۱۵۔ سورۃ الحجر

تفسیر صغیر, حصہ 8

اور جو (مال) وہ جمع کیا کرتے تھے اس نے انہیں (اس وقت) کچھ بھی فائدہ نہ دیا۔

اور ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے حق (وحکمت) کے ساتھ پیدا کیا ہے، اور وہ (موعودہ) گھڑی یقیناً آنے والی ہے اس لئے تو (ان کی زیادتیوں پر) بہت درگذر سے کام لے۔

یقیناً تیرا رب بہت پیدا کرنے والا (اور) خوب جاننے والا ہے۔

اور ہم نے یقیناً تجھے سات دہرائی [1]جانے والی (آیات) اور (بہت بڑی) عظمت والا قرآن دیا ہے۔

[1] یعنی سورۃ فاتحہ جس کی آیات باربار نمازوں میں پڑھی جاتی ہیں۔ مَثَانِیْ مَثْنٰی کی جمع بھی ہو سکتی ہے جس کے معنے ثنا کے ہیں۔ ان معنوں کے اعتبار سے آیت کا ترجمہ یہ ہوگا کہ ہم نے ایسی سات آیات تجھے دی ہیں جن میں اللہ تعالیٰ کی ثنا کامل طور پر بیان کی گئی ہے۔ مَثَانِیْ کے تیسرے معنے وادی کے موڑ کے بھی ہوتے ہیں۔ ان معنوں کے لحاظ سے اس آیت کے یہ معنے ہیں کہ وہ سات آیات تجھے دی گئی ہیں جن میں خداتعالیٰ اور بندے کے تعلق پر پوری بحث کی گئی ہے۔

اور جو ہم نے ان میں سے کئی گروہوں کو (عارضی نفع کا) سامان دیا ہے اس کی طرف آنکھیں[2] پھاڑ پھاڑ کر نہ دیکھ۔ اور ان (کی تباہی) پر غم نہ کھا اور مومنوں پر اپنا (شفقت کا) بازو جھکائے رکھ۔

[2] یعنی اے نبیؐ! کفار کے اموال کو تعجب کی نگاہ سے نہ دیکھ۔ کیونکہ ان کے لئے تباہی مقدر ہو چکی ہے۔ پس نہ تو یہ مال ان کو نفع دے گا اور نہ تیرا ان کے لئے غمزدہ ہونا ان کو نفع دے گا۔ پس اس خیال کو دل سے نکال دے۔

تو کہہ دے میں ایک کھلا کھلا ہوشیار کرنے والا ہوں۔

اس لئے کہ (خدا کہتا ہے کہ) ہم نے ان (لوگوں) کے لئے (بھی) عذاب مقرر کر چھوڑا ہے جنہوں نے (رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف منصوبوں میں اپنی) ڈیوٹیاں[1] تقسیم کی ہوئی تھیں۔

[1] مثلاً ہجرت کے موقعہ پر۔

(یعنی) وہ (لوگ) جنہوں نے قرآن کو جھوٹی باتوں [2] کا مجموعہ قرار دیا تھا۔

[2] عِضِیْنَ کا لفظ جو عِضَۃٌ کی جمع ہے اس کے معنے ٹکڑے کے بھی ہیں، جو پہلے مترجمین نے کیے ہیں لیکن اس کے معنے لغت میں جھوٹ کے بھی ہیں جو ہم نے اختیار کیے ہیں۔ (دیکھئے اقرب)

سو تیرے رب کی قسم! ہم ان سب سے جواب طلبی کریں گے۔

ان کاموں کے متعلق جو وہ کیا کرتے تھے۔

سو جس بات (کے پہنچانے) کا تجھے حکم دیا جاتا ہے وہ کھول کر (لوگوں کو) بتا دے اور ان مشرکوں (کی بات) سے اعراض کر۔

ہم یقیناً تجھے ان تمسخر کرنے والوں (کے شر) سے محفوظ رکھیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی