۱۵۔ سورۃ الحجر

تفسیر صغیر, حصہ 6

ہاں اس کی بیوی کے متعلق ہمارا اندازہ ہے کہ وہ پیچھے رہنے (اور ہلاک ہونے) والوں میں سے ہوگی۔

پھر جب ہمارے بھیجے ہوئے آل لوط کے پاس آئے۔

تو اس نے (انہیں) کہا (کہ) آپ (اس علاقہ میں) اجنبی[1] (معلوم ہوتے) ہیں۔

[1] یہاں مُنْـکَر کا لفظ ہے جس کے معنے لغت میں اجنبی کے یعنی اس شخص کے ہوتے ہیں جسے علاقہ کے لوگ جانتے نہ ہوں (اقرب)

انہوں نے کہا (اصل) بات یہ ہے کہ ہم تمہارے پاس اس (عذاب) کی خبر لے کر آئے ہیں جس کے متعلق یہ (لوگ) شک کرتے رہے ہیں۔

اور ہم تمہارے پاس یقینی خبر لائے ہیں اور ہم سچے ہیں۔

سو تم رات کے آخری حصہ میں (کسی وقت) اپنے گھر والوں کو لے کر (یہاں سے) چلے جاؤ۔ اور (خود) ان کے پیچھے (پیچھے) رہو اور تم میں سے کوئی پیچھے مڑ کر نہ[1] دیکھے اور جہاں[2] جانے کا حکم تمہیں دیا جاتا ہے (سب وہاں) چلے جاؤ۔

[1] اس حکم سے لوط علیہ السلام کے بیوی بچوں پر احسان کیا کہ اگر مڑ کر دیکھیں تو شاید پیچھے رہ جانے والی بیاہتا لڑکیوں اور دامادوں کی وجہ سے کسی کو ابتلا نہ آجائے۔

[2] یعنی یہ پیغام لانے والے لوگ جس جگہ کا تم کو پتہ دیں وہاں چلے جاؤ کہ یہی ہمارا منشا ہے۔

اور یہ بات ہم نے اسے یقینی طور پر بتا دی کہ ان لوگوں کی جڑ صبح (ہوتے ہی) کاٹ دی جائے گی۔

اور اس شہر کے لوگ خوشیاں[3] مناتے ہوئے اس (یعنی لوط) کے پاس آئے (اس خیال سے کہ اب اسے پکڑنے کا موقعہ مل گیا ہے)

[3] پہلے لکھا جا چکا ہے کہ بائبل اور قران مجید کے مطابق وہ لوگ حضرت لوطؑ کو روکتے تھے کہ وہ مسافروں کو گھر نہ لائیں۔ مگر حضرت لوطؑ مہمان نوازی سے مجبور تھے۔ پس جب وہ روکنے کے باوجود مہمان مسافروں کو گھر لائے تو ان کی قوم خوشی سے دوڑتی ہوئی آئی کہ اب لوطؑ قابو آگیا ہے اور اب اسے سزا دینے کا موقعہ ہم کو مل جائے گا۔

(جس پر) اس نے (ان سے) کہا (کہ) یہ لوگ میرے مہمان ہیں۔ تم (انہیں ڈرا کر) مجھے رسوا نہ کرو۔

اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اور مجھے ذلیل نہ کرو۔

انہوں نے کیا ہم نے تمہیں ہر ایرے غیرے کو اپنے پاس ٹھہرانے سے روکا نہ تھا۔

اس نے کہا (کہ) اگر تم نے (میرے خلاف) کچھ کرنا (ہی) ہو تو یہ میری بیٹیاں (تم میں موجود ہی) ہیں (جوکافی ضمانت[4] ہیں)۔

[4] سورۃ ہود آیت۷۹۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی