۱۲۔ سورۃ يوسف
تفسیر صغیر, حصہ 5
پھر اس کے بعد سات سخت (تنگی کے سال) آئیں گے (اور) سوائے اس قلیل مقدار کے جسے تم پس انداز کر لو وہ اس (تمام غلہ) کو جو تم نے ان کے لئے پہلے سے جمع کر چھوڑا ہوگا کھا جائیں گے۔
پھر اس کے بعد ایک (ایسا) سال آئے گا، جس میں لوگوں کی فریاد[1] سنی جائے گی اور وہ (خوشحال) ہو جائیں گے اور اس حالت میں ایک دوسرے کو تحفے[2] دیں گے۔
[1] دوسرے مترجموں نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ اُن پر بارش نازل ہوگی۔ مسیحی مصنفین یہ اعتراض کرتے ہیں کہ مصر کے اس علاقہ میں تو بارش ہوتی نہیں۔ یہ قرآن کی لاعلمی ہے۔ لیکن اول تو یہ غلط ہے کہ وہاں کبھی بھی بارش نہیں ہوتی۔ کیونکہ تھوڑی بارش وہاں ہو جاتی ہے۔ دوسرے یُغَاثُ کے معنے فریاد سنی جانے کے بھی ہوتے ہیں اور اس پر کوئی اعتراض پڑتا ہی نہیں۔ یہ لوگ دیکھتے نہیں کہ اللہ تعالیٰ کا ایک نام مُسْتَغَاث بھی ہے کیونکہ وہ لوگوں کی فریاد سنتا ہے۔
[2] یہاں یَعْصِرُوْنَ ہے جس کے عام معنے انگور نچوڑنے کے ہوتے ہیں۔ لیکن لغت میں اس کے معنے عطیے دینے کے بھی لکھے ہیں، جو خوشی کے موقعہ پر دیئے جاتے ہیں۔ قحط کے بعد فراخی کے سالوں میں سارے ملک نے عید منانی ہی تھی اور ایک دوسرے کو تحفے دینے ہی تھے۔ اس لئے ہم نے یَعْصِرُوْن کے یہ معنے کیے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کو تحفے دیں گے۔
اور بادشاہ نے (یہ بات سن کر ان سے) کہا (کہ) تم اسے میرے پاس لے آؤ۔ پس جب (بادشاہ کا) پیغام رساں اس کے پاس آیا، تو اس نے (یعنی یوسف نے اس سے) کہا (کہ) تو اپنے آقا کے پاس واپس جا اور اس سے پوچھ کہ جن عورتوں نے اپنے ہاتھ کاٹے تھے ان کی (اس وقت) کیا کیفیت ہے۔ میرا رب ان کے منصوبے کو یقیناً خوب جاننے والا ہے۔
(یہ پیغام سن کر) اس نے (یعنی بادشاہ نے) ان (عورتوں) سے کہا (کہ) تمہارا (وہ) معاملہ جبکہ تم نے یوسف سے اس کی مرضی کے خلاف (ایک برا) فعل کروانے کی کوشش کی تھی[1] (اصل میں) کیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کی خاطر (بدی کے ارتکاب سے) ڈرا تھا۔ (اور) ہم نے اس میں کوئی بھی برائی (کی بات) نہیں معلوم کی تھی۔ (یہ سن کر) عزیز کی بیوی نے کہا (کہ) اب سچائی بالکل کھل گئی ہے۔ میں نے (ہی) اس سے اس کی مرضی کے خلاف (برا) فعل کرانے کی کوشش کی تھی اور وہ یقیناً راستبازوں میں سے ہے۔
[1] عورتوں نے کوئی بُرا فعل نہیں کروانا چاہا تھا، بلکہ یوسفؑ کے آقا کی بیوی نے چاہا تھا۔ مگر چونکہ وہ آقا کی بیوی کی سہیلیاں تھیں اور انہوں نے پھر بھی سچی گواہی کو چھپائے رکھا۔ اس لئے ان کی طرف جرم منسوب کیا گیا ہے۔
(اور یوسف نے اسے یہ بھی کہا کہ) یہ (بات میں نے) اس لئے کہی ہے کہ اس کو (یعنی عزیز کو) علم ہو جائے کہ میں نے (اس کی) غیر موجودگی میں اس کے حق میں خیانت نہیں کی اور یہ کہ (میرا ایمان ہے کہ) خیانت کرنے والوں کی تدبیر کو اللہ کامیاب نہیں کرتا۔
اور میں اپنے نفس کو (ہر قسم کی غلطی سے) بری قرار نہیں دیتا کیونکہ (انسانی) نفس سوائے اس کے جس پر میرا رب رحم کرے بری باتوں کا حکم دینے پر بہت دلیر ہے میرا رب (کمزوریوں پر) بہت پردہ ڈالنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور بادشاہ نے حکم دیا کہ اس کو (یعنی یوسف کو) میرے پاس لاؤ، تا کہ میں اسے اپنے (خاص کاموں کے) لئے منتخب کرلوں جب (یوسف آئے اور) اس نے (یعنی بادشاہ نے) اس سے بات چیت کی تو (ان کو ہر طرح قابل پا کر یوں) بولا کہ تو آج (سے) ہمارے ہاں معزز مرتبہ والا (اور) قابل اعتماد آدمی (شمار) ہوگا۔
(اس پر یوسف نے) کہا کہ مجھے ملک کے خزانوں پر افسر مقرر کر دیں۔ کیونکہ میں یقیناً (خزانوں کی) بہترین حفاظت کرنے والا اور (ان کے خرچ کے وجوہ کو) خوب سمجھنے والا ہوں۔
اور اس طرح (مناسب حالات پیدا کرکے) ہم نے یوسف کو (اس) ملک میں ایک بااختیار عہدہ عطا کیا وہ (اپنی مرضی کے مطابق) جہاں (کہیں) چاہتا ٹھہرتا ہم جسے چاہتے ہیں (اس دنیا میں ہی) اپنی رحمت سے (حصہ) دیتے ہیں اور ہم نیکو کاروں کا اجر ضائع نہیں کیا کرتے۔
اور (اس دنیوی اجر کے علاوہ) آئندہ (زندگی) کا بدلہ ایمان لانے والوں اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے والوں کے لئے (کہیں) بڑھ (چڑھ) کرہوگا۔
اور (اس قحط کے زمانہ میں) یوسف کے بھائی (بھی اس ملک میں) آئے اور اس کے حضور میں حاضر ہوئے اور اس نے انہیں (دیکھتے ہی) پہچان لیا مگر وہ اسے نہ پہچان سکے۔
اور جب اس نے انہیں ان کے سامان دیکر (واپسی کے لئے) تیار کیا تو (ان سے) کہا (کہ) تمہارے باپ کی طرف سے جو تمہارا ایک بھائی ہے (اب کے) اسے (بھی اپنے ساتھ) میرے پاس لانا۔ کیا تم دیکھتے نہیں کہ میں ماپ پورا دیتا ہوں اور (نیز) میں مہمان نوازوں میں سے بہترین (مہمان نواز) ہوں۔