۱۵۔ سورۃ الحجر
تفسیر صغیر, حصہ 7
(اے ہمارے نبی!) تیری زندگی کی قسم (کہ) یہ (تیرے مخالفین بھی) یقیناً (انہی کی طرح) اپنی بدمستی میں بہک رہے ہیں۔
اس پر اس (موعود) عذاب نے انہیں (یعنی لوط کی قوم کو) دن چڑھتے (ہی) پکڑ لیا۔
جس پر ہم نے اس بستی کی اوپر [1]والی سطح کو اس کی نچلی سطح کر دیا اور ان پر سنگریزوں سے بنے ہوئے پتھروں کی بارش برسائی۔
[1] یعنی زلزلہ سے زمین تہ و بالا کر دی۔
اس (ذکر) میں فراست سے کام لینے والوں کے لئے یقیناً کئی نشان ہیں۔
اور وہ[2] (کوئی گمنام جگہ نہیں بلکہ) ایک بڑے مستقل راستے پر (واقع)[3] ہے۔
[2] یعنی لوطؑ کی بستی۔
[3] یعنی حجاز سے شام جانے والے راستہ پر واقع ہے۔
اس (واقعہ) میں مومنوں (کے فائدہ) کے لئے یقیناً ایک نشان (موجود) ہے۔
اور اَیْکَہ والے[4] (بھی) یقیناً ظالم تھے۔
[4] اَصْحَابُ الْاَیْـکہ حضرت شعیب علیہ السلام کی قوم کا دوسرا نام ہے۔ اَیکہ گھنے جنگل کو بھی کہتے ہیں۔ اور ایسے جنگل کو بھی جس میں بیری اور پیلوں کے درخت بکثرت ہوں۔ معلوم ہوتا ہے کہ مدین کے پاس کوئی گھنا جنگل تھا، جس میں یہ دونوں قسم کے درخت بکثرت پائے جاتے تھے۔ اس وجہ سے مدین کے باشندے اَصْحَابُ الْاَیْـکہ بھی کہلاتے تھے۔
اس لیے ہم نے انہیں بھی (اسی طرح سخت) سزا دی تھی اور یہ دونوں (جگہیں) ایک (صاف اور) واضح راستے پر (واقع) ہیں۔
حجر [5]والوں نے (بھی) یقیناً (ہمارے) پیغمبروں کو جھٹلایا تھا۔
[5] حِجْر سے مراد وہ احاطہ یا قلعہ یا شہر ہوتا ہے جس کے گرد پتھروں کی دیوار ہو۔ اَصْحَابُ الْحِِجْر سے مراد ثمود یعنی قوم صالح علیہ السلام کا شہر ہے۔ اسے حجر اس لئے کہتے ہیں کہ مضبوط فصیلوں کا شہر تھا۔
اور انہیں (بھی) ہم نے اپنے (ہرقسم کے) نشان دئیے تھے جس کا نتیجہ (الٹا) یہ ہوا کہ وہ ان سے روگردان ہو گئے۔
اور وہ پہاڑوں کے بعض حصوں کو کاٹ کر امن کے ساتھ (زندگی بسر کرتے ہوئے) مکان بناتے تھے۔
اور (وعید کے مطابق) صبح ہوتے (ہی) اس (موعود) عذاب نے انہیں پکڑ لیا۔