۱۶۔ سورۃ النحل

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور کیا باوجود اس کے کہ وہ ذلیل ہو رہے ہیں انہوں نے (کبھی) اللہ کے حضور (تذلل کے ساتھ) جھکتے ہوئے جو کچھ بھی اللہ نے (ان کے لئے) پیدا کیا ہے اسے غور سے نہیں دیکھا کہ اس کے سائے دائیں جانب سے اور شمالی جانبوں سے ادھر ادھر ہو رہے ہیں (پس اسی طرح محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سایہ بڑھے گا اور وہ کفار ذلیل ہو کر رہیں[1] گے)۔

[1] قرآن کریم میں ہے وَھُمْ دَاخِرُوْنَ یعنی کفار ذلیل ہو کر رہیں گے جس کا مطلب یہ ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سایہ بڑھنے سے کفار کو ذلت پہنچے گی۔

اور جو (کچھ بھی) آسمانوں میں ہے، اور (نیز) زمین پر جو بھی جاندار (موجود) ہیں اور (تمام) فرشتے بھی اللہ کے حضور میں ہی جھکے رہتے ہیں اور وہ بڑائی نہیں کرتے۔

وہ اپنے رب سے جو ان پر غالب ہے ڈرتے رہتے ہیں اور جس بات کا انہیں حکم دیا جاتا ہے (وہی) کرتے ہیں۔

اور اللہ نے (ہمیشہ ہر قوم کو یہی) فرمایا ہے (کہ) تم دو معبود مت بناؤ۔ وہ (یعنی معبود برحق تو) ایک ہی ہے پس تم مجھ [2]سے ہی (ڈرو) پھر (میں تم سے کہتا ہوں کہ) مجھ سے ہی ڈرو۔

[2] اِیَّایَ سے پہلے اِرْھَبُوْا محذوف ہے۔ یہ ایک باریک نحوی مسئلہ ہے اس کے لئے دیکھئے اِمْلَآءُ مَا مَنَّ بِہِ الرَّحْمٰنُ مؤلفہ ابوالبقاء صفحہ ۱۸،۱۹۔

اور جو کچھ (بھی) آسمانوں اور زمین میں (پایا جاتا) ہے سب اسی کی ملکیت ہے اور اطاعت ہمیشہ اسی کا حق ہے تو کیا تم اللہ کے سوا اور ہستیوں کو اپنے بچاؤ کا ذریعہ بناتے ہو۔

اور جو نعمت بھی تمہارے شامل حال ہے وہ اللہ ہی کی طرف سے ہے پھر جب تمہیں (کوئی تنگی اور) تکلیف پہنچتی ہے تو (اس وقت بھی) تم اسی کے حضور فریاد کرتے ہو۔

پھر جب وہ تم سے اس تکلیف کو دور کر دیتا ہے تو تم میں سے بعض لوگ جھٹ (اوروں کو) اپنے رب کا شریک ٹھہرانے لگتے ہیں۔

نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے وہ اس کا انکار کر دیتے ہیں۔ اچھا! تم عارضی (اور وقتی سامانوں سے) نفع اٹھالو اور (اس کا انجام بھی) تم جلد معلوم کرلوگے۔

اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے ایک حصہ وہ (اپنے) ان (جھوٹے معبودوں) کے لئے مخصوص کر دیتے ہیں جن (کی حقیقت) کے متعلق وہ (کچھ) علم نہیں رکھتے۔ اللہ کی قسم، جو کچھ تم (جھوٹ سے کام لیکر) اپنے پاس سے بناتے رہے ہو (ایک دن) اس کی نسبت تم سے یقیناً باز پرس ہوگی۔

اور وہ اللہ کی طرف لڑکیاں منسوب کرتے ہیں (یاد رکھو) وہ (ایسی باتوں سے) پاک ہے اور (لطف یہ ہے کہ) انہیں[1] وہ کچھ حاصل ہے جو وہ چاہتے ہیں (یعنی لڑکے)

[1] یعنی کفار کو۔

اور (اس کے مقابل پر ان کا یہ حال ہے کہ) جب ان میں سے کسی کو لڑکی (کی پیدائش) کی خبر مل جائے تو اس کا منہ سیاہ ہو جاتا ہے اور وہ نہایت رنجیدہ ہوتا ہے۔

(اور) جس بات کی اسے خبر دی گئی ہے اس کی (مزعومہ) شناعت کے باعث وہ لوگوں سے چھپتا (پھرتا) ہے (اور سوچتا ہے کہ) آیا وہ اسے (پیش آنے والی) ذلت کے باوجود (زندہ) رہنے دے یا اسے (کہیں) مٹی میں گاڑ دے۔ سنو! جو رائے وہ قائم کرتے ہیں بہت بری ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی