۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 6
جو لوگ آخرت پرایمان نہیں لاتے ان کی حالت بری ہے۔ اور ہر اعلیٰ صفت (اور شان) اللہ ہی کی ہے اور وہی غالب (اور) حکمت والا ہے۔
اور اگر اللہ (کی یہ سنت ہوتی کہ وہ) لوگوں کو ان کے (ارتکاب) ظلم پر (فوراً) پکڑ لیتا (اور توبہ کے لئے مہلت نہ دیتا) تو وہ اس (زمین) پر کسی جاندار کو (زندہ) نہ چھوڑتا مگر (اس کی یہ سنت ہے کہ) وہ (اصلاح کے لئے) انہیں ایک معین وقت تک مہلت دیتا (چلا جاتا) ہے۔ پھر جب ان (کی سزا) کا وقت آجاتا ہے تو وہ نہ تو ایک گھڑی پیچھے رہ کر (بچ) سکتے ہیں اور نہ (اس سے) آگے نکل (کر بچ) سکتے ہیں۔
اور وہ اللہ کے لئے وہ چیز تجویز کرتے ہیں جسے وہ (خود اپنے لئے) ناپسند کرتے ہیں اور ان کی زبانیں (بڑی جرات سے کام لیکر یہ) جھوٹ بولتی ہیں کہ انہیں ضرور بھلائی مل کر رہے گی (مگر یہ) اٹل بات ہے کہ ان کے لئے (دوزخ کی) آگ (کا عذاب مقدر) ہے اور یہ کہ انہیں (اس میں) چھوڑ دیا جائے گا۔
اللہ کی قسم ہم نے تجھ سے پہلے کی تمام امتوں کی طرف رسول بھیجے تھے۔ پھر انہیں شیطان نے ان کے (بد) اعمال خوبصورت کرکے دکھائے، سو آج وہی ان کا آقا (بنا ہوا) ہے اور (وہ اس کے پیچھے جا رہے ہیں) ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔
اور ہم نے اس کتاب کو تجھ پر اسی لئے اتارا ہے کہ جس بات کے متعلق انہوں نے (باہم) اختلاف (پیدا) کر لیا ہے اس (کی اصل حقیقت) کو تو ان پر روشن کرے۔ اور (نیز) جو (اس پر) ایمان لائیں ان کے لئے یہ (کتاب) ہدایت اور رحمت (کا موجب) ہو۔
اور اللہ نے (ہی) آسمان سے پانی اتارا ہے اور اس کے ذریعہ سے اس نے زمین کو اس کے مردہ ہو چکنے کے بعد (ازسرنو) زندہ کیا ہے جو لوگ (حق بات کو) سنتے (اور اسے قبول کرنے کے لئے تیار ہوتے) ہیں ان کے لئے اس میں یقیناً ایک (بہت بڑا) نشان (پایا جاتا) ہے۔
اور تمہارے لئے چارپایوں میں (بھی) یقیناً نصیحت حاصل کرنے کا ذریعہ (موجود) ہے (کیا تم دیکھتے نہیں کہ) جو کچھ ان کے پیٹوں میں (گند وغیرہ بھرا) ہوتا ہے اس میں سے یعنی گوبر اور خون کے درمیان سے ہم تمہیں پینے کے لئے (پاک اور) صاف دودھ (مہیا کر) دیتے ہیں، جو پینے والوں کے لئے خوشگوار (اور) گلے سے آسانی سے اُترنے والا (ہوتا) ہے۔
اور کھجوروں کے پھلوں اور انگوروں سے تم شراب (بھی) بناتے ہو اور اچھا رزق (بھی)۔ جو لوگ عقل سے کام لیتے ہیں ان کے لئے اس میں یقیناً ایک (بڑا) نشان پایا جاتا ہے۔
اور تیرے رب نے شہد کی مکھی کی طرف وحی کی کہ تو پہاڑوں میں اور درختوں میں اور جو (انگوروں وغیرہ کے لئے لوگ) ٹٹیاں بنا لیتے ہیں ان میں (اپنے) گھر بنا۔
پھر ہر قسم کے پھلوں میں سے (تھوڑا تھوڑا لے کر) کھا اور اپنے رب کے (بتائے ہوئے) طریقوں پر جو (تیرے لئے) آسان (کئے گئے) ہیں چل۔ ان (مکھیوں) کے پیٹوں سے (تمہارے) پینے کی ایک[1] چیز نکلتی ہے جو مختلف رنگوں کی ہوتی ہے (اور) اس میں لوگوں کے لئے شفا (کی خاصیت رکھی گئی) ہے۔ جو لوگ سوچ (اور فکر) سے کام لیتے ہیں۔ ان کے لئے اس میں یقیناً کئی نشان (پائے جاتے) ہیں۔
[1] یعنی شہد۔
اور اللہ نے تمہیں پیدا کیا ہے، پھر وہ تمہاری روحیں قبض کرتا ہے اور تم میں سے بعض (آدمی) ایسے بھی ہوتے ہیں کہ وہ عمر کی بدترین حالت کی طرف لوٹا دئے جاتے ہیں جس کے نتیجہ میں وہ علم (والے ہونے) کے بعد (پھر) بے علم ہو جاتے ہیں۔ اللہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) ہر بات پر پورا (پورا) قادر ہے۔
اور اللہ نے تم میں سے بعض کو بعض سے رزق میں بڑھایا ہوا ہے اور جن لوگوں کو فضیلت دی گئی ہے وہ اپنا (مقبوضہ) رزق (کسی صورت میں بھی) ان کی طرف جن پر ان کے داہنے ہاتھ قابض ہیں لوٹانے والے نہیں جس کا نتیجہ یہ ہو کہ وہ اس میں برابر (کے حصہ دار) ہو جائیں۔ پھر کیا وہ (اس حقیقت کو جاننے کے باوجود) اللہ کی نعمت کا انکار کرتے ہیں۔