1] یعنی اپنے خیال میں۔

اس نے کہا، اے میری قوم! (بھلا) بتاؤ (تو سہی) اگر (ثابت ہوا کہ) میں (اپنے دعویٰ کی بنا) اپنے رب کی طرف سے (عطا شدہ) کسی روشن دلیل پر (رکھتا) ہوں اور اس نے اپنے حضور سے مجھے اچھا (اور پسندیدہ) رزق دیا ہے (تو کل خدا کے حضور کیا جواب دو گے؟) اور میں نہیں چاہتا کہ جس بات سے تمہیں روکوں (اس سے تم رک جاؤ اور خود میں) تمہارے [2]خلاف اسی (بات) کا قصد کروں میں تو سوائے اس (حد تک) اصلاح کے جس کی مجھے طاقت ہے کچھ نہیں چاہتا اور میرا توفیق پانا اللہ ہی (کے فضل اور رحم) سے (وابستہ) ہے اسی پر میرا بھروسہ ہے اور اسی کی طرف میں باربار جھکتا ہوں۔

[2] کفار نے سمجھا کہ ہم کو فریب سے روک کر شعیب علیہ السلام اپنی تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔ چنانچہ شعیبؑ نے اس کا وہ جواب دیا جو اس آیت میں مذکور ہے۔

اور اے میری قوم! (دیکھنا کہیں تمہاری) مجھ سے دشمنی تمہیں (اس بات پر) نہ اکسادے کہ تم ویسی (ہی) مصیبت سہیڑ لو جیسی کہ نوح کی قوم یا ہود کی قوم یا صالح کی قوم پر مصیبت آئی تھی۔ اور لوط کی قوم (تو) تم سے کچھ (ایسی) دور[3] (بھی) نہیں ہے۔

[3] حضرت شعیب علیہ السلام کا مقام مدین لوطؑ کے علاقہ سے زیادہ دور نہ تھا۔ بلکہ مصر اور بحیرہ مردار کے درمیان تھا۔

اور تم اپنے رب سے بخشش طلب کرو (اور) پھر اس کی طرف کامل رجوع اختیار کرو میرا رب یقیناً باربار رحم کرنے والا (اور) بہت ہی محبت کرنے والا ہے۔

انہوں نے کہا، اے شعیب! جو کچھ تو کہتا ہے اس میں سے بہت سا (حصہ) ہماری سمجھ میں نہیں آتا۔ اور ہم تجھے اپنے درمیان ایک کمزور آدمی سمجھتے ہیں اور اگر تیرا گروہ نہ ہوتا تو ہم تجھے سنگسار کر دیتے اور تو (بذات خود) ہماری نظر میں کوئی قابل عزت وجود نہیں۔

اس نے کہا اے میری قوم! کیا میرا گروہ اللہ کی نسبت تمہاری نظر میں زیادہ قابل عزت ہے اور اسے تم نے اپنی پیٹھ کے پیچھے ڈالا ہوا ہے جو کچھ تم کرتے ہو اسے میرا رب خوب جانتا ہے۔

اور اے میری قوم! تم اپنی جگہ پر (اپنے) کام کیے جاؤ، میں (بھی اپنی جگہ پر) اپنا کام کر رہا ہوں عنقریب تمہیں معلوم ہو جائے گا کہ وہ کون ہے جس پر رسوا کر دینے والا عذاب آتا ہے اور کون جھوٹا ہے (اور کون سچا) اور تم (بھی اپنے اور میرے انجام کا) انتظار کرو۔ میں بھی یقیناً تمہارے ساتھ (نتیجہ) کا منتظر رہوں گا۔

اور جب ہمارا حکم (عذاب کے متعلق) آ گیا، تو ہم نے شعیب کو اور ان (لوگوں) کو جو اس کے ساتھ ایمان لائے تھے اپنی (خاص) رحمت سے (اس عذاب سے) بچالیا اور جنہوں نے ظلم (کا شیوہ اختیار) کیا تھا انہیں اس عذاب نے پکڑ لیا اور وہ اپنے (اپنے) گھروں میں زمین سے چمٹے ہوئے تباہ ہو گئے۔

گویا وہ ان میں (کبھی) رہے (ہی) نہ تھے۔ سنو! مدین کے لئے بھی (خدا نے) لعنت مقدر کی تھی جیسا کہ ثمود کے لئے (خدا نے) لعنت مقدر کی تھی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی