۱۲۔ سورۃ يوسف

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور اس (عورت) نے اس کے متعلق (اپنا) ارادہ پختہ کر لیا اور اس (یوسف) نے بھی اس کے متعلق (اپنا) ارادہ (یعنی اس سے محفوظ رہنے کا) پختہ کر لیا (اور) اگر اس نے اپنے رب کا روشن نشان نہ دیکھا ہوتا (تو وہ ایسا عزم نہ کر سکتا) اسی طرح پر (ہوا) تا کہ ہم اس سے (ہر ایک) بدی اور بے حیائی (کی بات) کو دور کردیں۔ (اور) وہ یقیناً ہمارے برگزیدہ (اور پاک کئے ہوئے) بندوں میں سے تھا۔

اور وہ (دونوں) دروازہ کی طرف دوڑے اور اس (کشمکش میں اس عورت) نے اس کے کرتے کو پیچھے سے پھاڑ دیا۔ اور (جب وہ دروازے تک پہنچے تو) انہوں نے اس (عورت) کے خاوند کو دروازہ کے پاس (کھڑا) پایا (جس پر) اس (عورت) نے (اپنے خاوند سے) کہا جو (شخص) آپ کے اہل سے بدی (کرنا) چاہے۔ اس کی سزا سوائے اس کے (کوئی) نہیں (ہونی چاہیے) کہ اسے قید کر دیا جائے یا (اسے) کوئی دردناک عذاب (دیا جائے)

اس (یعنی یوسف) نے کہا (بات یہ نہیں بلکہ) اس نے مجھ سے میری مرضی کے خلاف (ایک) فعل کروانا چاہا تھا اور اس (عورت ہی) کے کنبہ میں سے ایک گواہ نے گواہی دی (کہ اس عورت کے کپڑے صحیح سلامت ہیں اور اس آدمی کا کرتہ تازہ پھٹا ہوا ہے پس) اگر اس کا کرتہ آگے سے پھاڑا گیا ہے تو اس عورت نے سچ کہا ہے اور وہ (آدمی) یقیناً جھوٹا ہے۔

اور اگر اس (مرد) کا کرتہ پیچھے سے پھاڑا گیا ہے تو اس (عورت) نے جھوٹ بولا ہے اور وہ (مرد) یقیناً سچا ہے۔

پس جب اس (کے خاوند) نے اس کے (یعنی یوسف کے) کرتے کو دیکھا کہ پیچھے سے پھاڑا گیا ہے تو اس نے (اپنی بیوی سے) کہا یہ (جھگڑا) یقیناً تمہاری چالاکی سے (پیدا ہوا) ہے۔ یقیناً تم عورتوں کی چالاکی بہت بڑی ہے۔

اے یوسف! تو اس (عورت کی شرارت) سے چشم پوشی کر اور تو (اے عورت) اپنے قصور کی بخشش طلب کر۔ یقیناً تو ظالموں (اور خطاکاروں) میں سے ہے۔

اور اس شہر کی بعض عورتوں نے (ایک دوسری سے) کہا (کہ) عزیز کی عورت اپنے غلام سے اس کی مرضی کے خلاف (برا) فعل کروانا چاہتی ہے (اور) اس کی محبت نے اس کے دل کی گہرائیوں میں گھر کر لیا ہے۔ ہم (اس معاملہ میں) اسے کھلی (کھلی) غلطی پر دیکھتی ہیں۔

اور جب اس نے ان کی ان سرگوشیوں کی خبر سنی تو انہیں (دعوت) کا پیغام بھیجا اور ان کے لئے ایک (خاص) مسند تیار کی اور (جب وہ آئیں تو) ان میں سے ہر ایک کو (کھانے کے کاٹنے کے لئے ایک ایک) چھری دی اور (یوسف سے) کہا (کہ) ان کے سامنے آ۔ پس جب انہوں نے اسے دیکھا تو اسے (بہت) بڑی شان کا انسان پایا اور (اسے دیکھ کر حیرت سے) اپنے ہاتھ کاٹے[2] اور کہا (کہ یہ شخص محض) اللہ کے لئے (بدی کے ارتکاب سے) ڈرا ہے۔ یہ بشر (ہے ہی) نہیں۔ یہ (تو) صرف ایک معزز فرشتہ ہے۔

[2] یعنی انگلیاں دانتوں میں دبالیں۔

(اس پر) اس (عورت) نے انہیں کہا۔ یہ وہی (شخص) ہے۔ جس کے متعلق تم نے مجھے ملامت کی ہے اور میں نے اس سے اس کی مرضی کے خلاف (ایک برا) فعل کروانے کی کوشش ضرور کی تھی (مگر) اس پر (بھی) یہ بچا رہا۔ اور اگر اس نے وہ بات جس کے لئے میں اسے حکم دیتی ہوں نہ کی، تو یقیناً اسے قید کر دیا جائے گا۔ اور یقیناً وہ ذلیل ہوگا۔

(یہ سن کر) اس نے (دعا کرتے ہوئے) کہا (کہ) اے میرے رب! جس بات کی طرف وہ مجھے بلاتی ہے اس کی نسبت قید خانہ میں جانا مجھے زیادہ پسند ہے اور اگر ان کی تدبیر (کے بدنتیجہ) کو تو مجھ سے نہیں ہٹائے گا تو میں ان کی طرف جھک جاؤں گا۔ اور جاہلوں[2] میں سے ہو جاؤں گا۔

[2] یعنی تیری ہی مدد سے بچ سکتا ہوں۔ ورنہ تیری مدد کے بغیر کوئی بعیدنہیں کہ میں جاہلوں کے سے کام کرنے لگوں۔

پس اس کے رب نے اس کی دعا سن لی اور ان کی تدبیر (کے بدنتیجہ) کو اس سے ہٹا دیا۔ یقیناً وہی ہے جو بہت ہی (دعائیں) سننے والا (اور لوگوں کے حالات کو) خوب جاننے والا ہے۔

پھر ان (لوگوں) کی (یعنی قوم کے سرداروں کی) (ان) آثار کو دیکھنے کے بعد (یہ) رائے ہوگئی۔ کہ (بدنامی کو دور کرنے کے لئے) وہ اسے (کم سے کم) کچھ وقت کے لئے ضرور قید کردیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی