۱۵۔ سورۃ الحجر
تفسیر صغیر, حصہ 5
نہ انہیں ان میں کوئی تھکان ہوگی اور نہ انہیں ان میں سے کبھی نکالا جائے گا۔
(اے پیغمبر)! میرے بندوں کو آگاہ کر دے کہ میں بہت ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہوں۔
اور (یہ) کہ میرا عذاب ہی (حقیقتاً) دردناک عذاب (ہوتا) ہے۔
اور انہیں ابراہیم کے مہمانوں کے متعلق (بھی) آگاہ کر۔
جب وہ اس کے پاس آئے اور کہا (کہ ہم تمہیں) سلام (کہتے ہیں) تو اس نے کہا (کہ) ہم تو تمہاری (آمد کی)[2] وجہ سے ڈر رہے ہیں۔
[2] یہاں مِنْکُمْ ہے اور عربی کا قاعدہ ہے کہ زیر دینے والے حرف سے پہلے کوئی فعل یا فعل کا قائم مقام محذوف نکالتے ہیں۔ پس ہم نے اس جگہ ’’آمد کی وجہ سے‘‘ کے الفاظ محذوف نکالے ہیں جس سے ترجمہ واضح ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا (کہ) تو خوف نہ کر، ہم تجھے ایک بہت علم (پانے) والے لڑکے کی بشارت دیتے ہیں۔
اس نے کہا (کہ) کیا تم نے میرے بوڑھا ہو جانے کے باوجود مجھے یہ بشارت دی ہے، پس (بتاؤ کہ) کس بنا پر تم مجھے (یہ) بشارت دیتے ہو۔
انہوں نے کہا (کہ) ہم نے تجھے سچی بشارت دی ہے۔ پس تو نا امید مت ہو۔
اس نے کہا (کہ میں کیونکرناامید ہوسکتاہوں) اور گمراہوں کے سوا اپنے رب کی رحمت سے کون ناامید ہوتا ہے۔
(پھر) کہا (کہ اچھا) تو اے (خدا کے) فرستادو! (وہ) تمہارا اہم کام کیا ہے؟ (جس کے لئے تمہیں بھیجا گیا ہے)
انہوں نے کہا (کہ) ہمیں ایک مجرم قوم کی طرف (ان کی ہلاکت کے لئے) بھیجا گیا ہے۔
سوائے لوط کے پیروؤں کے (کہ) ان سب کو ہم بچالیں گے۔