۱۲۔ سورۃ يوسف
تفسیر صغیر, حصہ 6
اور اگر تم اسے میرے پاس نہ لائے تو (سمجھ لو کہ) میرے پاس تمہیں تول کر دینے کے لئے کچھ نہیں ہوگا اور (اس صورت میں) تم میرے قریب نہ پھٹکنا۔
انہوں نے کہا، ہم ضرور اس کے متعلق اس کے باپ کو پھسلانے کی کوشش کریں گے اور ہم یقیناً (یہ کام) کرکے رہیں گے۔
اور اس نے اپنے غلاموں سے کہہ دیا کہ ان کی پونجی (واپس) ان کے بوروں میں رکھ دو۔ شاید جب وہ لوٹ کر اپنے گھر والوں کے پاس جائیں تو اس (احسان) کو مانیں (اور) شاید وہ (اسی سبب سے) پھر واپس آئیں۔
پس جب وہ اپنے باپ کے پاس واپس گئے تو کہا (کہ) اے ہمارے باپ ہمیں (آئندہ کے لئے) غلہ سے محروم کر دیا گیا ہے اس لئے (اب) ہمارے بھائی (بن یامین) کو (بھی) ہمارے ساتھ بھیج کہ ہم پھر غلہ لے سکیں۔ اور ہم یقیناً اس کی حفاظت کریں گے۔
اس نے کہا (تم ہی بتاؤ) کیا میں اس کو تمہارے سپرد کر سکتا ہوں سوائے اس کے کہ اس کا وہی نتیجہ نکلے جو اس سے پہلے میرے اس کے بھائی کو تمہارے سپرد کرنے کا نتیجہ نکلا تھا۔ پس (میں اسے تمہارے سپرد تو کرتا ہوں مگر اس یقین سے کہ تم نہیں بلکہ) اللہ ہی بہتر حفاظت کرنے والا ہے۔ اور وہی سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔
اور جب انہوں نے اپنا سامان کھولا تو دیکھا کہ ان کی پونجی ان کی طرف[1] واپس کر دی گئی ہے (اس پر) انہوں نے (اپنے باپ سے) کہا (کہ) اے ہمارے باپ (اس سے بڑھ کر) ہم اور کیا خواہش کر سکتے ہیں (دیکھئے) یہ ہماری پونجی ہے اسے (بھی) ہماری طرف واپس کر دیا گیا ہے اور (اگر ہمارا بھائی ہمارے ساتھ جائے گا تو) ہم اپنے گھر والوں کو خوراک کا سامان لا دیں گے اور اپنے بھائی کی (ہر طرح سے) حفاظت کریں گے اور ایک بار شتر زیادہ لائیں گے۔ یہ وزن (جو ہمیں مفت ملے گا) بڑی نعمت[2] ہے۔
[1] اردو میں اتنا کہنا کافی ہوتا ہے کہ ان کی پونجی واپس کر دی گئی ہے۔ مگر عربی میں ’’ان کی طرف‘‘ کا لفظ بھی بڑھایا جاتا ہے اس لئے قرآن مجید میں اِلَیْنَا کا لفظ بھی آیا ہے۔ گو اردو کچھ معیوب ہو گئی ہے لیکن ہم نے اس نوٹ کے ساتھ عربی کا لفظی ترجمہ دے دیا ہے۔
[2] قرآن مجید میں کَیْلٌ یَّسِیْرٌ ہے۔ مترجموں نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ جو غلّہ ہم اس دفعہ لائے ہیں تھوڑا ہے مگر انہوں نے لُغت نہیں دیکھی۔ یَسِیْرٌ کے معنے آسان یا آسانی پیدا کرنے والے کے بھی ہیں۔ یعنی نعمت۔ ہم نے یہی ترجمہ اختیار کیا ہے اور اس سے مضمون واضح ہوتا ہے۔
اس نے کہا، میں اسے تمہارے ساتھ کبھی نہیں بھیجوں گا جب تک تم مجھ سے اللہ کی طرف سے مقرر شدہ (یعنی اس قسم سے موکد) یہ عہد نہ کرو کہ تم اسے ضرور میرے پاس (واپس) لاؤ گے۔ سوائے اس (صورت) کے کہ تم (خود کسی مصیبت میں) گھر جاؤ۔ پھر جب انہوں نے اسے اپنا پختہ قول دے دیا تو اس نے کہا جو (کچھ) ہم (اس وقت) کہہ رہے ہیں اللہ اس کا نگران ہے۔
اور اس نے (ان سے) کہا (کہ) اے میرے بیٹو! تم شہر کے ایک ہی دروازہ سے اکٹھے اندر نہ جانا، بلکہ الگ[3] الگ دروازوں سے اندر جانا۔ اور میں اللہ کی (گرفت) سے بچانے کے لئے کچھ بھی تمہارے کام نہیں آسکتا۔ فیصلہ کرنا (دراصل) اللہ ہی کا کام ہے اسی پر میں نے بھروسا کیا ہے اور تمام بھروسا کرنے والوں کو اسی پر بھروسا کرنا چاہیئے۔
[3] مفسر کہتے ہیں کہ نظر لگنے سے بچانے کے لئے ایسا حکم دیا گیا۔ مگر اصل بات یہ معلوم ہوتی ہے کہ سارے قصے کو سن کر حضرت یعقوب علیہ السلام کو یقین ہو گیا تھا، جیسا کہ آیت کے اگلے حصے میں ہے، کہ غلّہ تقسیم کرنے والا یوسفؑ ہے۔ ورنہ فرعون کے کسی وزیر کو کیا ضرورت تھی کہ وہ یوسفؑ کے بھائی کے لانے پر زور دیتا۔ پس حضرت یعقوبؑ نے چاہا کہ سب بھائی الگ الگ دروازوں سے شہر میں جائیں تا شاہی سپاہی یامین کو دوسرے بھائیوں سے پہلے یوسف سے ملوادیں اور دونوں بھائی ایک دوسرے سے حالات سن لیں۔
اور جب اس طریق کے مطابق جس کا حکم ان کے باپ نے انہیں دیا تھا وہ داخل ہوئے تو وہ غرض پوری ہو گئی جس کے لئے انہیں یہ حکم دیا گیا تھا مگر یعقوب اپنی تدبیر سے اُن (یعنی بیٹوں) کو خدائی تدبیر سے بچا نہیں سکتا تھا۔ ہاں مگر یعقوب کے دل میں ایک خواہش تھی جسے اس نے (اس[1] طرح) پورا کر لیا اور چونکہ ہم نے اس کو (یعنی یعقوب کو) علم دیا تھا۔ وہ بڑا علم والا تھا لیکن اکثر لوگ (اس حقیقت کو) نہیں جانتے۔
[1] اور دوسرے بیٹوں سے پہلے بن یامین کو یوسفؑ سے ملانے میں کامیاب ہو گیا۔
اور جب وہ یوسف کے حضور حاضر ہوئے تو اس نے اپنے بھائی کو اپنے پاس جگہ دی اور (اس سے) کہا (کہ) یقیناً میں ہی تیرا (مفقود) بھائی ہوں۔ پس جو کچھ وہ کرتے رہے ہیں اس کی وجہ سے (اب) تو غمگین نہ ہو۔
پھر جب اس نے انہیں ان کا سامان دے کر (واپسی کے لئے) تیار کیا، تو اس نے (پانی پینے کا ایک) کٹورا (بھی) اپنے بھائی کے بورے[2] میں رکھ دیا پھر (ایسا ہوا کہ) کسی اعلان کرنے والے (یعنی شاہی کارندہ) نے اعلان کیا، (کہ) اے قافلہ والو تم یقیناً چور ہو۔
[2] اس کے یہ معنے نہیں کہ اس کو پھنسانے کے لئے بلکہ اس نے پینے کے لئے پانی مانگا تھا۔ پھر غلطی سے برتن اس بورے میں جو اس کے بھائی کا تھا رکھ دیا۔ معلوم ہوتا ہے کہ یوسفؑ نے تھک کر پینے کے لئے پانی مانگا۔ نوکر پانی لائے اور پانی پی کر اس نے غلطی سے وہ برتن جو پانی پینے کے کام بھی آتا تھا اور ماپنے کے بھی، بھائی کے بورے میں رکھ دیا۔ ہمارے زمانہ میں بھی اکثر دودھ اور غلّے گلاس سے ماپے جاتے ہیں اور وہ پانی پینے کے بھی کام آتے ہیں۔
انہوں نے (یعنی برادران یوسف نے) ان (شاہی کارندوں) کی طرف رخ کرکے کہا (کہ) تم کیا چیز گم پاتے ہو؟۔