۱۵۔ سورۃ الحجر
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور ہم تم میں سے آگے نکل جانے والوں کو (بھی) جانتے ہیں۔ اور (اسی طرح) ہم (تم میں سے) پیچھے رہ جانے والوں کو (بھی) جانتے ہیں۔
اور یقیناً تیرا رب ہی انہیں جمع کرے گا۔ وہ حکمت والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
اور انسان کو ہم نے آواز دینے والی مٹی سے یعنی سیاہ گارے سے جس کی ہیئت تبدیل ہو گئی تھی پیدا کیا ہے۔
اور (اس سے) پہلے جنوں کو ہم نے سخت[1] گرم ہوا کی (قسم کی) آگ سے پیدا کیا تھا۔
[1] پہلے بتایا جا چکا ہے کہ خُلِقَ مِنْ فُـلَانٍ کے معنے عربی زبان میں یہ ہوتے ہیں کہ اس کی فطرت میں یہ بات رکھی گئی ہے۔ یہی معنے یہاں مراد ہیں کہ بڑے لوگوں میں سخت غصہ پیدا کیا گیا ہے۔ چنانچہ امراء میں عادتاً غصہ پیدا ہو جاتا ہے اور وہ اپنے خلاف بات نہیں سن سکتے۔
اور (اے مخاطب اس وقت کو یاد کر) جب تیرے رب نے فرشتوں کو کہا تھا (کہ) میں آواز دینے والی مٹی[2] یعنی سیاہ گارے سے جس کی ہئیت تبدیل ہو چکی ہو ایک بشر پیدا کرنے والا ہوں۔
[2] اس کا مفہوم اسی طرز پر ہے جو آیت۲۸ میں اوپر بیان ہو چکا ہے۔
پس جب میں اسے مکمل کر دوں اور اس (کے دل) میں اپنا کلام ڈال دوں تو تم سب اس کے [3]ساتھ سجدہ کرتے ہوئے (اللہ کے حضور) گر جانا۔
[3] اس آیت میں سَجَدَ کا صِلہ لام آیا ہے۔ جس کے معنے کبھی ’’اس کو‘‘ کے ہوتے ہیں اور کبھی ’’ساتھ‘‘ کے۔ مفسروں نے اس کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ اس کو یعنی آدم کو سجدہ کرنا۔ مگر یہ قرآنی تعلیم کے خلاف ہے پس ہم نے دوسرے معنے لیے ہیں اور یہ ترجمہ کیا ہے کہ آدم کے ساتھ سجدہ میں گر جانا۔ یعنی جس طرح آدم صرف خدا کی پرستش کرے گا تم بھی صرف خدا کی پرستش کرنا۔
جس پر سب کے سب فرشتوں نے (اس کے ساتھ خدا کو) سجدہ کیا۔
سوائے ابلیس کے (کہ) اس نے (خدا کو خالص) سجدہ کرنے والوں کے ساتھ (ہوکر) سجدہ کرنے سے انکار کیا۔
(اس پر خدا نے) فرمایا (کہ) اے ابلیس! تجھے کیا ہوا کہ تو (خالص اس کے حضور) سجدہ کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہوتا۔
اس نے کہا میں ایسا نہیں کہ ایک ایسے بشر کے طریق پر ہو کر فرمانبرداری اختیار کروں جسے تو نے آواز دینے والی مٹی سے یعنی سیاہ گارے سے جس کی ہئیت تبدیل ہو چکی تھی پیدا کیا ہے۔
فرمایا (اگر تیرا یہ خیال ہے) تو تو اس (مقام) سے نکل جا کیونکہ تو یقیناً دھتکارا ہوا ہے۔
اور (یاد رکھ کہ) جزا (وسزا) کے دن تک تجھ پر (میری) لعنت رہے گی۔