۱۴۔ سورۃ ابراهيم
تفسیر صغیر, حصہ 3
(اے مخاطب)! کیا تو نے دیکھا نہیں (کہ) اللہ نے کس طرح ایک کلام پاک کے متعلق حقیقت حال کو بیان کیا ہے وہ ایک پاک درخت کی طرح ہوتا ہے جس کی جڑ (مضبوطی کے ساتھ) قائم ہوتی ہے اور اس کی (ہر ایک) شاخ آسمان کی بلندی میں (پہنچی ہوتی) ہے۔
وہ ہر وقت اپنے رب کے اذن سے اپنا (تازہ[1]) پھل دیتا ہے اور اللہ لوگوں کے لئے (ان کی ضرورت کی) تمام باتیں بیان کرتا ہے تا کہ وہ نصیحت حاصل کریں۔
[1] اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ اسلام کا جو شجرہ طیّبہ ہے اس میں ہمیشہ خدا رسیدہ لوگ پیدا ہوتے رہیں گے۔ مگر باقی مذاہب میں نہیں۔ یہ اس کا ثبوت ہوگا، کہ وہ شجرۂ خبیثہ ہو گئے ہیں۔
اور بری بات کا حال برے درخت کی طرح ہے جس کو زمین [2]سے اکھاڑ (کر پھینک) دیا گیا ہو (اور) جسے (کہیں بھی) قرار (حاصل) نہ ہو۔
[2] یعنی اس کو طبعی غذا ملنی بند ہو گئی ہو اور وہ سوکھ رہا ہو۔
جو لوگ ایمان لائے ہیں انہیں اللہ اس قائم رہنے والی (اور پاک) بات کے ذریعہ سے (اس) ورلی زندگی میں (بھی) ثبات بخشتا ہے اور آخرت (کی زندگی) میں بھی (بخشے گا) اور ظالموں کو اللہ ہلاک کرتا ہے اور اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔
(اے مخاطب)! کیا تو نے ان لوگوں (کی حالت) کو (غور کی نظر سے) نہیں دیکھا جنہوں نے ناشکری سے اللہ کی نعمت کو بدل ڈالا (اور آپ بھی ہلاک ہوئے) اور اپنی قوم کو (بھی) ہلاکت کے گھر میں (لا) اتارا۔
یعنی جہنم میں، وہ اس میں داخل ہوں گے اور وہ جگہ (رہنے کے لحاظ سے) بہت بری ہے۔
اور انہوں نے اللہ کے ہم مرتبہ شریک بنا لیے ہیں تا (لوگوں کو) اس کی راہ سے برگشتہ کریں۔ تو (انہیں) کہہ (کہ اچھا، کچھ دن) عارضی فائدہ اٹھالو۔ پھر تمہیں یقیناً (دوزخ کی) آگ کی طرف جانا ہوگا۔
(اے رسول)! میرے ان بندوں سے جو ایمان لا چکے ہیں کہہ کہ وہ اس دن کے آنے سے پہلے جس میں نہ کوئی بیع (وشرائ) ہوگی اور نہ ہی کوئی گہری دوستی۔ نماز کو عمدگی سے ادا کیا کریں اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے پوشیدگی میں (بھی) اور ظاہر میں (بھی ہماری راہ میں) خرچ کیا کریں۔
اللہ وہ (ہستی) ہے جس نے آسمان اور زمین کو پیدا کیا ہے اور بادلوں سے پانی اتار کر اس کے ذریعہ سے تمہارے لئے پھلوں (کی قسم) سے رزق پیدا کیا ہے اور اس نے کشتیوں کو (چلانے والی ہوا کو) بلا اُجرت تمہاری خدمت پر لگایا (ہوا) ہے تا کہ وہ اس کے حکم سے سمندر میں چلیں۔ اور (اسی طرح) دریاؤں کو (بھی) اس نے بلا اُجرت تمہاری خدمت پر لگا رکھا ہے۔
اور سورج اور چاند کو (بھی) وہ (دونوں) بلا وقفہ (اپنا مفوضہ) کام کرتے ہیں اور اس نے رات اور دن کو (بھی) بلا اُجرت تمہاری خدمت پر لگا رکھا ہے۔
اور جو کچھ (بھی) تم نے اس سے مانگا اس نے تمہیں دیا ہے اور اگر تم اللہ کے احسان گننے لگو تو ان کا شمار نہیں کر سکو گے۔ انسان یقیناً بڑا ہی ظالم (اور) بڑا ہی ناشکر گذار ہے۔
اور (اے مخاطب اس وقت کو یاد کر) جب ابراہیم نے (دعا کرتے ہوئے) کہا تھا (کہ) اے میرے رب! اس شہر (یعنی مکہ) کو امن والی (جگہ) بنا اور مجھے اور میرے بیٹوں کو اس بات سے دور رکھ کہ ہم معبودان باطلہ کی پرستش کریں۔