۱۲۔ سورۃ يوسف

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور قید خانہ میں اس کے ساتھ دو اور جوان (بھی) داخل ہوئے جن میں سے ایک نے (تو اس سے یہ) کہا (کہ) میں (خواب میں) اپنے آپ کو (اس حالت میں) دیکھتا ہوں کہ میں انگور نچوڑ رہا ہوں۔ اور دوسرے نے کہا (کہ) میں (خواب میں) اپنے آپ کو (اس حالت میں) دیکھتا ہوں کہ میں اپنے سر پر روٹیاں اٹھائے ہوئے ہوں جن میں سے پرندے کھا رہے ہیں (اور ان دونوں نے اس سے کہا کہ) آپ ہمیں اس کی حقیقت سے آگاہ کریں۔ ہم آپ کو یقیناً نیکو کاروں میں سے سمجھتے ہیں۔

اس نے کہا اس وقت کا کھانا ابھی نہیں آئے گا کہ میں تمہیں اس کے آنے سے پہلے اس (خواب) کی حقیقت بتادوں گا۔ یہ (تعبیر رؤیا کی اہلیت مجھ میں) اس وجہ سے (پائی جاتی) ہے کہ میرے رب نے مجھے علم بخشا ہے۔ میں نے ان لوگوں کے دین کو جو اللہ پر ایمان نہیں رکھتے اور وہ آخرت کے (بھی) منکر ہیں چھوڑ دیا ہوا ہے۔

اور میں نے اپنے باپ دادوں یعنی ابراہیم اور اسحاق اور یعقوب کے طریق کی پیروی اختیار کی ہے۔ ہمیں کسی چیز کو بھی اللہ کا شریک ٹھہرانے کا حق نہیں ہے یہ (توحید کی تعلیم کا ملنا) ہم پر اور دوسرے لوگوں پر اللہ کا (اس کے خاص فضلوں میں سے) ایک فضل ہے، لیکن اکثر لوگ (اس کے احسانوں کا) شکر نہیں کرتے۔

اے میرے قید خانہ کے ساتھیو! کیا (ایک دوسرے سے) اختلاف رکھنے والے خدا بہتر ہیں یا اللہ جو یکتا (اور) کامل غلبہ رکھنے والا ہے؟

تم اسے چھوڑ کر سوائے چند (فرضی) ناموں کے جو (خود) تم نے اور تمہارے باپ دادوں نے بنا رکھے ہیں (اور) جن کی بابت اللہ نے (تمہاری تائید میں) کوئی بھی حجت نہیں اتاری (کسی کی) عبادت نہیں کرتے (یاد رکھو) فیصلہ کرنا اللہ کے سوا کسی کے اختیار میں نہیں ہے (اور) اس نے یہ حکم دیا ہے کہ تم اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو۔ یہی درست مذہب ہے۔ لیکن اکثر لوگ جانتے نہیں۔

اے میرے قید خانہ کے دونوں ساتھیو! (اب اپنی اپنی خواب کی تعبیر سنو) تم میں سے ایک تو اپنے آقا کو شراب پلایا کرے گا اور دوسرے کو سولی دے کر مارا جائے گا۔ پھر پرندے اس کے سر پر سے (گوشت وغیرہ) کھائیں گے، (لو) جس امر کے متعلق تم پوچھ رہے ہو اس کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔

اوران میں سے اس سے جس کے متعلق اس نے یہ سمجھا تھا کہ وہ مخلصی پا جانے والا ہے اس نے کہا (کہ) اپنے آقا کے پاس میرا (بھی) ذکر کرنا۔ پھر شیطان[1] نے اس (آزاد شدہ قیدی) کو اس کے آقا سے (یہ) ذکر کرنا فراموش کرادیا اور وہ (یعنی یوسف) کئی سال قید خانہ میں (پڑا) رہا۔

[1] شیطان کا لفظ ہر کمزوری پر بولا جاتا ہے۔ اس جگہ یہ نسیان کے لئے بولا گیا ہے۔ مفسر کہتے ہیں کہ اس جگہ یوسفؑ کا ذکر ہے کہ انہوں نے شیطان کی تحریک پر اِنشاء اللّٰہ نہ کہا۔ مگر جو معنے ہم نے کیے ہیں قرآن مجید کے بھی مطابق ہیں اور یوسف علیہ السلام کی جو نبی اللہ تھے ہتک بھی نہیں ہوتی۔

اور (کچھ عرصہ کے بعد) بادشاہ نے (اپنے درباریوں سے) کہا (کہ) میں (خواب میں) سات موٹی گائیں دیکھتا ہوں۔ جنہیں سات دُبلی (گائیں) کھا رہی ہیں اور سات (تروتازہ اور) سبز بالیں (دیکھتا ہوں) اور چند اور (بالیں بھی جو) خشک (ہیں) اے سرکردہ لوگو! اگر تم رؤیا کی تعبیر (کیا) کرتے ہو تو مجھے میری (اس) رؤیا کے متعلق صحیح حکم بتاؤ۔

انہوں نے کہا (کہ یہ تو) پراگندہ خوابیں ہیں۔ اور ہم (لوگ) ایسی پراگندہ خوابوں کی حقیقت نہیں جانتے۔

اور ان (دو قیدیوں) میں سے اس نے جس نے مخلصی پائی تھی اور (جس نے) ایک عرصہ کے بعد (یوسف کے ساتھ جو اس کا معاملہ گذرا تھا اسے) یاد کیا۔ کہا (کہ) میں تمہیں اس کی حقیقت سے آگاہ کروں گا۔ پس تم (اس کی حقیقت دریافت کرنے کے لئے) مجھے بھیجو۔

(اور اس نے یوسف سے جاکر کہا کہ) اے یوسف! (ہاں) اے راستباز! ہمیں ان سات موٹی گائیوں (کو رؤیا میں دیکھنے) کے متعلق جنہیں سات دُبلی (گائیں) کھا جائیں اور (نیز) سات سبز بالوں اور (ان کے مقابل پر) چند اور خشک (بالوں کو دیکھنے) کے متعلق تشریح بتایئے تا کہ میں ان لوگوں کے پاس جاؤں کہ ان کو (تعبیر خواب کا) علم ہو جائے۔

اس نے کہا (کہ) تم سات برس مسلسل جدوجہد سے کاشت (کا کام) کرو گے پس (اس عرصہ میں) جو (کچھ) تم کاٹو اس (سب) کو سوائے (اس) تھوڑے سے حصہ کے جو تم کھالو، اس کی بالوں میں (ہی) رہنے دینا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی