۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور ہم نے یقیناً ہر قوم میں (کوئی نہ کوئی) رسول (یہ حکم دے کر) بھیجا ہے، کہ (اے لوگو)! تم اللہ کی عبادت کرو۔ اور ہر حد سے بڑھنے [1]والے سے کنارہ کش رہو اس پر ان میں سے بعض (تو) ایسے (اچھے ثابت) ہوئے کہ انہیں اللہ نے ہدایت دی اور بعض ایسے کہ ان پر ہلاکت واجب ہو گئی۔ پس تم (تمام) ملک میں پھرو اور دیکھو کہ (انبیاء کو) جھٹلانے والوں کا انجام کیسا ہوا تھا۔
[1] طَاغُوۡتَ کے معنے عربی زبان میں سرکش کے ہوتے ہیں (دیکھو مفرداتِ راغب) نیز جو شخص لوگوں کو نیکی کے راستہ سے ہٹائے۔
(اے رسول) اگر تو ان (لوگوں) کی ہدایت کی بہت خواہش رکھتا ہے تو (سمجھ لے کہ) جو لوگ (دوسروں کو دانستہ) گمراہ کر رہے ہوں انہیں اللہ ہرگز ہدایت نہیں دیا کرتا اور نہ ان کا کوئی مددگار ہوتا ہے۔
اور انہوں نے اللہ کی بڑی زوردار قسمیں کھائی ہیں (کہ) جو مر جائے اللہ اسے (پھر کبھی) زندہ نہیں کرے گا (مگر حقیقت) یوں نہیں۔ یہ (تو ایک ایسا) وعدہ ہے جس (کے پورا کرنے) کا وہ (اللہ) ذمہ وار ہے لیکن اکثر لوگ (اس حقیقت کو) نہیں جانتے۔
(یہ دوبارہ زندگی اس لئے ہوگی کہ) تا وہ ان پر اس (حقیقت) کو ظاہر کرے جس میں وہ (آج) اختلاف کر رہے ہیں اور تا جن لوگوں نے کفر (کا طریق) اختیار کیا ہے انہیں معلوم ہو جائے کہ وہ جھوٹے تھے۔
ہمارا کام کسی (ایسی) چیز کے متعلق جس (کے کرنے) کا ہم ارادہ کریں صرف یہ ہوتا ہے کہ ہم اس کے متعلق کہہ دیتے ہیں کہ ہو جا اور وہ ہو جاتی ہے۔
اور جن لوگوں نے اس کے بعد کہ ان پر ظلم کیا گیا اللہ کے لئے ہجرت اختیار کی (ہمیں اپنی ذات کی قسم ہے کہ) ہم انہیں ضرور دنیا میں اچھی جگہ دیں گے اور آخرت کا اجر تو اور بھی بڑا ہوگا کاش یہ (منکر اس حقیقت کو) جانتے۔
جو (ظلموں کا نشانہ بن کر بھی) ثابت قدم رہے اور (جو ہمیشہ ہی) اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں۔
اور ہم تجھ سے پہلے (بھی ہمیشہ) مردوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا کرتے تھے (اور) ہم ان کی طرف وحی کرتے تھے اور (اے منکرو)! اگر تم (اس حقیقت کو) نہیں جانتے تو اس (اللہ کے بھیجے ہوئے) ذکر (کو ماننے) والوں سے (ہی) پوچھ لو (تا حقیقت تمہیں معلوم ہوسکے)
(ہم نے انہیں) روشن نشانات اور (الہامی) نوشتے دے کر (بھیجا تھا) اور تجھ پر ہم نے یہ (کامل) ذکر نازل کیا ہے تا کہ تو سب لوگوں کو وہ (فرمان الٰہی) جو (تیرے ذریعہ سے) ان کی طرف نازل کیا گیا ہے کھول کر بتائے اور تا کہ وہ (اس پر) تدبر کریں۔
پھر کیا جو لوگ (تیرے خلاف) بری تدبیریں کرتے چلے آئے ہیں وہ اس بات سے امن میں ہیں کہ اللہ انہیں اس ملک میں (ہی) ذلیل (اور رسوا) کر دے یا وہ عذاب (جس کی خبر دی جا چکی ہے) ان پر (اس راستہ سے) آجائے جس کو وہ جانتے ہی نہ ہوں۔
یا وہ انہیں ان کے سفروں میں تباہ کرے پس (وہ یاد رکھیں کہ) وہ (ہرگز اللہ کو ان باتوں کے پورا کرنے سے) عاجز نہ پائیں گے۔
یا وہ انہیں آہستہ آہستہ گھٹا کر ہلاک کر دے کیونکہ تمہارا رب یقیناً (مومنوں پر) بہت (ہی) شفقت کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔