۱۵۔ سورۃ الحجر

تفسیر صغیر, حصہ 4

اس نے کہا (کہ) اے میرے رب (اگر تو فوراً مجھے سزا نہیں دیتا تو) تو مجھے ان کے (دوبارہ) اٹھائے جانے کے دن تک مہلت[1] دے۔

[1] دیکھئے سورۃ اعراف آیت۱۵۔

فرمایا : تو مہلت پانے والوں میں سے ہوگا۔

اسی معین وقت تک (جس کا ذکر اوپر ہو چکا ہے)

اس نے کہا (کہ) اے میرے رب چونکہ تو نے مجھے گمراہ قرار دیا ہے میں ضرور ان کے لئے دنیا میں (گمراہی کو) خوبصورت کرکے دکھاؤں گا اور ان سب کو گمراہ کر دوں گا۔

مگر جو تیرے برگزیدہ بندے ہیں (اور جو میرے فریب میں نہیں آسکتے وہ بچ جائیں گے)

(پھر) فرمایا (کہ) میری طرف آنے کی یہی سیدھی راہ ہے۔

جو میرے بندے ہیں ان پر تیرا کبھی بھی تسلط نہیں ہوگا۔ ہاں ایسے افراد جو تیرے پیچھے چلیں یعنی خود گمراہ ہوں (وہ مستثنیٰ ہیں)۔

اور یقیناً جہنم ان سب کے (لئے) وعدہ کی جگہ ہے۔

اس کے سات دروازے ہیں (اور اس کے) ہر دروازہ کے لئے ان (کفار) میں سے ایک مقرر حصہ[1] ہوگا۔

[1] قرآن مجید میں جُزْئٌ کا لفظ ہے اور چونکہ جہنم میں ایک گروہ نے جانا تھا۔ ہم نے ’’مقرّر حصہ‘‘ ترجمہ کیا ہے اور یہی صحیح ہے۔

متقی (لوگ) یقیناً باغوں اور چشموں (والے مقام) میں (داخل) ہوں گے۔

(انہیں کہا جائے گا کہ) تم سلامتی کے ساتھ بے خوف (وخطر) ان میں داخل ہو جاؤ۔

اور ان کے سینوں میں جو کینہ (وغیرہ) بھی ہوگا، اسے ہم نکال دیں گے، وہ بھائی بھائی بن کر (جنت میں رہیں گے) اور تختوں پر ایک دوسرے کے سامنے (بیٹھے) ہوں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی