۱۶۔ سورۃ النحل

تفسیر صغیر, حصہ 9

جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ ختم ہو جائے گا اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ (ہمیشہ) رہنے والا ہے اور (ہمیں اپنی ذات کی قسم ہے کہ) جو لوگ ثابت قدم رہے ہیں ہم انہیں یقیناً ان کے بہترین عمل کے مطابق (ان کے تمام اعمال صالحہ کا) بدلہ دیں گے۔

جو کوئی مومن ہونے کی حالت میں نیک اور مناسب حال عمل کرے گا مرد ہو کہ عورت ہم اس کو یقیناً ایک پاکیزہ زندگی عطا کریں گے اور ہم ان (تمام لوگوں) کو ان کے بہترین عمل کے مطابق (ان کے تمام اعمال صالحہ کا) بدلہ دیں گے۔

(اے مخاطب)! جب تو قرآن پڑھنے لگے تو دھتکارے ہوئے شیطان (کے شر) سے (محفوظ رہنے کے لئے) اللہ کی پناہ مانگ (لیا کر)

(سچی[1]) بات یقیناً یہی ہے کہ جو لوگ ایمان لائے ہیں اور اپنے رب (کی پناہ) پر بھروسا رکھتے ہیں، ان پر اس کا کوئی تسلط نہیں ہے۔

[1] یہاں ’’ضمیرِ شان‘‘ آئی ہے جس کے معنے لغت نے یہ کیے ہیں کہ سچی بات یہی ہے۔ (مغنی)

اس کا تسلط صرف ان لوگوں پر (ہوتا) ہے۔ جو اس سے دوستی رکھتے ہیں اور جو اس کی وجہ سے شرک کرتے ہیں۔

اور جب ہم کسی نشان کی جگہ پر کوئی اور نشان لاتے ہیں اور (اس میں کیا شک ہے کہ) اللہ جو کچھ اتارتا ہے اس (کی ضرورت) کو وہ (سب سے) بہتر جانتا ہے تو (اس موقعہ پر مخالفین) کہتے ہیں کہ تو مفتری ہے (مگر حقیقت یوں) نہیں بلکہ ان میں سے اکثر علم نہیں رکھتے۔

تو (ایسے معترض سے) کہہ (کہ) روح القدس نے اسے تیرے رب کی طرف سے حق (وحکمت) کے ساتھ اتارا ہے تا کہ جو لوگ ایمان لائے ہیں انہیں وہ (ایمان پر) ہمیشہ کے لئے قائم کر دے اور نیز (اس نے) فرمانبرداروں کی (مزید) رہنمائی کے لئے اور (انہیں) بشارت دینے کے لئے (اسے اتارا ہے)۔

اور ہم یقیناً جانتے ہیں کہ وہ کہتے ہیں (کہ یہ وحی الٰہی نہیں بلکہ) ایک آدمی[1] اسے سکھاتا ہے (مگر وہ نہیں سمجھتے کہ) جس شخص کی طرف وہ (اشارہ کرتے ہیں اور ان کے ذہن اس کی طرف) مائل ہوتے ہیں اس کی زبان اعجمی ہے اور یہ (قرآنی زبان تو خوب) روشن (کرکے دکھانے والی) عربی زبان ہے۔

[1] تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد چہارم صفحہ ۲۴۱۔

جو لوگ اللہ کے نشانوں پر ایمان نہیں لاتے۔ اللہ انہیں ہدایت نہیں دیتا۔ اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

جھوٹ وہی لوگ باندھا کرتے ہیں جو اللہ کے نشانوں پر ایمان نہیں رکھتے۔ اور یہی لوگ پکے جھوٹے ہوتے ہیں۔

جو لوگ (بھی) اپنے ایمان لانے کے بعد اللہ کا انکار کریں سوائے ان کے جنہیں (کفر پر) مجبور کیا گیا ہو لیکن ان کا دل ایمان پر مطمئن ہو (وہ گرفت میں نہ آئیں گے) ہاں وہ جنہوں نے (اپنا) سینہ کفر کے لئے کھول دیا ہو ان پر اللہ کا (بہت) بڑا غضب (نازل) ہوگا۔ اور ان کے لئے بھاری عذاب (مقدر) ہے۔

اور ایسا اس سبب سے ہوگا کہ انہوں نے اس ورلی زندگی سے محبت کرکے اسے آخرت پر مقدم کر لیا اور (نیز اس وجہ سے کہ) اللہ کفر اختیار کرنے والے لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی