۱۲۔ سورۃ يوسف

تفسیر صغیر, حصہ 7

انہوں نے کہا (کہ) ہم غلّہ ماپنے[1] کا شاہی پیمانہ گم پاتے ہیں اور جو شخص اسے (تلاش کرکے) لے آئے تو ایک اونٹ کے بوجھ کے برابر (غلّہ) اس کا (انعام) ہوگا اور (اعلان کرنے والے نے یہ بھی کہا کہ) میں اس (انعام) کا ذمہ وار ہوں۔

[1] بعض لوگ کہتے ہیں کہ ان کا پانی پینے کا برتن تھا۔ لیکن اعلان غلّہ ماپنے کے برتن کا ہوا ہے۔ معلوم ہوتا ہے یوسفؑ نے پانی پینے کا برتن رکھنا چاہا تھا لیکن غلطی سے ماپنے کا برتن رکھا گیا۔ مگر یہ توجیہ غلط ہے کیونکہ صُوَاعَ کا لفظ جو یہاں استعمال ہوا ہے اس کے معنے ماپنے کے برتن کے بھی ہیں اور پانی پینے کے برتن کے بھی۔ پس ایک ہی لفظ کا ترجمہ ماپنے کا برتن بھی ہے اور پانی پینے کا برتن بھی۔

انہوں نے کہا (کہ) اللہ کی قسم! تم جانتے ہو کہ ہم (یہاں) اس لئے نہیں آئے کہ ملک میں فساد کریں اور نہ (ہی) ہم چور ہیں۔

انہوں نے کہا (کہ) اگر تم جھوٹے (ثابت) ہوئے تو اس (فعل یعنی چوری) کی سزا کیا ہوگی؟

انہوں نے کہا (کہ) اس کی سزا یہ ہے کہ جس شخص کے سامان میں وہ (برتن) پایا جائے وہ (خود ہی) اس (فعل) کا بدلہ ہو ہم (لوگ) ظالموں کو اسی طرح سزا دیا کرتے ہیں۔

پس اس نے (یعنی اعلان کرنے والے نے) اس کے (یعنی یوسف کے) بھائی کے بورے سے پہلے ان (دوسروں[2]) کے بوروں کو (دیکھنا) شروع کیا۔ پھر اس کے بھائی کے بورے (کو دیکھا اور اس میں اس برتن کو پاکر اس) میں سے اسے نکالا۔ اس طرح ہم نے یوسف کے لئے (ایک) تدبیر کی (ورنہ) وہ بادشاہ کے قانون کے اندر (رہتے ہوئے) اپنے بھائی کو اللہ کی تدبیر کے بغیر روک نہیں سکتا تھا۔ ہم جس کے چاہتے ہیں درجات بلند کرتے ہیں اور (حقیقت یہ ہے کہ) ہر علم والے کے اوپر (اس سے) زیادہ علم والی ہستی (پائی جاتی) ہے۔

[2] نوکر سمجھ گئے تھے کہ بن یامین یوسفؑ کی نظر میں مقرب ہے۔ اس لئے انہوں نے اس کا بورا پیچھے دیکھا مگر خداتعالیٰ نے یوسفؑ کو بھلوا کر پیمانہ جو پانی پینے کے کام بھی آتا تھا۔ اس کے بھائی کے بورے میں رکھوا دیا تھا اور یہ خدائی فعل تھا، نہ کہ یوسفؑ کا۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ تدبیر ہم نے یوسفؑ کے لئے کی تھی تاکہ وہ اپنے بھائی کو روک سکے ورنہ ملکی قانون کے مطابق بغیر کسی جرم کے وہ اسے روک نہیں سکتا تھا۔ اس آیت سے ثابت ہے کہ یوسفؑ نے کوئی دھوکہ نہیں کیا بلکہ اللہ نے اسے بھلوا دیا تا بھائی کو روک سکے۔ بھائی کا بھی کوئی نقصان نہ ہوا بلکہ وزیروں کی صحبت اور رتبہ ملا۔

انہوں نے (یعنی اس کے بھائیوں نے) کہا (کہ) اگر اس نے چوری کی ہو تو (کچھ عجب نہیں کیونکہ) اس کا ایک[1] بھائی (بھی) پہلے چوری کر چکا ہے۔ اس پر یوسف نے (اپنے دل کی بات کو) اپنے دل میں پوشیدہ رکھا۔ اور ان پر اسے ظاہر نہ کیا (ہاں دل میں اتنا) کہا (کہ) تم (لوگ) بڑے بدبخت ہو اور جو بات تم کہتے ہو اسے اللہ (ہی) بہتر جانتا ہے۔

[1] چونکہ چھوٹا بھائی آیا تھا۔ بھائیوں نے اس ڈر سے یوسفؑ کو چور قرار دے دیا کہ کہیں یوسفؑ پوچھ نہ بیٹھے کہ بڑے بھائی کو کیوں نہیں لائے۔

انہوں نے کہا (کہ) اے سردار[2]! اس کا ایک بہت بوڑھا باپ ہے (اسے اس کے صدمہ سے بچانے کے لئے) اس کی بجائے آپ ہم میں سے کسی ایک کو پکڑ لیجیئے۔ ہم آپ کو یقیناً محسنوں میں سے سمجھتے ہیں۔

[2] عَزِیْز کا لفظ سردارِ دربار یا وزیر کے لئے بولا جاتا ہے۔ وہی ترجمہ ہم نے کیا ہے۔

اس نے کہا (کہ ہم) اس شخص کے سوا جس کے پاس ہم نے اپنا سامان پایا ہے کسی اور کو پکڑنے سے خدا کی پناہ چاہتے ہیں اگر ہم ایسا کریں تو ہم یقیناً ظالموں میں سے ہوں گے۔

پس جب وہ اس سے (یعنی یوسف سے) ناامید ہو گئے تو آپس میں باتیں کرتے ہوئے (لوگوں سے) الگ ہوگئے (تب) ان میں سے بڑے نے کہا (کہ) کیا تمہیں معلوم نہیں کہ تمہارے باپ نے تم سے پکا قول لیا (ہوا) ہے جو اللہ (کی قسم) سے (موکد) ہے اور یہ کہ (اس سے) پہلے تم یوسف کے بارہ میں بھی کوتاہی کر چکے ہو اس لئے جب تک میرا باپ مجھے (خاص طور پر) اجازت (نہ) دے یا (خود) اللہ میرے حق میں فیصلہ (کی کوئی راہ پیدا نہ) کرے میں اس ملک کو نہیں چھوڑوں گا اور وہ (اللہ) سب فیصلہ کرنے والوں سے بہتر (فیصلہ کرنے والا) ہے۔

تم اپنے باپ کی طرف لوٹ جاؤ اور (اس سے جاکر) کہو (کہ) اے ہمارے باپ آپ کے (چھوٹے) بیٹے نے ضرور چوری کی ہے۔ اور ہم نے (آپ سے) وہی کہا ہے جس کا ہمیں (ذاتی) علم ہے اور ہم (اپنی) نظر سے پوشیدہ بات کی حفاظت نہیں کر سکتے تھے۔

اور آپ (بے شک) ان لوگوں سے (بھی) دریافت کر لیں جن میں ہم (رہتے) تھے اور اس قافلہ سے (بھی) جس کے ساتھ ہم آئے ہیں اور یقین جانیئے کہ ہم (اس بات میں) سچے ہیں۔

اس نے (یعنی یعقوب نے) کہا (کہ یہ بات درست) نہیں (معلوم ہوتی) بلکہ (معلوم ہوتا ہے کہ) تمہارے نفسوں نے کوئی بات خوبصورت[1] کرکے تمہیں دکھائی ہے۔ پس اب میرے لئے یہی رہ گیا ہے کہ اچھی طرح صبر کروں (کچھ) بعید نہیں کہ اللہ ان سب کو میرے پاس لے آئے۔ یقیناً وہی ہے جو خوب جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔

[1] یعنی بن یامین کی دشمنی کی وجہ سے ایک سادہ واقعہ کو چوری قرار دے دیا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی