۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور جب ان سے کہا جاتا ہے (کہ) وہ (کلام) جو تمہارے رب نے اتارا ہے کیا (ہی شاندار) ہے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ (خدا کا کلام نہیں بلکہ) پہلے لوگوں کی کہانیاں ہیں۔
(اس دھوکہ دہی کا) نتیجہ یہ نکلے گا کہ وہ قیامت کے دن اپنے بوجھ (بھی) پورے (پورے) اٹھائیں گے اور ان جاہلوں کے بوجھ بھی جن کو وہ گمراہ کر رہے ہیں۔ سنو! جو بوجھ وہ اٹھا رہے ہیں وہ بہت ہی برا ہے۔
جو لوگ ان سے پہلے تھے انہوں نے (بھی اپنے اپنے زمانہ کے انبیاء کے خلاف) تدبیریں کی تھیں جس کے نتیجہ میں اللہ ان کی (تدبیروں کی) عمارتوں کی بنیادوں کے پاس (انہیں تباہ کرنے کے لئے) آیا۔ جس کی وجہ سے چھتیں ان کے اوپر کی طرف سے ان پر آگریں اور (اس کا یہ) عذاب ان پر اس راستہ سے آیا جس کو وہ جانتے بھی نہ تھے۔
پھر وہ قیامت کے دن انہیں رسوا کرے گا اور کہے گا (کہ اب) کہاں ہیں وہ میرے شریک جن کی وجہ سے تم (میرے انبیاء سے) دشمنی (اور مخالفت) رکھتے تھے۔ (اور) جنہیں علم دیا گیا ہوگا وہ (اس وقت) کہیں گے کہ آج کافروں پر یقیناً رسوائی اور مصیبت (آنے والی) ہے۔
(ان کافروں پر) جن کی روحوں کو فرشتے (عین) اس وقت کہ وہ اپنی جانوں پر ظلم کر رہے ہوتے ہیں نکالتے ہیں۔ اس پر وہ (یہ کہہ کر) صلح کی طرح ڈالتے ہیں (کہ) ہم (تو) کوئی (بھی) برائی (کا کام) نہیں کیا کرتے تھے (تب انہیں کہا جائے گا کہ واقعہ) یوں نہیں۔ بلکہ (اس کے برعکس ہے یاد رکھو) جو کچھ تم کرتے تھے اسے اللہ خوب جانتا ہے۔
اس لئے (اب) تم جہنم کے دروازوں میں سے اس میں ہمیشہ کے لئے ٹھکانا بناتے ہوئے داخل ہو جاؤ۔ کیونکہ تکبر کرنے والوں کا ٹھکانا بہت ہی برا (ہوتا) ہے۔
اور (جب) ان لوگوں سے جنہوں نے تقویٰ (کا طریق) اختیار کیا ہے کہا گیا (کہ) تمہارے رب نے کیا (شاندار کلام) اتارا ہے (تو) انہوں نے کہا (ہاں ہاں کیا ہی) بہترین (کلام ہے) جنہوں نے نیکو کاری (کی راہ) اختیار کی ان کے لئے اس دنیا (کی زندگی) میں (بھی) بھلائی (مقدر) ہے اور آخرت کا گھر (تو ان کے لئے) اور بھی بہتر ہوگا اور تقویٰ اختیار کرنے والوں کا گھر یقیناً بہت (ہی) اچھا (ہوتا) ہے۔
(وہ گھر) دائمی رہائش کے باغات (ہیں) جن میں وہ داخل ہوں گے ان (باغات) کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ ان (باغوں) میں جو کچھ وہ چاہیں گے انہیں ملے گا (یاد رکھو) تقویٰ اختیار کرنے والوں کو اللہ اسی طرح جزا دیا کرتا ہے۔
(وہ متقی) جن کی روحوں کو فرشتے اس حالت میں کہ وہ پاک نفس ہوں (یہ) کہتے ہوئے قبض کرتے ہیں کہ (اب) تمہارے لئے سلامتی (ہی سلامتی) ہے ( لو اب اپنے نیک) اعمال کے بدلے میں تم جنت میں داخل ہو جاؤ۔
یہ (کافر لوگ) اس بات کے سوا کس کا انتظار کر رہے ہیں کہ فرشتے ان کے پاس (آسمانی عذاب لے کر) آئیں۔ یا تیرے رب کا (فیصلہ کن) حکم آجائے۔ اسی طرح ان لوگوں نے کیا تھا جو ان سے پہلے (زمانوں کے) تھے اور اللہ نے ان پر کوئی ظلم نہیں کیا تھا بلکہ وہ (خود ہی) اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔
پس ان کے عملوں کی سزا نے ان کو آپکڑا اور جس (عذاب کی خبر) پر وہ ہنسی کیا کرتے تھے اس نے انہیں گھیر لیا (اور تباہ کر دیا)
اور جن لوگوں نے شرک (کا طریق اختیار) کیا۔ انہوں نے (یہ بھی) کہا ہے کہ اگر اللہ (یہی) چاہتا (کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کی جائے) تو نہ ہم اس کے سوا کسی چیز کی عبادت کرتے اور نہ ہمارے باپ دادا ایسا کرتے اور نہ (ہی) ہم اس کے (فرمانے کے) بغیر کسی چیز کو (خود بخود) حرام ٹھہراتے جو (لوگ) ان سے پہلے (سچائی کے دشمن) تھے انہوں نے (بھی) ایسا ہی کیا تھا بھلا (یہ اتنا بھی نہیں سوچتے کہ) رسولوں پر (خدا کا پیغام) پہنچا دینے کے سوا اور کیا ذمہ داری ہے۔