۱۲۔ سورۃ يوسف
تفسیر صغیر, حصہ 8
اور اس نے ان کی طرف سے اپنا رخ پھیر لیا اور (الگ جاکر دعا کی اور) کہا اے (میرے خدا)! یوسف کے واقعہ پر میں پھر فریاد کرتا ہوں۔ اور غم کی وجہ سے اس کی آنکھوں میں آنسو[2] بھر آئے مگر وہ اپنے غم کو (ہمیشہ اپنے دل کے) اندر (ہی) دبائے[3] رکھتا تھا۔
[2] قرآن مجید کے لفظ ہیں اِبْیَضَّتْ عَیْنَاہُ مِنَ الْحُزْنِ مترجمین نے اس کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ آنکھیں سفید ہو گئیں یعنی پتھرا گئیں۔ مگر لغت میں اس جملہ کے معنے آنسوؤں سے آنکھوں کا بھر جانا بھی لکھے ہیں۔ اور وہی ہم نے کیے ہیں۔ کیونکہ نبی کی شان کے یہی مطابق ہیں۔ وہ خدا سے دعا کرتے ہوئے رو پڑتا ہے جیسا کہ ہمارے آقا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بھی روتے تھے۔
[3] یعنی خداتعالیٰ کے سوا بندوں پر ظاہر نہیں کرتا تھا۔
انہوں نے کہا (کہ) اللہ کی قسم (یوں معلوم ہوتا ہے کہ) آپ اس وقت تک یوسف کا ذکر کرتے رہیں گے جب تک آپ بیمار نہ پڑ جائیں یا فوت نہ ہو جائیں۔
اس نے کہا (کہ) میں اپنی پریشانی اور غم کی فریاد اللہ کے حضور کرتا ہوں اور میں اللہ کی طرف سے وہ علم رکھتا ہوں جو تم نہیں رکھتے۔
اے میرے بیٹو! جاؤ اور (جاکر) یوسف اور اس کے بھائی کی جستجو کرو۔ اور اللہ کی رحمت سے ناامید مت ہو (اصل) بات یہی ہے کہ اللہ کی رحمت سے کافر لوگوں کے سوا کوئی (انسان) ناامید نہیں ہوتا۔
(پس جب وہ واپس ہو کر پھر) اس کے (یعنی یوسف کے) حضور حاضر ہوئے تو (اس سے) کہا (کہ) اے سردار! ہمیں اور ہمارے (تمام) کنبہ کو (سخت) تنگی پہنچی (ہوئی) ہے اور ہم (بالکل) تھوڑی سی پونجی لائے ہیں پس آپ (محض احسان کے طور پر) ہمیں (مطالبہ کے مطابق) غلہ دے دیں اور صدقہ (کے طور پر حق سے بھی کچھ زیادہ) دیں۔ اللہ صدقہ دینے والوں کو یقیناً (بڑا) اجر دیتا ہے۔
اس نے کہا (کہ) کیا تمہیں (اپنا وہ سلوک) معلوم ہے جو تم نے یوسف اور اس کے بھائی کے ساتھ کیا تھا جبکہ تم (اپنے فعل کی برائی سے) ناواقف تھے۔
انہوں نے کہا (کہ) کیا واقعہ میں آپ (ہی) یوسف ہیں؟ اس نے کہا (کہ) ہاں میں ہی یوسف ہوں اور یہ میرا بھائی ہے۔ اللہ نے ہم پر فضل کر دیا ہے حق بات یہی ہے کہ جو (شخص) تقویٰ اختیار کرے اور صبر کرے تو اللہ ایسے محسنوں کا اجر کبھی ضائع نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا، ہمیں اللہ کی قسم ہے۔ اللہ نے آپ کو ہم پر یقیناً فضیلت دی ہے اور ہم بلاشبہ خطا کار تھے۔
اس نے کہا، اب تم پر کسی قسم کی ملامت[1] نہ ہوگی (اور) اللہ (بھی) تمہیں بخش دے گا اور وہ سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے۔
[1] اس جگہ تاریخوں سے وہ واقعہ دیکھ لینا چاہیے جو فتح مکہ کے بعد عکرمہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پیش آیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا وہ عفو یقیناً یوسفؑ کے عفو سے بہتر تھا۔ یوسفؑ نے اپنے باپ کے بیٹوں کو معاف کیا اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بدترین دشمن کے بیٹے کو معاف کیا۔
تم میرا یہ کرتہ لے جانا اور اسے میرے باپ کے سامنے[2] (جا) رکھنا (اس سے) وہ (میرے متعلق) سب امور سے واقف ہو جائیں گے اور تم اپنا سارا کنبہ (بھی) میرے پاس لے آنا۔
[2] مفسرین لکھتے ہیں کہ انہوں نے کرتہ یعقوبؑ کے منہ پر ڈال دیا۔ جس سے وہ دیکھنے لگ گئے۔ مگر اصل بات یہ ہے کہ یوسفؑ کو یقین تھا کہ اب تک میرے باپ نے وہ کرتہ یاد رکھا ہوگا جو میں نے گم شدگی کے وقت پہنا ہوا تھا۔ جب یہ کرتہ اس کے سامنے رکھا جائے گا تو وہ سمجھ جائے گا کہ یوسفؑ زندہ ہے اور یہ اسی کا پرانا کرتہ ہے۔ اس موقعہ پر مثنوی رومیؒ کی وہ حکایت پڑھ لینی چاہیے جس میں ایاز کا ذکر ہے جب اس نے خزانہ میں رات کو جاکر نماز پڑھی۔ اس سے معلوم ہو جائے گا کہ نیک آدمی بُرے وقتوں کے کپڑے اس لئے سنبھال کے رکھتے ہیں تا ان کو خداتعالیٰ کا فضل یاد دلاتے رہیں۔
اور جب (ان کا) قافلہ (مصر سے) چل پڑا۔ تو ان کے باپ نے (لوگوں سے) کہا (کہ) ایسا نہ ہو کہ تم مجھے جھٹلانے لگو تو (میں ضرور کہوں گا کہ) مجھے یوسف کی خوشبو ضرور آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تو یقیناً اپنی پرانی غلطی میں (پڑا ہوا) ہے۔